Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہندوستان کے دروازے سب کیلئے کھلے ہیں،۹؍آزاد تجارتی معاہدوں کی امید

Updated: June 05, 2026, 2:53 PM IST | New Delhi

مرکزی وزیر تجارت پیوش گوئل کاممبئی میں منعقدہ پروگرام میں غیرملکی سرکایہ کاروں سے خطاب ،چھ ماہ میں ۳؍ ایف ٹی اے طے پانے کا دعویٰ کیا ۔

Piyush Goyal. Photo: INN
پیوش گوئل۔ تصویر: آئی این این

مرکزی وزیر تجارت و صنعت پیوش گوئل نے جمعرات کو کہا کہ ہندوستان کے دروازے تجارتی شراکت داریوں کیلئے کھلے ہیں اور یکم جون سے عمان کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدہ(ایف ٹی اے) نافذ ہونے کے بعد آئندہ ۶؍ ماہ کے دوران مزید ۲؍ سے ۳؍ معاہدے بھی عمل میں آ سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ مشرقِ وسطیٰ کے بحران اور آبنائے ہرمز کے گرد پیدا ہونے والے خطرات کے باوجود حکومت نے ایندھن کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا اور مہنگائی کو قابو میں رکھنے میں کامیابی حاصل کی۔ حکومت کسانوں کو کھاد سابقہ قیمتوں پر فراہم کر رہی ہے، جس کے باعث عالمی منڈی میں قیمتوں میں اضافے کے اثرات کو کم کرنے میں مدد ملی ہے۔

ممبئی میں غیر ملکی سرمایہ کاروں سے خطاب کرتے ہوئے پیوش گوئل نے کہا کہ آنے والے ایک سال میں مزید تین سے چار بڑے آزاد تجارتی معاہدوں پر دستخط کیے جائیں گے، جبکہ اگلے۹؍ سے۱۰؍ ماہ کے دوران پائپ لائن میں موجود تمام۹؍ایف ٹی اے مؤثر ہونے کی توقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کو مینوفیکچرنگ اور سرمایہ کاری کیلئے دنیا کے ایک قابلِ اعتماد متبادل کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق ہندوستان آئندہ دو دہائیوں تک دنیا کی تیز ترین ترقی کرنے والی بڑی معیشت بنا رہے گا۔

یہ بھی پڑھئے: مئی میں ہندوستان میں بجلی کی کھپت ۵۵ء۱۱؍ فیصد بڑھی

مرکزی وزیر نے کہا کہ ہندوستان صرف اسمبلنگ اور درآمد شدہ ٹیکنالوجی پر انحصار کرنے کے بجائے اختراع کا عالمی مرکز بننے کی سمت میں تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ملک ڈیزائن، تحقیق و ترقی ، نئی ٹیکنالوجیز اور مصنوعی ذہانت کے استعمال پر خصوصی توجہ دے رہا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ہندوستان ڈیٹا سینٹرز اور دیگر ابھرتے ہوئے ٹیکنالوجی شعبوں کی ضروریات پوری کرنے کیلئے صاف اور قابلِ تجدید توانائی ) کو بھی فروغ دے رہا ہے۔پیوش گوئل نے مزید کہا کہ ہندوستان نے پہلے ہی اپنے توانائی کے ذرائع میں تنوع پیدا کرنا شروع کر دیا تھا، جس کے باعث موجودہ بحران کے دوران سپلائی میں ممکنہ رکاوٹوں سے نمٹنے میں مدد ملی۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے پٹرول، ڈیزل، ہوابازی کے ایندھن (اے ٹی ایف)، صنعتوں کے لیے ایل این جی اور گھریلو صارفین کیلئے ایل پی جی کی بلا تعطل دستیابی کو یقینی بنایا ہے۔وزیر تجارت کے مطابق عالمی سطح پر مہنگائی اور توانائی کے خطرات میں اضافے کے باوجود حکومت نے ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کو محدود رکھنے میں کامیابی حاصل کی ہے، جس سے معیشت اور عام صارفین دونوں کو فائدہ پہنچا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK