Inquilab Logo

مرکزی حکومت کو’ کمیونٹی کچن ‘کیلئے ماڈل اسکیم تیار کرنے کی ہدایات

Updated: January 19, 2022, 9:16 AM IST | new Delhi

بھوک اور ناقص تغذیے کے سبب ہونے والی اموات کا ڈیٹا نہ ہونے پر سپریم کورٹ نے مودی سرکار کی سرزنش کی

Supreme Court
سپریم کورٹ

: سپریم کورٹ نے مرکزی حکومت کو بھوک اور ناقص تغذیہ سے نمٹنے کے لیے کمیونٹی کچن کی ایک ماڈل اسکیم تیار کرنے کی ہدایت دیتے ہوئےکئی باتوں پر اس کی سخت سرزنش بھی کی ۔  سپریم کورٹ نے کہا کہ ماڈل اسکیم تیار کرنے کے بعد  ریاستی حکومتوں پر اسے اپنی مقامی ضرورت   کے مطابق  نافذ کرنے کے لئے  دے دینا چاہئے ۔ چیف جسٹس این  وی رامنا کی سربراہی والی بینچ نے بھوک اور ناقص تغذیہ کے پیش نظر غذائیت سے بھرپور کھانا دستیاب کرانے کے  لئےملک بھر میں سبسیڈی والی کینٹین قائم کرنے کا مطالبہ کرنے والی مفاد عامہ کی عرضی پرسماعت کے دوران حکومت سے ماڈل اسکیم تیار کرنے کو کہا ۔سپریم کورٹ نے کرناٹک حکومت کی جانب سے شروع کی گئی ’اندرا کینٹین‘ اسکیم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ریاستوں کو کھانے پینے کے مقامی کلچر کے مطابق ماڈل اسکیم میں تبدیلی کرنا پڑسکتی ہے ۔ ماڈل تیار کرتے وقت اس بات کو بھی مدنظر رکھنا چاہئے۔ 
 اٹارنی جنرل کے کے وینوگوپال نے بینچ کے سامنے کہا کہ ریاستوں کی جانب سے بھوک سے کسی کی موت کی اطلاع نہیں دی گئی ہے، ساتھ ہی انہوں نے کمیونٹی کچن کیلئے فنڈس کی کمی کا عذر بھی پیش کیا جس پر چیف جسٹس کی بینچ نے سخت ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ریاستوں نے بھکمری کی وجہ سے کسی کی موت کی اطلاع نہیں دی ہے توکیا اس پر آنکھ بند کرکے اعتبار کرلیا جانا چاہئے۔ کیا اس معاملے میں ریاستوں کی اطلاعات قابل اعتبار ہو سکتی ہیں؟بینچ نے  مرکز کے ساتھ ساتھ ریاستوں کو   ناقص تغذیہ اور بھکمری سے ہونے والی اموات پر دو ہفتوں کے اندراپنا جواب داخل کرنے کو کہا ہے۔بینچ نے اٹارنی جنرل سے کہا کہ مرکز کو بھکمری سے ہونے والی اموات کے تازہ ترین اعداد و شمار فراہم کرنے چاہئیں۔ بینچ نے یہ سوال بھی کیا کہ انتخابات کے دوران مفت تحائف دینے کا اعلان کرنے والی سیاسی جماعتوں نے بھوک اور  ناقص تغذیہ کے خلاف کچھ کیوں نہیں کیا ۔    

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK