Inquilab Logo Happiest Places to Work

میں وزیراعلیٰ کی پریس کانفرنس میں بطور صحافی جائوں گا: سنجے رائوت

Updated: September 16, 2023, 9:02 AM IST | Mumbai

شیوسینا ترجمان کابینہ میٹنگ کیلئے اورنگ آباد جائیں گے، میٹنگ کے بعد پریس کانفرنس میں حصہ لینے کا اعلان

Sanjay Raut is a journalist by profession and editor of Samaana (file photo).
سنجے رائوت پیشے سے صحافی ہیں اور سامنا کے ایڈیٹر ہیں (فائل فوٹو)

شیوسینا کے ترجمان سنجے رائوت آج اورنگ آباد میں ایک صحافی کے طور پر نظرآئیں گے۔ یاد رہے کہ مراٹھواڑہ مکتی سنگرام کے موقع پر کوئی ۷؍ سال بعد روایتی کابینہ میٹنگ ہونے جا رہی ہے۔ اس موقع ایکناتھ شندے پریس کانفرنس بھی منعقد کریں گے جس میں صحافیوںکے سوالات کے جواب دیں گے۔ شیوسینا لیڈر سنجے رائوت نے اعلان کیا ہے کہ وہ ایکناتھ شندے کی پریس کانفرنس میں جائیں گے اور ان سے سوالات بھی کریں گے۔ 
 اگر جو کچھ سنجے رائوت نے کہا ہے اگر وہ سچ مچ کرگزرے تو کابینہ میٹنگ سے زیادہ سرخیاں وزیر اعلیٰ کی پریس کانفرنس کے حصے میں آئیں گی۔ سنجے رائوت کا کہنا ہے کہ ’’ کل کابینہ کی میٹنگ ہے۔اس کیلئے ہم رکیں گے۔ میٹنگ ۳؍ گھنٹے کی ہے۔  اس کےبعد وزیر اعلیٰ صحافیوں سے بات کریں گے۔ تب ہم بھی ان سے بات کریں گے۔‘‘ رائوت نے کہا ’’آپ( وزیراعلیٰ) کتنا جھوٹ بول سکتے ہیں یہ ہمیں دیکھنا ہے۔ موقع ملا تو ہم اس پریس کانفرنس میں حاضر رہیں گے۔ آمنے   سامنے سوال کریں گے۔‘‘ یاد رہے کہ پیشے سے سنجےرائوت بھی صحافی ہیں اور شیوسینا کے ترجمان اخبار ’سامنا ‘ کے ایڈیٹر ہیں۔ لیکن اصل سوال یہ ہے کہ کیا انہیں اس پریس کانفرنس میں داخل ہونے کی اجازت ہوگی؟ 
 سنجے رائوت کا کہنا ہے کہ’’ ہم بھی صحافی ہیں۔ اگر پولیس نے ہمیں روکا نہیں تو ہم ضرور پریس کانفرنس میں جائیں گے۔ میں خود جائوں گا۔‘‘  انہوں نے کہا ’’ اگر آپ کے ہاتھ میں قانون کی بندوق ہے۔ اگر آپ نے روکا نہیں تو میں ضرور جائوں گا۔ اور وزیر اعلیٰ سے بطور صحافی سوال کروں گا۔‘‘   سنجے رائوت نے کہا ’’ جب دیویندر فرنویس وزیر اعلیٰ تھے تو انہوں نےمراٹھواڑہ کیلئے ۵۰؍ ہزار روپے کے پیکیج کا اعلان کیا تھا۔ اب وہ نائب وزیراعلیٰ کے طور پر وہاں جا رہے ہیں۔  ان کا عہدہ بدل گیا ہے باقی مراٹھواڑہ جیسا تھا ویسا ہی ہے ۔ وہاں کچھ نہیں بدلا ہے۔ 
 یاد رہے کہ اورنگ آباد میں یوں بھی کئی ممکنہ احتجاج کے سبب پولیس کا بندوبست سخت ہے۔ چپے چپے پر جوانوں کو تعینات کیا گیا ہے۔ نیز دیگر اقدامات کئے گئے ہیں۔ مراٹھا ریزرویشن کی حمایت اور اسکی مخالفت دونوں ہی طرح کے احتجاج یہاں دکھائی دے سکتے ہیں۔ اب  دیکھنایہ ہے کہ کیا سنجے رائوت کو پریس کانفرنس میں حاضر ہونے کی اجازت دی جاتی ہے یا نہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK