• Tue, 28 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بی جے پی نے پی ایم مودی کی چھٹھ پوجا کیلئے ’نقلی جمنا‘ بنائی: آپ کا دعویٰ، بی جے پی نے مسترد کردیا

Updated: October 27, 2025, 9:04 PM IST | New Delhi

آپ کنوینر اروند کیجریوال نے بھی مبینہ ”نقلی جمنا“ کی ایک ویڈیو شیئر کیا اور بی جے پی پر ”چھٹھ پوجا کی عقیدت کا مذاق اڑانے“ کا الزام لگایا۔ دوسری جانب، بی جے پی نے ان الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا۔

Photo: X
تصویر: ایکس

اتوار کو عام آدمی پارٹی (آپ) نے دہلی کی بی جے پی حکومت پر چھٹھ پوجا کے موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی کے پروگرام کیلئے ”نقلی جمنا“ بنانے کا الزام لگایا۔ آپ کا کہنا ہے کہ دریا کے آلودہ پانی کے بجائے ایک مصنوعی تالاب کو فلٹر شدہ پانی سے بھرا گیا ہے۔ دہلی کے سابق وزیراعلیٰ اور آپ کنوینر اروند کیجریوال نے بھی مبینہ ”نقلی جمنا“ کا ویڈیو شیئر کیا اور بی جے پی پر ”چھٹھ پوجا کی عقیدت کا مذاق اڑانے“ کا الزام لگایا۔

آپ کی دہلی یونٹ کے سربراہ سوربھ بھاردواج نے سوشل میڈیا پر پوسٹ کئے گئے ایک ویڈیو میں الزام لگایا کہ واسودیو گھاٹ پر موجود تالاب کو، جہاں مودی منگل کو رسمی ڈبکی لگانے والے ہیں، وزیر آباد پلانٹ کو فلٹر کردہ پانی سے بھرا گیا ہے، جو دہلی کو پینے کا پانی فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے اس پروگرام کو نومبر میں ہونے والے بہار اسمبلی انتخابات سے قبل ”بہار اور پوروانچل کے عقیدت مندوں کو بے وقوف بنانے“ کی ایک کوشش قرار دیا۔

بھاردواج نے دعویٰ کیا کہ وزیر اعظم تو مصنوعی تالاب استعمال کریں گے لیکن عام عقیدت مندوں کو آلودہ جمنا میں رسم ادا کرنی پڑے گی۔ انہوں نے اسے ”عقیدت کے ساتھ ظالمانہ مذاق“ قرار دیا۔ آپ لیڈر نے دہلی آلودگی کنٹرول کمیٹی کی ایک رپورٹ کا حوالہ دیا جس میں خبردار کیا گیا تھا کہ جمنا میں نہانے سے سنگین بیماریاں ہو سکتی ہیں۔ 

یہ بھی پڑھئے: بی جے پی اقتدار والی ریاستوں میں لڑکیوں کے اغوا کے واقعات میں اضافہ

بی جے پی نے ان الزامات کو ”سیاسی مایوسی“ قرار دے کر مسترد کر دیا۔ دہلی بی جے پی کے سربراہ ویریندر سچدیو نے کہا کہ آپ ”صفائی کے خلاف احتجاج“ کر رہی ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ پچھلی آپ حکومت نے ۲۰۱۸ء اور ۲۰۲۴ء کے درمیان جمنا گھاٹوں پر چھٹھ پوجا پر پابندی لگا دی تھی۔ 

دریں اثنا، تریلوک پوری کے رہائشیوں نے اتوار کو وسوندھرا گھاٹ پر پانی اور صفائی کی کمی کے خلاف احتجاج کیا۔ واضح رہے کہ اس گھاٹ پر چھٹھ عقیدت مندوں کو پانچ سال میں پہلی بار جمع ہونے کی اجازت دی گئی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK