Inquilab Logo

ممبئی اور تھانے میں نظم و نسق کی صورتحال خراب، عوامی نمائندے بھی محفوظ نہیں

Updated: March 16, 2023, 10:47 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

رکن اسمبلی جتیندر اوہاڑ نے میونسپل افسر کے ذریعے انہیں اور بیٹی کی قتل کی سازش رچنے کا آڈیو اور ویڈیو کلپ والا پین ڈرائیو اور دستاویزات اسپیکر کو دیئے، وزیر داخلہ نے سی آئی ڈی انکوائری کا یقین دلایا لیکن اوہاڑ مطمئن نہیں، ابو عاصم نے ممبئی سمیت ریاست میں لا اینڈ آرڈر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا

Member of Assembly jitendra awhad
رکن اسمبلی جتیندر اوہاڑ( فائل فوٹو)

 ممبئی کے ودھان بھون میں جاری بجٹ اجلاس میں بدھ کو   محکمہ جاتی بحث  میں سابق کابینی وزیر جتیندر اوہاڑ اور  رکن اسمبلی ابو عاصم اعظمی سمیت  اپوزیشن کے دیگر اراکین نے حکومت پر شدید تنقید کی  اور شہر اور ریاست میں نظم و نسق کی بگڑتی صورتحال کو پیش کیا۔ جتیندر اوہاڑ نے ایوان اسمبلی میں تفصیل کےساتھ بتایا کہ کس طرح تھانے میونسپل کارپوریشن کا افسر جس کے بارہویں پاس ہونے کا ثبوت نہیں دیاجاتا وہ سیاسی پناہ میں کس رعب  کے ساتھ سرگرم ہے۔ اوہاڑ نے  اسپیکر کو ۲؍ پین  ڈرائیو  اور دستاویزات پیش کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ تھانے کے اسسٹنٹ میونسپل کمشنر ( اے ایم سی) مہیش اہیر نے داؤد ابراہیم گینگ کے رکن کےساتھ مل کر ان کی اور ان کی بیٹی کو قتل کرنے کی سازش رچی اس کی آڈیو اور ویڈیو ریکارڈنگ پین ڈرائیو میں موجود ہے۔
 اوہاڑ کے جذباتی خطاب کے بعد وزیر داخلہ دیویندر فرنویس نےاس معاملے کی جانچ سی آئی ڈی کے ذریعے کروانے کااعلان کیا  لیکن جتیندر اوہاڑ اس اعلان سے مطمئن نہیں۔  ان کا کہنا ہے کہ اس کا مطلب معاملے کو ٹھنڈے بکس میں ڈال دینا ہے۔
  اوہاڑ نے ذرائع ابلاغ کےنمائندوں سے بتایاکہ  مَیں نے ایوان میں یہ ثبوت دیئے ہیں کہ اہیر اس قدر بدعنوان ہے کہ یومیہ ۴۰؍ لاکھ روپے کماتا ہے اس کے چھتر و چھایا میں تھانے شہر میں ۱۵۰؍ غیر قانونی عمارتوں کی تعمیر ہو رہی ہے  ، اس کے کیبن سے روپے گنتے ہوئے ویڈید بھی حکومت کو دیا اس بارے میں کچھ نہیں کہا گیا؟  اس نے ایم ایم آر ڈی اے /مہاڈا کے بنائے گئے مکانات جو ٹی ایم سی کے سپرد کئے گئے تھے وہ ۲۰۰؍ کروڑ روپے کے مکانات چند لاکھ روپے ایسے افراد کو فروخت کر دیئے جو اس کے حقدار نہیں تھے لیکن اس کی جانچ کرنے کے بعد کچھ نہیں کہا گیا؟‘‘ اوہاڑ نے یقین دلایاکہ  وہ اس معاملے میں جلد ہی  مزید ثبوت میڈیا کو پیش کریں گے۔
  اسی دوران سماج وادی پارٹی کے ریاستی صدر اوررکن اسمبلی ابو عاصم اعظمی نے بھی ممبئی اور ریاست میں لا اینڈ آرڈ کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ۔ انہوںنے کہا کہ ریاست میں بچیاں اور خواتین بھی محفوظ نہیںہیں۔
زہر افشانی کرنے والی ریلیوں پر پابندی کا مطالبہ
  ابو عاصم اعظمی نے  ریاست میں مسلمانوں کے خلاف زہر افشانی کرنے والی ہندو جن آکروش اور ہندوؤں کی سرکل سماج ریلیوں پرپابندی کا مطالبہ ایوان اسمبلی میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان ریلیوں میں مسلمانوں کے خلاف نفرت پھیلائی جارہی ہے اور اتناہی نہیں مسلم خواتین یعنی برقعہ والیوں کو گھرلانےجیسے اشتعال انگیز نعر ے ان ریلیوں میں لگائے جارہے ہیں جس سے نظم و نسق کا مسئلہ پیدا ہو سکتا ہے۔
  انہوںنے کہا کہ خواتین اور لڑکیوں و بچیوں کے ساتھ جنسی استحصال  اور اغوا کرنے کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے نظم نسق کو بحال کرنے کیلئے پولیس بھرتی پر زور دیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK