Inquilab Logo

وزیرداخلہ امیت شاہ کی یقین دہانی،مرکز کا ذات پر مبنی مردم شماری میں رکاوٹیں ڈالنے کا کوئی ارادہ نہیں

Updated: December 12, 2023, 9:27 AM IST | Agency | New Delhi/ Patna

بہار میں منعقدہ مشرقی علاقائی کونسل کی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے دعویٰ کیا کہ ہماری پارٹی نے بہار میں اس سروے کی حمایت کی تھی اور بعد میں گورنر نے متعلقہ بل کو منظوری بھی دی۔

Amit Shah and Nitish Kumar during the event. Photo: INN
تقریب کے دوران امیت شاہ اورنتیش کمار۔ تصویر : آئی این این

مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نےدعویٰ کیا کہ مرکزی حکومت کا ذات پر مبنی مردم شماری میں رکاوٹیں پیدا کرنے کا کبھی کوئی ارادہ نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ جس وقت ان کی پارٹی بہار کے اقتدار میں شراکت دار تھی تو اس نے ذات پر مبنی مردم شماری کی حمایت کی تھی اورریاستی گورنر نے بھی اس بل کو اپنی منظوری دی تھی۔وزیرداخلہ نے گورنر کے دستخط کو بھی اپنی پارٹی اوراپنی حکومت کی پالیسی کا حصہ قرار دیا۔
امیت شاہ نے یہ دعویٰ اتوار کو بہار کی راجدھانی پٹنہ میں مشرقی علاقائی کونسل کی۲۶؍ویں میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار اور جھارکھنڈ، ادیشہ، مغربی بنگال اور بہار کے سینئر وزراء بھی موجود تھے۔ ان تمام  نے اس میٹنگ میں شرکت کی تھی۔ کونسل کی اس میٹنگ میں انٹر اسٹیٹ کونسل کے سیکریٹری، رکن ممالک کے چیف سیکریٹریز اور ریاستی حکومتوں اور مرکزی وزارتوں اور محکموں کے سینئر افسران نے بھی شرکت کی تھی۔
امیت شاہ نے بہار میں کئے گئے ذات پر مبنی سروے کے بارے میں کہا کہ جب بہار میں ان کی پارٹی اقتدار میں تھی تو اس نے نہ صرف ذات پر مبنی سروے کی حمایت کی تھی بلکہ گورنر نے بھی متعلقہ بل کو منظوری دی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ذات پر مبنی مردم شماری سے متعلق کچھ مسائل ہیں، جس کے تئیں امید ہے کہ ریاستی حکومت انہیں حل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ مرکزکا  اس سروے میں رکاوٹیں پیدا کرنے کا کبھی کوئی ارادہ نہیں تھا، آئندہ  ایسا کوئی ارادہ نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ مشرقی خطے نے پورے ملک کی صنعتی ترقی کی بنیاد رکھی ہے۔ اس خطے کے بہت سے  لوگوں نے آزادی سے پہلے اور بعد میں ملک کی تعمیر نو میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ یہ خطہ معدنی وسائل اور پانی سے مالا مال ہے اور مشرقی ریاستیں جیسے بہار، ادیشہ، جھارکھنڈ اور مغربی بنگال پورے ملک کی ضروریات کیلئے تقریباً تمام معدنی وسائل مہیا کرتی ہیں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ تعاون پر مبنی وفاق کے جذبے کو تقویت دینے کیلئے حکومت کی طرف سے دیئے گئے ویژن کو گزشتہ ۹؍ برسوں میں نافذ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقائی کونسل کی میٹنگوںمیں۱۱۵۷؍ مسائل حل ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علاقائی کونسل کی میٹنگوں میں سیاسی معاملات پر اختلافات کو بھلا کر معاملات کو اعتدال سے حل کرنے کی کوشش کی گئی۔ علاقائی کونسل کےاجلاس کے ایجنڈے میں قومی اہمیت کے کئی امور بھی شامل کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میٹنگ میں کان کنی،  مرکزی مالی امداد، بنیادی سہولیات کی تعمیر، زمین کے حصول اور زمین کی منتقلی، پانی کی تقسیم، براہ راست بینیفٹ ٹرانسفر اسکیم کے نفاذ، ریاست کی تنظیم نو اور علاقائی سطح پر باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔  انہوں نے کہا کہ آج کی میٹنگ میں کل۲۱؍ معاملات پر بات چیت کی گئی۔امیت شاہ نے کہا کہ میٹنگ میں۴؍ ریاستوں بہار، جھارکھنڈ، مغربی بنگال اور ادیشہ نے کئی اہم معاملات میں اچھی تجاویز پیش کیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK