Inquilab Logo

مدھیہ پردیش: بی جےپی کی جن آشیرواد یاترا پر حملہ، شیوراج سنگھ چوہان کا کانگریس پر الزام

Updated: September 07, 2023, 10:00 AM IST | bhopal

وزیر داخلہ نروتم مشرا نے بھی تائید کی، اپوزیشن لیڈروں کے بیان یاد دلائے، کمل ناتھ نے اسے عوام کی برہمی اور چیتاپروجیکٹ سے ناراضگی کانتیجہ قراردیا

A vehicle affected by stone pelting
پتھراؤ سے متاثر ہونے والی ایک گاڑی

 مدھیہ پردیش کے نیمچ ضلع میں بی  جےپی کی  جن آشیرواد یاترا پر منگل کو دیر رات حملے   کے بعدبدھ کو جہاں بی جے پی نے حملے کیلئے کانگریس کو ذمہ دار ٹھہرایا وہیں کانگریس اسے عوامی برہمی  اور  جیتاپروجیکٹ پر نیمچ کے عوام کی نارضگی کا  نتیجہ بتایا ۔  اس بیچ وزیر داخلہ نروتم مشرا نے بھی حملے کیلئے کانگریس کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے ۷؍ افراد کے خلاف کیس درج ہونے کی اطلاع دی۔ 
  بتایا جارہاہے کہ نیمچ کے مندسور  علاقے میں مرکزی حکومت کے چیتاپروجیکٹ کی وجہ سے ناراضگی تھی جو اِس حملے کی ممکنہ وجہ ہے۔گاؤں والوں کی شکایت ہے کہ ان کی زرعی زمین اس پروجیکٹ کی وجہ سے ایکوائر کی جارہی ہے۔    یاترا جیسے ہی  روالی کُڑی گاؤں پہنچی، گاؤں  کے لوگوں نے احتجاج شروع کردیا اور پھر کچھ ہی دیر میں پتھراؤ بھی ہو گیا جس کے نتیجے میں کئی گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے البتہ کوئی زخمی نہیں ہوا ہے۔
 کانگریس لیڈر اور سابق وزیراعلیٰ کمل ناتھ نے حملے کوعوامی برہمی کا نتیجہ بتایا،  اورکہا کہ بی  جےپی ناقابل عمل چیتا پروجیکٹ کو نافذ کرنے کی کوشش کررہی ہے جس کی وجہ سے زرعی زمین متاثر ہورہی ہے۔ انہوں نےسوال کیا کہ عوام  پتھر نہیں تو کیا پھول برسائیں گے۔    
 دوسری طرف شیوراج سنگھ چوہان نے کانگریس کو مورد الزام ٹھہراتے ہوئے کہا کہ اسے  اس طرح کے ہتھکنڈے نہیں اپنانے چاہئیں ۔ انہوں  نے دعویٰ کیا کہ ’’کانگریس بی جے پی کی جن آشیرواد یاترا کو ملنے والی عوامی حمایت اور آشیرواد سے حیران ہے۔ سابق وزیر اعلیٰ کمل ناتھ پہلے بھی پتھروں کی بات کہہ رہے تھے۔ ایسی باتیں شکوک پیدا کرتی ہیں۔‘‘ یاد رہے کہ کمل ناتھ نے گزشتہ دنوں یاد دلایا تھا کہ سابقہ الیکشن میں بھی بی جےپی نے جن آشیرواد یاترا نکالی تھی مگر عوامی برہمی اور حملوں کی وجہ سے اسے بیچ میں ہی روکنا پڑا۔         
 ریاستی وزیر داخلہ ڈاکٹر نروتم مشرا نے بھی کانگریس پر انگشت نمائی کرتے ہوئے کہا کہ جن آشیرواد یاترا پر پتھراؤ کی وجہ جاننے کیلئےاپوزیشن لیڈروں کے بیانات کو دیکھنا ہوگا ، سب کچھ سمجھ میں آجائے گا۔انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعلیٰ کمل ناتھ نے پہلے ہی کہا تھا کہ منی پور کی طرح یہاں بھی پتھراؤ ہو سکتا ہے

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK