وویک اگروال اپنے اہل خانہ کے ساتھ دہلی میں والد کی عیادت کیلئے آئے تھے اوراسی ہوٹل میں ٹھہرے تھے جس میں آگ لگی۔
EPAPER
Updated: June 05, 2026, 9:55 AM IST | New Delhi
وویک اگروال اپنے اہل خانہ کے ساتھ دہلی میں والد کی عیادت کیلئے آئے تھے اوراسی ہوٹل میں ٹھہرے تھے جس میں آگ لگی۔
دہلی کے مالویہ نگرہوٹل آتشزدگی سانحہ نے ایک خاندان کے ان ۸؍ افراد کی زندگی بھی ختم کردی جو ایک بیمار فردکی عیادت اور ان کے ساتھ کچھ وقت گزارنے کیلئے گروگرام سے دہلی آئے تھے ۔گروگرام کے رہنے والے چارٹرڈ اکاؤنٹینٹ وویک اگروال اپنے والد کو دیکھنے دہلی پہنچے تھے۔ ان کے والد پھیپھڑوں کے شدید انفیکشن میں مبتلا ہیں اور میکس اسپتال میں داخل ہیں۔ خاندان کو امید تھی کہ بیماری سے لڑ رہے والد کو اپنوں کا ساتھ ملے گا، ان کی ہمت بڑھے گی اور شاید صحت میں بھی بہتری ہوگی لیکن قسمت میں کچھ اور ہی لکھا تھا۔ جس خاندان نے اسپتال کے کمرے میں اپنے بزرگ والد کا ہاتھ تھامنے کا منصوبہ بنایا تھا، وہ کچھ گھنٹوں بعد اس ہوٹل میں جہاں وہ ٹھہرا تھا، آگ کی لپٹوں کی نذر ہوگیا ۔ رپورٹس کے مطابق وویک اگروال اپنی اہلیہ، ۲؍ بیٹیوں اور ماں کے ساتھ دہلی آئے تھے۔ اسپتال کے نزدیک رہنے کی سہولت کے لئے خاندان نے مالویہ نگر کے اس ہوٹل میں کمرہ لیا تھا جہاں بعد میں شدید آگ لگ گئی۔ اسی دوران وویک اگروال کے خالو، خالہ اور ایک دیگر رشتہ دار بھی بیمار والد کی عیادت کرنے دہلی پہنچے۔ انہوں نے بھی اسی ہوٹل میں ٹھہرنے کا فیصلہ کیا۔ کسی نے نہیں سوچا تھا کہ وہ فیصلہ ان کی زندگی کی آخری منزل بن جائے گی۔ رات معمول کے مطابق تھی، خاند ان اگلے روز اسپتال جانے کی تیاری میں تھا۔ لیکن اچانک ہوٹل میں آگ بھڑک اٹھی۔ کچھ ہی منٹوں میں پوری عمارت دھوئیں اور آگ کی زد میں آ گئی۔ جو عمارت مسافروں کے قیام کی جگہ تھی وہ دیکھتے ہیں دیکھتے موت کا جال بن گئی۔اسپتال میں زیر علاج والد کو اب بھی اپنے بیٹے،بہواورپوتے پوتیوں کا انتظارہوگا!