Inquilab Logo

پانی کی کمی،اسپتال ٹینکر منگا نے پرمجبور

Updated: April 13, 2023, 12:37 AM IST | saadat khan | Mumbai

پانی سپلائی میں ۱۵؍فیصد کٹوتی سےاسپتال انتظامیہ اور مریضوںکو دقتوںکاسامنا۔ نائر، کے ای ایم اور سائن اسپتال میں پانی کی کمی، کاما، کوپر اوردیگرمیں ٹینکر واٹر منگوانا پڑرہا ہے

Many institutions including hospitals have to depend on tanker water
اسپتال سمیت کئی اداروں کو ٹینکر کے پانی پر انحصار کرنا پڑرہا ہے

 بڑھتی گرمی میںمعمول سے زیادہ پانی کی ضرورت ہوتی ہےلیکن پانی سپلائی میں ۱۵؍ فیصدکٹوتی سےجہاں عام شہریوںکو پانی کی قلت ہورہی ہے وہیں اسپتالوں میںپانی کی سپلائی کم ہونےسے اسپتال انتظامیہ اور مریضوںکو  دقت ہونےکی شکایت آرہی ہیں۔نائر،کے ای ایم اور سائن اسپتال میں پانی کی کمی سے مریضوں اور انتظامیہ کوپریشانی ہورہی ہے۔ جبکہ کوپر ، وی این دیسائی اسپتال اور بالاصاحب ٹھاکرے ٹراما کئیر سینٹرمیں روزانہ ٹینکر کے پانی سے ضروریات پوری کی جارہی ہیں۔
 واضح رہےکہ ممبئی کی پانی کی ضرورت  پوری کرنےکیلئے ٹنل کا تعمیراتی کام جاری ہے۔ جس کی وجہ سے یکم اپریل سے ممبئی ومضافات کے علاقوں میں۱۵؍فیصد پانی کی کٹوتی کی گئی ہے۔پانی کی کٹوتی سےجہاں عام شہریوںکو پریشانی ہورہی ہے وہیں اسپتالوںمیں زیر علاج مریض بھی پانی کٹوتی کی مار جھیل رہے ہیں۔اسپتالوں میں مختلف کاموں کیلئے بڑی مقدار میں پانی کی ضرورت پڑتی ہے لیکن پانی کی قلت سےمتعدد اسپتال والے ٹینکر کا پانی استعمال کررہےہیں۔ 
 کوپر اسپتال میں ۴۰؍لاکھ لیٹر کی ٹانکی ہے۔ اسپتال انتظامیہ نےپانی کی کٹوتی  کی وجہ سےکم پانی ملنےکی شکایت  بی ایم سی سےکی ہے۔ اس وجہ سے یہاںروزانہ ۳۔۴؍ پانی کےٹینکر منگوائے جارہے ہیں۔یہ اطلاع اسپتال انتظامیہ نے دی ہے۔ اسی طرح سانتاکروز کے وی این دیسائی اسپتال میں ۸۰؍ہزار لیٹر کی پانی کی ٹانکی ہے۔ لیکن یہاں بھی  روزانہ پانی کے۳؍ تا ۴؍ٹینکرمنگوانا پڑرہے ہیں۔ یہی صورت حال جوگیشوری کے بالاصاحب ٹھاکرے ٹراماکیئر سینٹر کی ہے۔یہاں بھی ٹینکر منگوا کر پانی کی ضرورت پوری کی جارہی ہے ۔  
 واضح رہےکہ اسپتالوںمیں صفائی اورآپریشن تھیٹرکے علاوہ دیگر کاموں کیلئے پانی کی زیادہ ضرورت پڑتی  ہے۔لیکن پانی کی کٹوتی سے ان کاموں کیلئے مطلوبہ پانی نہیں مل پارہاہے ۔ جس سے اسپتال میں پانی کی قلت ہورہی ہے۔
  میڈیکل سوشل ورکر محمد شعیب ہاشمی نے بتایاکہ ’’ ۱۵؍فیصدپانی کی کٹوتی سے نائر،کے ای ایم اور سائن اسپتال میں پانی کی قلت کی شکایتیں مریض اوران کےمتعلقین بھی کررہےہیں۔ کچھ اسپتالوں میں ٹینکر کا پانی منگواکر روزانہ کی ضرورتیں پوری کی جارہی ہیں۔ ‘‘  
 نائراسپتال کی ایک سینئر ڈاکٹر سے اس بارے میںاستفسار کرنےپر انہوںنےکہاکہ پانی کی کٹوتی کا ہمارے اسپتا ل میں زیادہ اثراس لئےنہیں دکھائی دے رہاہے کیونکہ ہمارےپاس روزانہ کی ضرورت کےعلاوہ اضافی پانی کا ذخیرہ کرنےکی گنجائش ہے۔ اس لئےپانی کی کٹوتی سے ہمیں پریشانی نہیں ہورہی ہےاور نہ ہی ٹینکر منگوانا پڑا ہے۔
 سی ایس ایم ٹی پر واقع کاما اسپتال کے سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر تشار پالوے نے بتایاکہ ’’جب سےپانی کی کٹوتی جاری ہے ۔ اسپتال میں پانی کی قلت ہورہی ہےورنہ معمول کےمطابق سپلائی  کئے جانے والے پانی سےضروریات پوری ہوجاتی تھیں۔پانی کی قلت کی وجہ سےہمیں روزانہ تقریباً ۳؍ٹینکرپانی  منگوانا پڑرہاہے۔‘‘ جے جے اسپتا ل کی ڈین ڈاکٹر پلوی ساپلے نے بتایاکہ ’’ دیگر اسپتالوں میں پانی کی قلت ہورہی ہے مگر ہمارے اسپتال میں اس طرح کی شکایت نہیں ہے۔ ہمیں ضرورت کے مطابق پانی مل رہاہے۔‘‘

water Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK