Inquilab Logo

بارش سے موسمی بیماریوں کے معاملات میں اضافہ

Updated: July 21, 2022, 9:49 AM IST | saadat khan | Mumbai

بی ایم سی کے مطابق جون کےمقابلے جولائی میں ملیریا، لیپٹو ، ڈینگو ، گیسٹرواور بالخصوص سوائن فلو کے مریضوںکی تعداد بڑھی ہے ۔ دیگر اضلاع میں بھی سوائن فلوکےکیسزمتواتر بڑھ رہےہیں اورایک مریض کی موت بھی ہوچکی ہے۔ شہری انتظامیہ نے عوام سے احتیاط برتنے کی اپیل کی

The number of people affected by seasonal diseases has increased in this month. (File Photo)
رواں مہینے میں موسمی بیماریوں سے متاثرہ افراد کی تعداد بڑھی ہے۔(فائل فوٹو)

 ممبئی اور اطراف میں موسلادھار بارش کا سلسلہ رک گیا ہے لیکن اس کی وجہ سے موسمی بیماریوں میں اضافہ ہوا ہے جس سے شہری انتظامیہ فکرمند ہے۔میونسپل محکمۂ صحت کے مطابق جون کے مقابلے رواں مہینے میں ملیریا، لیپٹو ، ڈینگو ، گیسٹرو اور بالخصوص سوائن فلو کے کیسز میں اضافہ ہواہے ۔ جون میں سوائن فلوکے ۲؍ کیس درج کئے گئے تھےجبکہ جولائی کے  ۱۵؍ دن میں ۱۱؍ مریض سامنے آئے ہیں ۔  دیگر اضلاع میں بھی سوائن فلوکے کیسز میں اضافہ ہواہے اور ایک مریض کی موت بھی ہوئی ہے۔
  برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی ) کے محکمۂ صحت کے مطابق  جون میں ملیریا کے  ۳۵۰؍ معاملات تھے اوررواں مہینے کے  ۱۷؍دن میں  ۲۴۳؍ معاملات سامنے آئے ہیں ۔ اسی طرح لیپٹو کے ۱۲؍ کیس جون میں سامنے آئے تھے جبکہ ۱۷؍جولائی تک  اس مرض کے ۱۱؍کیس درج کئے گئے ہیں۔ ڈینگو کے ۳۹؍ کیس جون میں تھے اور جولائی کے ۱۷؍ دن میں ۳۳؍ مریض پائے  گئے ہیں ۔ گیسٹرو کے ۵۴۳؍ معاملات  جون میں تھے  اور جولائی کے ۱۷؍دن میں ۳۴۰؍ افراد اس بیماری سے متاثر ہوئے ہیں۔
 مذکورہ موسمی بیماریوںکے مقابلے سوائن فلو کے مریضوں کی تعداد کافی بڑھی ہے۔ جون میں ۲؍مریض سوائن فلوسےمتاثر تھے لیکن رواں مہینے کے ۱۷؍دن میں ۱۱؍ مریض اس کی لپیٹ میں آچکےہیں۔
 ان دنوں شہرو مضافات کے علاوہ ریاست کے دیگر اضلاع میں بھی سوائن فلو کا اثر زیادہ دکھائی دے رہاہے۔ گزشتہ ۱۵؍ دن میں سوائن فلوکے ۳۸؍ مریض پائے گئے ہیں جن میں ۲۲؍ مریضوں کا تعلق پال گھر ضلع سے ہے جبکہ کولہا پور میں ایک مریض کی اس سے موت بھی ہوئی ہے۔ 
  بارش زیادہ ہونے پر موسمی بیماریوں کے مریضوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہورہاہے ، اس کے باوجود بی یم سی کا دعویٰ ہےکہ سبھی موسمی بیماریاں قابومیں ہیں۔ تاہم ان سے محفوظ رہنےکیلئے احتیاط برتنا لازمی ہے۔عوام سے ڈینگواور سوائن فلو سے محفوظ رہنےکی اپیل کی گئی ہےساتھ ہی احتیاطی تدابیر اپنانے کی درخواست کرتے ہوئے بارش کے پانی کو گڑھے وغیرہ میں جمع نہ ہونے دینےکی درخواست کی گئی ہے،یہ بھی کہاگیا ہے کہ  اگر پانی جمع ہوتاہے تو فوراً اسے صاف کرائیں۔شہری انتظامیہ نے مذکورہ بیماریوں کی علامت ظاہر ہوتے ہی ڈاکٹر سے رابطہ کرنےکا مشورہ بھی دیاہے  اور خود علاج کرنے سے منع کیا  ہے ۔
 بی ایم سی کے مطابق  ۷؍سے ۱۷؍جولائی کے درمیان ۷؍لاکھ ۷۸؍ہزار ۷۰۹؍ گھروںکا دورہ کرکے ۹۵؍ہزار ۲۱۸؍ افراد کو موسمی بیماریوں سے حفاظت کی دوا دی گئی ہے۔ اس نے شہریوں سےیہ اپیل بھی کی ہے کہ وہ مچھروں کی افزائش کو روکنےکیلئے ہر ممکن کوشش کریں اور اپنے اطراف کے علاقے کو صاف ستھرا رکھیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK