Inquilab Logo

آج سے کیجریوال اور سیسودیاکا ۲؍ روزہ گجرات دورہ، حملے کاخوف، سیکوریٹی کامطالبہ

Updated: August 22, 2022, 10:35 AM IST | Agency | New Delhi

نائب وزیراعلیٰ نے اپنے خلاف لُک آؤٹ سرکیولر کا دعویٰ کیا مگر سی بی آئی نے تردید کی، بتایا کہ ۸؍ ملزمین کے خلاف سرکیولر جاری ہوا ہے مگر سیسودیا شامل نہیں 

 Manish Sisodia talking to media person .Picture:PTI
اتوار کو منیش سیسودیا دہلی میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے۔ تصویر:پی ٹی آئی

ایسے وقت میں جبکہ سی بی آئی  دہلی کے نائب وزیراعلیٰ منیش سیسودیا  کے خلاف شراب سے متعلق ایکسائز پالیسی   کے مبینہ گھپلے  میں ان کے رول کی جانچ کررہی ہے، وہ پیر کو اپنی پارٹی کے سربراہ اروند کیجریوال کے ساتھ  پیر کو ۲؍ روزہ دورے پر گجرات پہنچیں گے۔ عام آدمی پارٹی  نے  اس اندیشے کااظہار کرتےہوئے کہ گجرات میں اس کے لیڈروں پر حملے ہوسکتے ہیں، پولیس سے اضافی سیکوریٹی کا مطالبہ کیا ہے۔ عام آدمی پارٹی کی گجرات اکائی کے ایک وفد نے جس میں  پارٹی کے گجرات امور کے ذمہ دار گلاب سنگھ اور ریاستی لیگل سیل کے صدر پرنو ٹھکر شامل تھے، نے اتوار کو ڈائریکٹر جنرل آف پولیس سے ملاقات کرکےانہیں میمورنڈم  دیا اور اپنے اندیشوں کا اظہار کرتے ہوئے سیکوریٹی بڑھانے کی مانگ کی۔ وفدنے بتایا کہ انہیں معلوم ہوا ہے کہ چند مقامات پر سیسودیا اور کیجریوال پر حملے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔  اُدھر مرکزی سیاست میں اتوار کی صبح اس وقت ہلچل مچ گئی جب منیش سیسودیا نے دعویٰ کیا کہ ان کے خلاف لُک آؤٹ سرکیولر جاری کیا گیا ہے۔ انہوں نےکہا کہ’’ یہ کیا نوٹنکی ہے، میں  یہیں  دہلی میں ہوں، کہاں آنا ہے بتاؤ آجاتا ہوں۔‘‘ بعد میں  سی بی آئی نے تردید کی کہ ان کے خلاف لُک آؤٹ سرکیولر جاری  ہوا ہے ۔ تفتیشی ایجنسی نے بتایا کہ اس کیس میں  ۸؍ ملزمین کے خلاف لُک آؤٹ نوٹس جاری ہوا ہے مگر اس میں ملزم بنائے گئےریاست کے نوکر شاہ اورنائب وزیراعلیٰ  شامل نہیں  ہیں۔  واضح رہے کہ لُک آؤٹ نوٹس  کا مقصد کسی بھی شہری کو ملک سے باہر جانےسے روکنا ہوتا ہے۔ ایسے افراد کو مذکورہ سرکیولر کی بنیاد پر  ایئر پورٹ پر روک لیا جاتاہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK