Inquilab Logo

مدھیہ پردیش: اب تک ۴؍ انتخابی جائزوں میں سے۳؍میں کانگریس کو سبقت

Updated: November 05, 2023, 9:34 AM IST | Agency | Bhopal

انڈیا ٹی وی-سی این ایکس نے لیکن تازہ سروے میں بی جے پی کو۱۱۹؍سیٹیں ملنے کا اندازہ لگایا ہےجبکہ کانگریس دوسرے نمبر پر ہے۔

Congress leaders Kamal Nath and Digvijay Singh. Photo: INN
کانگریس لیڈران کمل ناتھ ا ور دگ وجے سنگھ ۔ تصویر:آئی این این

مدھیہ پردیش میں حکمراں بی جے پی ، کانگریس  اور دیگر پارٹیاں مکمل ایکشن موڈ میں ہیں۔ امیدواروں کے ناموں کا اعلان کردیا گیا، کاغذات نامزدگی داخل کرنے کا عمل بھی مکمل ہوگیا۔ اب انتظار۱۷؍ نومبر کا ہے جب  ووٹ ڈالے جائیں گے۔ گزشتہ چند دنوں کے دوران مختلف چینلوں کے سروے سامنے آئے جن میں یہ جاننے کی کوشش کی گئی کہ ریاست کے عوام کا مزاج کیا ہے۔
گزشتہ ایک ماہ میں مختلف نیوز چینلوں اور ایجنسیوں نے ایم پی کے انتخابی ماحول کے حوالے سے۴؍ سروے کیے ہیں۔ پہلے تین رائے عامہ کے جائزوں میں کانگریس کو بڑی برتری  دکھائی گئی۔۱۷؍ نومبرکو ووٹنگ  سے۱۲؍ دن پہلے ایک انتخابی جائزہ  نے لیکن  کانگریس کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔ اس سروے کے مطابق بی جے پی ایم پی میں بڑی برتری حاصل کر کے دوبارہ حکومت بنا سکتی ہے۔
 یہ سروے انڈیا ٹی وی-سی این ایکس نے کیا ہے جس میں   بی جے پی کو۱۱۹؍سیٹیں ملنے کا اندازہ لگایا گیا ہے۔ دوسری طرف کانگریس دوسرے نمبر پر دکھائی دے رہی ہے۔ دیگر کو بھی۴؍ سیٹیں مل سکتی ہیں۔ اگر سروے کو اس طرح دیکھا جائے تو ایک بار پھر مدھیہ پردیش میں بی جے پی کی اکثریتی حکومت ہونے کے امکانات ہیں۔ تاہم ۱۹؍ اکتوبر کو اسی چینل کے سروے میں بی جے پی کو۱۱۵؍ اور کانگریس کو۱۱۰؍ سیٹیں ملنے کی پیش قیاسی کی گئی تھی۔ اس وقت مقابلہ سخت دکھائی دے رہا تھا۔ جس میں ۵؍سیٹیں دوسروں کو جانے کا ذکر تھا۔انڈیا ٹی وی کے اس حالیہ سروے سے پہلے یکم نومبر کو ٹائمز ناؤ نوبھارت کا ایک سروے سامنے آیا تھا۔ ٹائمز ناؤ نوبھارت اور ای ٹی جی کے اس  جائزے میں بی جے پی کو ایم پی کی۲۳۰؍ سیٹوں میں سے ۱۰۷؍ سے۱۱۵؍سیٹیں ملنے کی پیش قیاسی کی گئی تھی جبکہ کانگریس کو۱۱۲؍سے ۱۲۲؍ سیٹوں کا اندازہ لگایا گیا تھا۔ دیگر کو ایک سے تین نشستیں ملنے کی امید تھی۔ اس طرح ٹائمز نوبھارت کے سروے میں بی جے پی پیچھے نظر آئی جبکہ کانگریس آگے نظر آئی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK