Inquilab Logo

۶۰۰؍ سے زائد ٹیکسی اور رکشا ڈرائیوروں کے لائسنس منسوخ 

Updated: February 12, 2024, 11:46 AM IST | Nadeem Asran | Mumbai

مسافروں کو کم فاصلے پرلے جانے سے انکار کرنے، بدتمیزی کرنے اور زائد کرایہ لینے کی شکایتیں ملنے کے بعد آر ٹی او نے کارروائی کا سلسلہ شروع کیا۔

Traffic police is taking action against rickshaw and taxi drivers. Photo: INN
ٹریفک پولیس رکشا اور ٹیکسی ڈرائیوروں پرکارروائی کررہی ہے۔ تصویر : آئی این این

شہرو مضافات میں ریجنل ٹرانسپورٹ کو رکشا اور ٹیکسی ڈرائیور وں کے خلاف ملنے والی شکایتوں اور اس تعلق سے محکمے کے ذریعے کارروائی کے بعد بھی ٹیکسی اور رکشا ڈرائیوروں کی بدتمیزی، کم فاصلہ کے سفر سے انکاراور میٹر سے زائد کرایہ وصول کرنےکا سلسلہ جاری ہے۔ اس ضمن میں گزشتہ دو ماہ میں ٹرانسپورٹ ڈپارٹمنٹ نے کارروائی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے نہ صرف خاطیوں سے جرمانہ وصول کیا ہے بلکہ ۶۰۰؍ سے زائد لوگوں کے لائسنس بھی منسوخ کر دیئے ہیں۔  
 آر ٹی او نے شہرو مضافات میں رکشا اور ٹیکسی ڈرائیوروں کے ذریعہ کم فاصلہ کا سفر طے کرنے، بدتمیزی اور بدکلامی کرنے یا میٹر سے زائد کرایہ لینے والے لائسنس ہولڈروں کے خلاف کارروائی کا سلسلہ جاری رکھا ہے۔ شہریوں کو ہونے والی پریشانی میں بھی کوئی کمی نہیں آرہی ہے۔ شہریوں کو ٹیکسی اور رکشا ڈرائیوروں کےذریعے کم فیصلے پر لینے سے جانے سے انکار کرنے، بدتمیزی اور میٹر سے زائد کرایہ لینے کا مسئلہ در پیش ہے۔ اس سلسلہ میں ممبئی ریجنل ٹرانسپورٹ ڈپارٹمنٹ کو گزشتہ ۲؍ماہ کے درمیان ہزاروں شکایتیں موصول ہوئی ہیں جس پر آر ٹی او نے دوبارہ کارروائی شروع کی ہے۔ 
  آر ٹی او کی فراہم کردہ اطلاع کے مطابق ممبئی ریجنل ٹرانسپورٹ کو یکم دسمبر ۲۰۲۳ء سے ۳۱؍ جنوری ۲۰۲۴ء تک ایک ہزار ۶۵۰؍ شکایتیں موصول ہوئی ہیں۔ اطلاع کے مطابق رکشا ڈرائیوروں کے خلاف ۶۰۴؍ شکایتیں موصول ہوئی تھیں جبکہ ٹیکسی لائسنس ہولڈوروں کے خلاف ایک ہزار ۴۶؍ شکایتیں موصول ہوئی ہیں۔ اکثر مسافروں کی شکایت ہے کہ رکشا اور ٹیکسی ڈرائیور کم فاصلہ پر مسافروں کو لے جانے سے انکار کر دیتے ہیں اور میٹر سے زائد کرایہ بھی لیتے ہیں۔ اس ضمن میں کارروائی کرتے ہوئےبعض رکشا اور ٹیکسی ڈرائیور کو نوٹس دے کر اپنا رویہ میں تبدیلی لانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ آر ٹی او نے نوٹس کے باوجود دوبارہ ملنے والی شکایتوں پر ۶۵۰؍ رکشا ڈرائیور اور ٹیکسی ڈرائیوروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے نہ صرف لائسنس منسوخ کر دیا ہے بلکہ گزشتہ سال دسمبر میں ملنے والی شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے ۸۰؍ خاطیوں سے ۲؍ لاکھ روپے جرمانہ بھی وصول کیا جبکہ امسال جنوری میں ۵۸؍ رکشا اور ٹیکسی ڈرائیوروں سے ایک لاکھ ۴۵؍ ہزار جرمانہ بھی وصول کیا گیا ہے۔ جن علاقوں کے رکشا ڈرائیوروں سے جرمانہ وصول کیا گیا ہے یا ان کے لائسنس منسوخ کئے گئے ہیں، ان میں، کرلا، باندرہ، بی کے سی، ماہم، سائن، ملنڈ اور دیگر علاقے شامل ہیں۔ واضح رہے کہ آر ٹی او نے بدتمیزی کرنے والے، کم فاصلے پر مسافروں لےجانے سے انکارکرنے والے اور زائد پیسے لینے والوں کے خلاف شکایت کرنے کیلئے واٹس ایپ نمبر ۱۹۵۲۲۴۰۳۰۳؍ نمبر کے علاوہ ای میل ایڈریس mh03autotaxicomplaint@gmail.com بھی جاری کیا ہے۔ اس پر شکایت کنندہ ممکن ہو تو گاڑی نمبر اور اس کا فوٹو کھینچ کر اور خاطیوں کے ذریعہ کی جانے والی بد تمیزی، بد کلامی، کم فاصلے پر لے جانے سے انکار یا زائد کرایہ لینے سے متعلق اپنی شکایت کر سکتے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK