مظفر نگر میں جشن کا ماحول ، اپنے علاقے کے سپوت کی کامیابی پر گھر گھر مٹھائیاں بانٹی گئیں، اریب علاقے کے سیکڑوں نوجوانوں کے رول ماڈل بن گئے ہیں
EPAPER
Updated: August 25, 2023, 7:04 AM IST | Muzaffarnagar
مظفر نگر میں جشن کا ماحول ، اپنے علاقے کے سپوت کی کامیابی پر گھر گھر مٹھائیاں بانٹی گئیں، اریب علاقے کے سیکڑوں نوجوانوں کے رول ماڈل بن گئے ہیں
جس دن چندریان ۳؍ مشن کامیابی کے ساتھ لانچ ہوا تھا اور جس روز یہ مشن کامیابی کے ساتھ چاند کی سطح پر اترا ہے ، پورے ملک میں جشن منایا گیا اور اسرو کے سائنسدانوں کو مبارکباد پیش کی گئی ۔ خلائی ایجنسی کے ان سائنسدانوں میں یوپی کے مظفر نگر ضلع کے کھتولی گائوں کے اریب احمد بھی شامل ہیں۔ ان کی کامیابی پر پورے مظفر نگر میں جشن ہے۔ اریب کے اہل خانہ نے اپنے علاقے میں گھر گھر مٹھائیاں تقسیم کیں جبکہ اریب علاقے کے مسلم نوجوانوں کے لئے خصوصی طور پر رول ماڈل بن گئے ہیں۔ اریب نے اپنی تعلیم ملک کے مایہ ناز تعلیمی ادارہ جامعہ ملیہ اسلامیہ سے مکمل کی ہے۔ ان کے علاوہ اس مشن میں کاشف احمد اور امیت بھاردواج بھی ہیں۔ ان دونوں نے بھی اپنی تعلیم جامعہ ملیہ اسلامیہ سے مکمل کی ہےلیکن ان میں اریب کی اہمیت اس لئے بھی زیادہ ہے کہ وہ چندریان کی اڑان اور پھر اس کے لینڈنگ مشن دونوں ٹیموں میں شامل تھے۔
کھتولی گائوں کے رہائشی قاضی مہتاب احمد کے اکلوتے فرزند اریب احمد نےجو کامیابی حاصل کی ہےوہ ان کے گائوں کے ساتھ ساتھ پورے ضلع کے لئے فخر کا مقام ہے۔ واضح رہے کہ مظفر نگر ضلع مسلم اکثریتی آبادی والا ضلع ہے اور فرقہ پرستوں کی آنکھوں میں کھٹکتا رہتا ہے۔ یہاں سے ملک کو قابل فخر کامیابی دلانے میں اہم کردار ادا کرنے والے سائنسداں کا تعلق ہونا ان فرقہ پرستوں کے منہ پر طمانچہ ہے۔
اریب احمد۲۰۲۱ء سے شری ہری کوٹا اسپیس سینٹر میں تعینات ہیں اور وہ وہاں پر انجینئر سائنٹسٹ ہیں۔ ان کی قابلیت اور صلاحیت کی وجہ سے ہی انہیں چندریان مشن ۳؍ کی سیٹیلائٹ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جو انتہائی اہم ذمہ داری نبھاتی ہے۔ اس ٹیم کو دی گئی دیگر اہم ذمہ داریوں کے علاوہ اسے سیٹیلائٹ کے ذریعے چندریان سے رابطہ مسلسل قائم رکھنا تھا جو اس ٹیم نے بخوبی انجام دیا اور یہی وجہ رہی کہ چندریان ۳؍ آسانی کے ساتھ چاند کی سطح پر اترا ۔