• Mon, 12 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

امریکی دھمکیوں پر ایران کا انتباہ، اسرائیل ہائی الرٹ

Updated: January 12, 2026, 9:44 AM IST | Agency | Washington/Tehran

کسی بھی وقت حملے کے اندیشوں کے بیچ تہران نے واشنگٹن کو آگاہ کیا کہ اگر حملے کی غلطی کی تو جواب میں تل ابیب اور مشرق وسطیٰ میں امریکی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جائیگا۔

This image of a protest in Iran was released by the news agency `AP`, which was taken from a video. Picture: INN
ایران میں مظاہرے کی یہ تصویر خبر رساں ایجنسی ’اے پی‘ نے جاری کی ہے جو ویڈیو سے لی گئی ہے۔ تصویر: آئی این این
 ایران میں حکومت مخالف مظاہروں کو جواز بنا کر حملےا ور تختہ پلٹنے کی امریکی  سازش    پر تہران  نے واشنگٹن کو اتوار کو سخت وارننگ دی ہے کہ اگر تہران  پر حملے کی جرأت کی گئی تو اسرائیل اور مشرق وسطیٰ میں امریکہ کے تمام فوجی ٹھکانے نشانہ بنائے جائیں گے۔ اس کے ساتھ ہی ایران کے صدر مسعود پیزشکیان نے ملک میں  جاری مظاہروں کو ’’فساد اور بدامنی ‘‘قرار دیتے ہوئے اس کیلئے بھی امریکہ کو ہی ذمہ دار ٹھہرایا۔ ا س بیچ ۲۸؍ دسمبر کو شروع ہونے والے مظاہروں  میں  ہر گزرتے دن کے ساتھ شدت آتی جارہی ہے۔  ایرانی صدر  نے عوام کومتحد اور مظاہروں سے دور رہنے کی تلقین کرتے ہوئے مظاہرین سے سختی سے نمٹنے کااعلان کیا ہے۔  اس دوران  مغربی میڈیا نے ایران میں مظاہروں  میں  ہلاکتوں  کے تعلق سے متضاد خبریں دی ہیں۔کہیں یہ تعداد ۱۱۶؍ بتائی گئی ہے توکہیں  ۲۰۰؍ سے تجاوز کرجانے کا دعویٰ کیا ہے۔ مظاہرین کے حوالے سے جو خبریں آئی ہیں ان میں مہلوکین کی تعداد  ۵۳۸؍ ہوجانے کا دعویٰ کیاگیاہے۔اس بیچ تہران نے اطلاع دی ہے کہ احتجاج پر قابو پانے کی کوشش کے دوران مظاہرین  نے کم از کم ۱۰۰؍ پولیس اہلکاروں کو شہید کیا ہے۔ 
 ایران پر حملے کا منصوبہ تیار، ٹرمپ کو پیش کیاگیا
اتوار کو نیویارک ٹائمز نے اپنی ایک خبر میں دعویٰ کیا ہے کہ ایران پر حملے کیلئے منصوبہ تیار ہوگیاہے جسے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے سامنے پیش کردیا گیاہے۔ان کی منظوری ملتے ہی اس پر عمل درآمد بھی ہوسکتاہے۔ اخبار کے مطابق امریکی انتظامیہ اس بات پر سنجیدگی سے غور کررہی ہے کہ اگر ایرانی حکومت مظاہرین    کے خلاف ’’ظالمانہ کارروائی‘‘ کرتی ہے تو اس پر حملہ کردیا جائے۔  یاد رہے کہ سنیچر کو ٹرمپ نے ایران میں تختہ پلٹ کا اشارہ دیتے ہوئے  پوسٹ کیاتھا کہ ’’ایران آزادی کی طرف دیکھ رہا ہے، جو پہلے کبھی نہیں ہوا۔ امریکہ مدد کیلئے تیار ہے۔ ‘‘
ایران میں حالات  میں بہتری : الجزیرہ
 حالانکہ مغربی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ ایران میں مظاہرے پورے ملک میں پھیل گئے ہیں اور حکومت ان پر قابو پانے میں  ناکام ہے تاہم الجزیرہ کیلئے  تہران سے رپورٹنگ کرنے والے توحید اسعدی نے بتایا ہے کہ ’’آج حالات نسبتاً بہتر ہیں۔‘‘ا س کے ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ حکومت مخالف مظاہرے کے جواب میں ملک میں حکومت حامی مظاہرے بھی ہورہے ہیں۔ اسعدی کے مطابق پیر کو اس طرح کے کئی بڑے مظاہرے ہونے  ہیں جبکہ گزشتہ کئی دنوں  سے  ہم دیکھ رہے ہیں کہ ان مساجد  اور علاقوں   میں جنہیں  مظاہرین نےنشانہ بنایا ہے، لوگوں  کی بھیڑ اکٹھا ہورہی ہےا ور یہ پیغام دیا  جارہاہے کہ عوام کی اکثریت حکومت کے ساتھ ہے۔ ایران میں چونکہ انٹرنیٹ بند اور فون لائنیں منقطع  ہیں اس لئے  بیرون ملک سے مظاہروں کی صورتحال کا اندازہ لگانا مشکل  ہے۔  یہی وجہ ہے کہ ایران کی صورتحال پر مغربی میڈیا کے دعووں پر پوری طرح سے بھروسہ نہیں کیا جاسکتا۔
 ایرانی پارلیمنٹ میں امریکہ مردہ بات کے نعرے
اُدھر ایران کی  پارلیمنٹ  میں امریکہ اوراسرائیل  مردہ باد (مرگ بر امریکہ اور مرگ بر اسرائیل )  کے نعرے لگے۔  اسپیکر نے  ڈونالڈ ٹرمپ کی دھمکیوں  کے حوالے سے خبردار کیا ہے کہ  اگر واشنگٹن نے  اسلامی جمہوریہ  پر حملہ کی غلطی کی تو  امریکی فوج اور اسرائیل  تہران کا ’’جائز  ہدف‘‘ہوں گے۔ واضح رہے کہ مشرق وسطیٰ میں کئی عرب ممالک میں امریکی فوجی اڈے ہیں۔ ایران کی اس دھمکی کے بعد مذکورہ ممالک کی جانب سے امریکہ پر ایران کو نشانہ نہ بنانے کا دباؤ بڑھ جائے گا۔ 
 اسرائیل اور امریکہ خوابوں کی دنیا میں ہیں: عراقچی
 ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکہ اور اسرائیل پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک زمینی حقائق کے بجائے خوش فہمیوں میں مبتلا ہیں اور یہ سمجھ رہے ہیں کہ خطے میں آگ بھڑکانے کے باوجود وہ خود محفوظ رہیں گے۔ایرانی وزیر  نے کہا ہے کہ درحقیقت اسرائیل اور امریکہ خوابوں کی دنیا میں رہ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ یہ گمان کر رہے ہیں کہ جلاؤ گھیراؤ کی آگ بھڑکانے والے خود اس کے اثرات سے محفوظ رہیں گے، جو حقیقت کے بالکل برعکس ہے۔عباس عراقچی نے امریکہ کے سابق وزیر خارجہ اور سی آئی اے کے سابق سربراہ مائیک پومپیو کے حالیہ بیان کو شرمناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے واشنگٹن اور تل ابیب کے اصل عزائم کھل کر سامنے آتے ہیں۔  
   اسرائیل میں ہائی الرٹ
اسرائیل جو غزہ جنگ کے دوران ایران سے ۱۲؍ روزہ جنگ میں بہت کچھ کھو چکاہے، حالات کو دیکھتے ہوئے الرٹ ہوگیا ہے۔ ایران کے حملے سے بچنے کیلئے اس نے اپنے دفاعی نظام کو ہائی الرٹ کردیا ہے۔ اس بیچ اسرائیلی وزیر اعظم  نیتن یاہو نے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے رات میں  ایران سمیت مختلف موضوعات پر بات کی۔ البتہ انہوں نے اس  بات  پر خوشی کااظہار کیا ہے کہ ایران پر امریکہ حملہ کرسکتاہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK