Inquilab Logo

غربت سے نمٹنے میں ہندوستان کی مثبت پیش رفت، ۱۵؍ برسوں میں ۴۱ء۵؍ کروڑ افراد خط افلاس سے باہر آئے

Updated: July 12, 2023, 12:16 PM IST | New Delhi

عالمی ادارہ نے ۰۶-۲۰۰۵ء سے ۲۱-۲۰۲۰ء تک کی رپورٹ پیش کی، ہندوستان اُن ۲۵؍ ممالک میں شامل جنہوں نے غربت کے کثیرجہتی انڈیکس میں نمایاں پیش رفت درج کی ، کمبوڈیا، چین، کانگو،انڈونیشیا اور مراقش بھی فہرست میں  شامل

India has made significant progress in combating poverty on all fronts.
ہندوستان نے ہر محاذ پرغربت سے نمٹنے میں قابل قدر پیش رفت کی ہے۔

 غربت میں کمی کے  محاذ پر  ہندوستان نے   ۰۶۔۲۰۰۵ء سے ۲۰۔۲۰۲۱ء کے درمیان   قابل قدر پیش رفت کی ہے۔ یہ انکشاف منگل کو جاری کی گئی اقوام متحدہ کی  ایک رپورٹ میں  ہواہے ۔اس کے ساتھ ہی عالمی ادارہ نے ہندوستان اور اُن دیگر ۲۵؍ ممالک کی ستائش کی ہے جنہوں نے غربت کےکثیر جہتی انڈیکس کو نصف  کے قریب پہنچادینے میں کامیابی حاصل کی ہے۔اس فہرست  میں  ہندوستان  کے علاوہ کمبوڈیا،چین، کانگو، ہنڈوراس،  انڈونیشیا، مراقش، سربیا اور ویتنام شامل ہیں۔ 
  ہندوستان    میں غربت کے کثیر جہتی انڈیکس کے ہر محاذ  پر نہ صرف بہتری ریکارڈ کی گئی ہے بلکہ  ۲۰۰۶ء سے ۲۰۲۱ء کے درمیان یعنی ۱۵؍ برسوں میں ۴۱ء۵؍کروڑ افراد خط افلاس سے باہر آئے ہیں۔ اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام   اور آکسفورڈ یونیورسٹی  کے ذریعہ جاری کی گئی مشترکہ رپورٹ کے مطابق  دنیا کی سب سے زیادہ آبادی والے ملک ہندوستان  نے غریبی پر قابو پانے کے معاملے میں قابل قدر پیش رفت کی ہے۔غربت پر قابو پانے میں   ہندوستان سمیت ۲۵؍ ممالک کی پیش رفت کا حوالہ دیتے ہوئے  رپورٹ  میں کہاگیاہے کہ تیز رفتار ترقی ممکن ہے۔ 
 اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام کی مذکورہ رپورٹ کے مطابق’’ہندوستان  میں غربت میں قابل قدر کمی آئی ہے۔ ۱۵؍ برسوں کے عرصے میں۴۱ء۵؍ کروڑ افراد خط افلاس سے باہر آگئے ہیں۔ اس معاملے میں سرفہرست چین رہا جہاں  ۲۰۱۰ء سے ۲۰۱۴ء کے درمیان  ۶؍ کروڑ ۹۰؍ لاکھ افراد غریبی کی سطح سے اوپر اٹھے۔  رپورٹ کے مطابق ہندوستان میں  ۰۶-۲۰۰۵ء میں ہندوستان میں تقریباً ۶۴ء۵؍ کروڑ افراد کثیر جہتی غربت کا سامنا کررہے تھے۔ ۱۶۔۲۰۱۵ء میں یہ تعداد گھٹ کر ۳۷؍ کروڑ پر آگئی اور  ۲۱۔۲۰۱۹ء میں مزید کم ہوکر ۲۳؍ کروڑ پر پہنچ گئی۔ واضح رہے کہ یہ رپورٹ جن  ۱۵؍ برسوں کا احاطہ کرتی ہے ان میں سے ابتدائی ۱۰؍ برس  یو اے پی اے کی حکومت رہی جبکہ بعد کے ۵؍ برسوں  میں مودی کی قیادت میں بی جےپی برسراقتدار رہی۔  رپورٹ کے مطابق ملک میں ۰۶-۲۰۰۵ء  میں ہندوستان میں ۴۴ء۳؍ کروڑ شہری بھکمری کا شکار تھے جن کی تعداد ۲۱۔۲۰۱۹ء  میں گھٹ کر ۱۱ء۸؍فیصد رہ گئی۔ یہ وہ غریب ہیں جو کھانے پینے کو بھی محتاج ہیں۔ اس کے ساتھ ہی رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ ہندوستان  نے  اپریل میں ۱۴۲ء۸۶؍ کروڑ آبادی کے ساتھ آبادی کے معاملے میں چین کو پیچھے چھوڑ دیا اور پوری دنیا میں سب سے زیادہ آبادی والا ملک بن گیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK