Inquilab Logo Happiest Places to Work

لالو یادو پرڈاکٹر امبیڈکرکی توہین کا الزام، حکمراں اتحادنے تنقید کی

Updated: June 16, 2025, 12:12 PM IST | Inquilab News Network | Patna

مذکورہ معاملے میں درج فہرست ذات وقبائل کمیشن کاآر جے ڈی سربراہ کو نوٹس،ایف آئی آردرج ہوسکتی ہے۔

RJD chief Lalu Prasad Yadav. Photo: INN
آرجے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو۔ تصویر: آئی این این

انتخابی سال میں آرجےڈی صدر لالوپرساد یادو ایک نئے تنازع میں پھنستے نظرآرہےہیں۔ تازہ معاملے میں ان پر آئین ساز ڈاکٹر بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر کی توہین کا الزام لگاہے۔ اس معاملے میں درج فہرست ذات و قبائل کمیشن نے لالو پرساد یادو کے خلاف نوٹس جاری کیا ہے۔ کمیشن نے ان سے وضاحت مانگی ہے اور کہا ہے کہ ایف آئی آر درج کی جائے گی۔ نوٹس کے ذریعہ کمیشن نے لالو یادو سے کہا ہے کہ اپنی سالگرہ کے موقع پر آپ نےبابا صاحب ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کی توہین کی ہے۔ یہ معاملہ سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔ 
 کمیشن نے کہا کہ ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کی توہین سے نہ صرف ایک طبقہ بلکہ پورے ملک کے وقار کو ٹھیس پہنچی ہے۔ اس لیے۱۵؍ دن کے اندر وضاحت پیش کریں اور بتائیں کہ کیوں نہیں آپ کے خلاف درج فہرست ذات و قبائلی مظالم ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا جانا چاہیے۔ 
 دوسری جانب نائب وزیراعلیٰ وجے کمار سنہا نے اپنے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کرکے لالو پرساد یادو کو نشانہ بنایاہے۔ انہوں نے لکھاکہ یہ ویڈیو لالو یادو کی سالگرہ کا بتایا جا رہا ہے۔ ویڈیو میں لالو یادو ٹانگیں پھیلا کر کرسی پر بیٹھے ہیں۔ اس دوران ایک لیڈر بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر کی تصویر لالو یادو کے پاس لاتا ہے اور تصویر کلک کرواتا ہے۔ اس دوران لالو یادو ٹانگیں پھیلا کر بیٹھ رہے۔ وجے سنہا کا کہنا ہے کہ لالو یادو نے بابا صاحب کی توہین کی ہے۔ وہ تصویر کے سامنے ٹانگیں پھیلا کر بیٹھےہیں۔ انہوں نے کہاکہ بابا صاحب ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کی تصویر ان کے قدموں کے قریب رکھی جا رہی ہے۔ جو لوگ بابا صاحب جیسے عظیم انسان کی عزت نہیں کرتے، وہ پسماندہ، انتہائی پسماندہ اور دلت طبقات کے ساتھ کیساسلوک کریں گے؟
 وہیں نائب وزیراعلیٰ سمراٹ چودھری نے بھی اس ویڈیو پر لالو یادو کو نشانہ بنایا۔ سمراٹ چودھری نے کہا کہ لالو پرساد جی کے یوم پیدائش پر بابا صاحب امبیڈکر کی جس طرح توہین کی گئی وہ جمہوریت کے سب سے شرمناک واقعات میں سے ایک ہے۔ انہیں معافی مانگنی چاہیے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK