Inquilab Logo

غزہ جنگ بندی کیلئے پہلے دور کی گفتگو میں کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی

Updated: May 06, 2024, 10:27 AM IST | Cairo

حماس کے ترجمان نے کہا کہ مستقل جنگ بندی اور غزہ سے اسرائیلی فوج کے مکمل انخلا ءپر بات چیت ہوئی ہے، امید ہے کہ مثبت جواب ملے گا۔

Senior Hamas spokesman Osama Hamdan. Photo: INN.
حماس کےسینئر ترجمان اسامہ حمدان۔ تصویر: آئی این این۔

مصر میں حماس اور اسرائیل کے درمیان مذاکرات میں کوئی پیش رفت نہ ہوسکی جس کے بعد مذاکرات کا نیا دورپیر کو دوبارہ شروع ہوگا۔ الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق فلسطینی گروپ حماس کا ایک وفد جنگ بندی اور قیدیوں کی رہائی کے مذاکرات کے لئےقاہرہ میں موجود ہے۔ حماس کی ٹیم سنیچر کو قاہرہ پہنچی تاکہ قطر، مصر اور امریکہ کے ثالثوں سے اس تجویز کے حوالے سے ملاقات کی جائے جس کے تحت غزہ پر اسرائیل کی جنگ ۴۰؍ دنوں کے لئے روک دی جائے اور فلسطینی قیدیوں کے تبادلے کئے جائیں۔ 
ذرائع نے الجزیرہ کو بتایا کہ مذاکرات ایک نازک موڑ پر ہیں کیونکہ قطری تکنیکی ٹیم مصریوں کے ساتھ ممکنہ معاہدے کی تفصیلات کا جائزہ لے رہی ہے۔ حماس کے ایک سینئر ترجمان اسامہ حمدان نے الجزیرہ کو بتایا کہ یہ واضح ہے کہ ہم مذاکرات میں آگے بڑھ رہے ہیں اورکچھ مثبت پیش رفت متوقع ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ لیکن ابھی تک ہم مکمل جنگ بندی اور غزہ سے مکمل انخلا کے مسئلے پر بات چیت کررہے ہیں، ہمیں امید ہے کہ آج کچھ اچھے اور مثبت جواب ملیں گے۔ 
حماس کے ایک دیگرسینئر ترجمان نے کہا کہ جن اہم نکات پر بات ہوئی ان میں سے ایک رفح میں فوج بھیجنے سے متعلق تھا۔ واضح رہےکہ اسرائیل نے بارہا کہا ہے کہ حماس کے ساتھ ممکنہ معاہدے کے باوجود وہ رفح پر اپنے حملے کو جاری رکھے گا جبکہ اقوام متحدہ کے اداروں نے خبردار کیا ہے کہ زمینی کارروائی کے نتیجے میں وہاں پناہ لئے ہوئے ۱۵؍ لاکھ سے زیادہ لوگوں کے لئے تباہی ہی تباہی ہو گی۔ 
حماس کے ترجمان نے اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے نیتن یاہو کی طرف سے ایک واضح بیان تھا کہ چاہے کچھ بھی ہو، جنگ بندی ہوتی ہے یا نہیں، وہ حملہ جاری رکھیں گے، اس کا مطلب ہے کہ کوئی جنگ بندی نہیں ہوگی اور حملے جاری رہیں گے جو ہمارے معاہدے کے نکات کے خلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیتن یاہو کے بیان کا کیا مطلب ہے؟ ہماری سمجھ کے مطابق جنگ بندی کا مطلب ہے کہ غزہ اور رفح میں مزید حملے نہیں ہوں گے۔ واضح رہےکہ نومبر ۲۰۲۳ء میں اسرائیل اور حماس کے درمیان مذاکرات کے پہلے دور کا آغاز ہوا تھا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK