Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہرمز معاملہ: سلامتی کونسل میں آج ووٹنگ، ایران کا انتباہ

Updated: April 04, 2026, 10:44 AM IST | New York

بحرین نے جی سی سی کی حمایت سے قرار داد پیش کی،  آبنائے ہرمز کھلوانے اور بحری جہازوں  کو حملوں  سے بچانے کیلئے دفاعی طاقت کے استعمال کی تجویز۔

The map shows the narrow passage of the Strait of Hormuz, which Iran has closed in protest. Photo: INN
نقشے پر آبنائے ہرمز کا وہ تنگ راستہ دیکھا جاسکتا ہے، جسے ایران نے احتجاجاً بند کررکھا ہے۔ تصویر: آئی این این

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل آج(سنیچر) کو بحرین کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد کے مسودے پر ووٹنگ کرائے گی جس کا مقصد آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں کو ایرانی حملوں سے بچانے کیلئے ’دفاعی‘ طاقت کے استعمال کی اجازت دینا ہے۔ امریکہ اور اسرائیل کے حملوں کے جواب میں ایران نے اہم سمندری راستے پر ایسی سخت گرفت قائم کر لی ہے کہ وہاں سے جہازوں کا گزرنا مشکل ہو گیا ہے، اس وجہ سے تیل اور ایندھن کی سپلائی متاثر اور دنیا کی معیشت میں بے چینی اور ہلچل مچ گئی۔ 
اقوام متحدہ میں بحرین کے سفیر جمال الرویعی نے کہا کہ ہم اپنے خطے اور دنیا کو متاثر کرنے والی معاشی دہشت گردی کو قبول نہیں کر سکتے، پوری دنیا ان حالات سے متاثر ہو رہی ہے، قرارداد کا متن جو کئی ترامیم کے مراحل سے گزرا ہے اور جسے امریکا کی حمایت حاصل ہے، ایک نازک موڑ پر سامنے آیا ہے۔ 
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ کسی بھی قسم کی اشتعال انگیزی صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا دے گی، سلامتی کونسل میں بھی اشتعال انگیز اقدامات سے گریز کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ جارح قوتوں اور حامیوں کے اقدامات کشیدگی میں اضافہ کریں گے، معاملات کو مزید بگاڑنے کے بجائے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا جائے۔ 

یہ بھی پڑھئے: ایران نے موساد کا صدر دفتر اُڑادیا

خیال رہے کہ بحرین نے، خلیج تعاون کونسل(جی سی سی )اور اردن کی حمایت سے، آبنائے ہرمز سے متعلق ایک قرارداد سلامتی کونسل میں پیش کی ہے، جس پر سنیچر کے روز۱۵؍رکنی سلامتی کونسل میں ووٹنگ ہوگی۔ بحرین اس وقت اپریل کے مہینے کے لیے سلامتی کونسل کا صدر ہے۔ قرارداد کے ابتدائی مسودے میں ایسی شق شامل تھی جس کے تحت ممالک کو آبنائے ہرمز، خلیج اور خلیجِ عمان میں اہم آبی گزرگاہ پر آمد و رفت یقینی بنانے کے لیے "تمام ضروری اقدامات" استعمال کرنے کی اجازت دی جا سکتی تھی۔ تاہم ویٹو کا اختیار رکھنے والے مستقل اراکین روس، چین اور فرانس نے طاقت کے استعمال کی منظوری کی مخالفت کی ہے۔ اب حتمی مسودے میں یہ الفاظ شامل کیے گئے ہیں کہ ممالک کو آمد و رفت کو یقینی بنانے کے لیے صرف دفاعی اقدامات کرنے کی اجازت ہوگی۔ سلامتی کونسل کو اصل میں جمعہ کے روز اس قرارداد پر ووٹنگ کرنی تھی، لیکن’گڈ فرائی ڈے‘کے موقع پر اقوامِ متحدہ کا ہیڈکوارٹر بند تھا۔ اب ووٹنگ سنیچر کو (آج) مقامی وقت کے مطابق صبح۱۱؍ بجے مقرر کی گئی ہے۔ 
ہم آبنائے ہرمز کھولنے اور تیل پر قبضے سے دولت کمائیں گے :ٹرمپ 
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ان کا ملک مزید وقت ملنے پر آبنائے ہرمز کو کھولنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ یہ بیان ان کی انتظامیہ پر ایران کے ساتھ جنگ کے فوری خاتمے کے لیے بڑھتے ہوئے دباؤ کے تناظر میں سامنے آیا ہے۔ انہوں نے آج جمعے کے روز اپنی سوشل میڈیا سائٹ ٹروتھ سوشل پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ ’’مزید وقت کے ساتھ، ہم آسانی سے آبنائے ہرمز کھول سکتے ہیں، تیل حاصل کر سکتے ہیں اور دولت کما سکتے ہیں۔ ‘‘
آبنائے ہرمز کیوں اہمیت رکھتی ہے؟
آبنائے ہرمز ایک تنگ سمندری راستہ ہے جس کے ذریعے دنیا کے تقریباً۲۰؍ فیصد تیل اور گیس کی ترسیل ہوتی ہے۔ خلیجی خطے کے بڑے تیل اور گیس برآمد کرنے والے ممالک اپنی سپلائی عالمی منڈیوں تک پہنچانے کیلئے اسی راستے پر انحصار کرتے ہیں، جبکہ درآمد کرنے والے ممالک اس کی بلا تعطل فعالیت پر منحصر ہوتے ہیں۔ یہ آبنائے خلیج میں داخل ہونے کا واحد سمندری راستہ ہے۔ ایک جانب ایران واقع ہے، جبکہ دوسری جانب عمان اور متحدہ عرب امارات(یواے ای) ہیں۔ یہ خلیج کو خلیجِ عمان اور بحیرۂ عرب (بحرِ ہند) سے ملاتی ہے۔ ایران کی جانب سے اس آبی گزرگاہ کی عملی ناکہ بندی نے عالمی توانائی بحران کو جنم دیا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK