• Fri, 08 December, 2023
  • EPAPER

دھاراوی میں ’شہید ویر عبدالحمید پارک‘ کا افتتاح

Updated: October 05, 2020, 9:03 AM IST | Kazim Shaikh | Dharavi

میونسپل کارپوریشن کے ذریعہ ۲؍ کروڑ روپے کی لاگت سے تیار کئے جانے والے پارک کا افتتاح سپریا سُلے نے کیا

Supriya Sule
ممبر آف پارلیمنٹ سپریہ سُلے ’شہید ویر عبدالحمید پارک‘ کا افتتاح کرتےہوئے۔

 ایشیاء کی سب سے بڑی جھوپڑپٹی دھاراوی کے ڈیولپمنٹ کا موضوع ہمیشہ الیکشن آتے ہی زور پکڑ لیتا ہے اور دھاراوی کے ڈیولپمنٹ کیلئے  ہر الیکشن کے مو قع پر بڑے بڑے دعوے کئے جاتے ہیں لیکن الیکشن ختم ہوتے ہی مقامی لیڈروں کے علاوہ حکومت بھی دھاراوی ڈیولپمنٹ کو ٹھنڈے بستے میں ڈال دیتی ہے ۔ البتہ دھاراوی کے علاقے میں کئی ایسے نمائندے ہیں جو اپنی جدوجہد اور کوشش سے دھاراوی کی ترقی کیلئے ہمیشہ کچھ نہ کچھ  کام کرتے رہتے ہیں ۔  
 دھاراوی کے علاقے میں واقع وارڈ نمبر ۱۸۸؍ کی کارپوریٹر ریشماں بانو وکیل شیخ نے ممبئی میونسپل کارپوریشن کے ذریعہ۱۹؍ ہزار اسکوائر میٹر   پر’شہید ویر عبدالحمید پارک ‘کے نام سے نہ صرف گارڈن منظور کروایا بلکہ اس میں تقریباً ۲؍ کروڑ روپے کی لاگت سے طلبہ کیلئے اسٹڈی کارنر، معمر خواتین کیلئے پارک کے اندربیٹھنے کا خصوصی انتظام،  چہل قدمی کیلئے پاتھ وے ، باسکٹ بال اور بیٹ منٹن کورٹ ،بچوں کے کھیلنے کودنےکیلئے بھی    انتظامات کئے  گئے ہیں ۔ 
 دھاراوی کے مین روڈ کے ابھیودے بینک سے قریب واقع  ڈبلیوآئی ٹی کے نام سے ایک بڑا گراؤنڈ تھا جس میں کئی سال پہلے کوڑا کرکٹ پھینکا جاتا تھا ۔ اسی دھاراوی کے علاقے  میں اس سے پہلے   وکیل شیخ کارپوریٹر چن کر آئے تو انھوں نے  اس کی صفائی کرتے ہوئے تقریباً ۷؍ برس پہلے  ڈبلیو آئی ٹی نام سے گارڈن بنایا تھا ۔  دوسری بار کارپوریٹر   ریشماں بانو  وکیل شیخ نےاس گارڈن  کا نام میونسپل کارپوریشن کے ذریعہ’ شہید  ویر عبدالحمید پارک ‘  کے نام  سے منسوب کروایا۔ اس  پارک میں میونسپل کارپوریشن کے ذریعہ تقریباً ۲؍ کروڑ روپے خرچ  کئے گئے ہیں اور یہ گارڈن ممبئی کے خوبصورت گارڈن  میں سے ایک  ہے ۔ 
  کارپوریٹر ریشماں بانو  اور ان کے شوہر وکیل شیخ نے نمائندۂ انقلاب کوبتایا کہ ۱۹۶۵ء میں ہندوستان اور پاکستان کی جنگ کے دوران  شہید ویر عبدالحمید نے پاکستان کی فوجوں پر حملہ کرکے اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر   پاکستان کے ٹینک کو  تباہ وبرباد کردیا تھا ۔ اس لئے ان کی قربانی کو یاد کرتے ہوئے ہم نے ممبئی میونسپل کارپوریشن میں ’شہید ویر عبدالحمید پارک‘ کے نام کی تجویز پیش کر کے اسے منظور بھی کرایا ۔ 
  اتوار کی شام ۷؍بجے این سی پی کی ممبر آف پارلیمنٹ سپریا سلے کے ہاتھوں شہید ویر عبدالحمید پارک کا افتتاح ہوا ۔ اس موقع پر مہاراشٹر کی مہاوکاس اگھاڑی کے وزیر برائے اقلیتی امور نواب ملک اور علاقے کے کئی لیڈران شامل تھے۔ افتتاح کے موقع پر حکومت کے ذریعہ دی گئی گائیڈ لائن کا خاص طور پر دھیان  رکھا گیا ۔ اسی لئے زیادہ بھیڑ بھاڑ سے بچنے کیلئےاس   پارک  میں  بہت مخصوص مہمانوں کو آنے کی دعوت دی گئی تھی ۔ پارک کو بہت ہی خوبصورت انداز میں   سجایا گیا تھا۔دوپہر ۳؍ بجے سے ہی پارک کے باہر پولیس کا بھاری بندوبست لگایا گیا تھا اور بغیر اجازت کسی کو بھی اندر جانے کی اجازت نہیں دی جارہی تھی ۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK