Inquilab Logo

سیاسی بخار: حیدرآباد میں رام نومی کے دوران شرانگیزی، آسام میں بلڈوزر کی دھمکی

Updated: April 19, 2024, 3:54 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai

سوشل میڈیا پر وائرل ۲؍ ویڈیوز میں انتخابی درجۂ حرارت بڑھتا دیکھا جاسکتا ہے۔ ایک ویڈیو حیدرآباد کا ہے جہاں بی جے پی امیدوار مسجد پر (نادیدہ) تیر چلاتی ہوئی نظر آرہی ہیں جبکہ دوسرا ویڈیو آسام کا ہے جس میں بی جے پی ایم ایل اے ۴؍ جون کے بعد بلڈوزر کارروائی کی دھمکی دے رہے ہیں۔

Hyderabad video (right) and Assam video (left). Photo: INN
حیدرآباد کا ویڈیو (دائیں) اور آسام کا ویڈیو (بائیں)۔ تصویر: آئی این این

حیدرآباد لوک سبھا سیٹ کیلئے بی جے پی کی امیدوار مادھوی لتھا کو ایک جلوس کے دوران ایک مسجد پر (نادیدہ) تیر چلاتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے اس ویڈیو کی چوطرفہ مذمتیں ہورہی ہیں۔ یہ واقعہ جو مبینہ طور پر رام نومی کے جلوس کے دوران پیش آیا، اس سے شہر میں امن کو درہم برہم کرنے کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔ حیدرآباد کے رکن پارلیمنٹ اور آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ اسد الدین اویسی نے بی جے پی کے اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے الزام لگایا کہ ان کا مقصد شہر میں امن کو خراب کرنا ہے۔ اویسی نے ووٹروں سے ہوشیار رہنے اور باخبر فیصلے کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے اشتعال انگیز اقدامات کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

 


انہوں نے کہا کہ حیدرآباد اور تلنگانہ کے لوگوں نے بی جے پی کے ارادوں کو دیکھ لیا ہے۔ میں لوگوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ دیکھیں کہ وہ کیا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، اور اپنے ووٹ کا دانشمندی سے استعمال کریں۔
جواب میں، مادھوی لتھا نے اپنا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ زیر گردش ویڈیو نامکمل تھا۔ انہوں نے ویڈیو سے جذبات کو ٹھیس پہنچنانے پر اظہار افسوس کیا ہے۔ چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج نے کہا کہ انہیں ویڈیو کے بارے میں آگاہ نہیں کیا گیا تھا، جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ اس معاملے پر ابھی تک سرکاری طور پر توجہ نہیں دی گئی ہے۔

آسام میں بلڈوزر کارروائی کی دھمکی
بی جے پی کے ایم ایل اے بیجوئے ملاکر نے مبینہ طور پر آسام کے کریم گنج ضلع میں ووٹروں کو ہندوتوا پارٹی کی حمایت کرنے پر زور دیا ہے اور ایسا نہ ہونے کی صورت میں بلڈوزر کارروائی کی دھمکی دی ہے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں ملاکر سامعین سے کہہ رہے ہیں کہ ’’اگر وہ اس بار (بی جے پی کو) ووٹ نہیں دیتے ہیں تو میں جانتا ہوں کہ آپ کہاں سے ہیں، آپ کا گھر کہاں ہے، انتخابی نتیجہ (۶؍ جون) کو ہے، نہیں نہیں (جون) ۴؍ کو۔ اس بات کو یقینی بنائیں کہ اس کے بعد جے سی بی آپ کے گھر نہ پہنچے۔‘‘
کانگریس نے اس تقریر کیلئے رتباری ایم ایل اے کے خلاف بدر پور پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی لیکن پولیس نے ابھی تک مقدمہ درج نہیں کیا ہے۔ایم ایل اے کے خلاف شکایت الیکشن افسران کو بھی بھیج دی گئی ہے۔بی جے پی ایم ایل اے ۱۶؍ اپریل کو ایک جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے۔دریں اثنا، ملاکر نے الزام لگایا کہ کانگریس نے ان کے ۴۶؍  منٹ کی تقریر کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK