Inquilab Logo Happiest Places to Work

مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ کا تعلق ودربھ سے ہے پھر یہاں کسانوں کو خودکشی کیوں کرنی پڑ رہی ہے؟: بچو کڑو

Updated: June 09, 2026, 8:58 AM IST | Gondia

حال ہی میں اپنی پرہار جن شکتی پارٹی کو سماجی تنظیم میں تبدیل کرکے خود شیوسینا (شندے) میں شامل ہونے والے بچو کڑو نے اپنی ہی (مہایوتی) حکومت کے سامنے کئی سوالات کھڑے کئے ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ کا تعلق ودربھ سے ہے پھر یہاں کسانوں کو خود کشی کیوں کرنی پڑ رہی ہے؟ بچو کڑو گوندیا ضلع میں شیوسینا ۔

Shiv Sena (Shinde) MLC Bachu Kadu
شیوسینا (شندے) کے ایم ایل سی بچو کڑو

حال ہی میں اپنی پرہار جن شکتی پارٹی کو سماجی تنظیم میں تبدیل کرکے خود شیوسینا (شندے) میں شامل ہونے والے بچو کڑو نے اپنی ہی (مہایوتی) حکومت کے سامنے کئی سوالات کھڑے کئے ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ کا تعلق ودربھ سے ہے پھر یہاں کسانوں کو خود کشی کیوں کرنی پڑ رہی ہے؟  بچو کڑو گوندیا ضلع میں شیوسینا ۔پرہار کے کارکنان کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔
  انہوں نے کہا’’ریاست میں حکومت چاہے کسی کی ہو، اپنی ہو یا اوروں کی  ہم کسانوں اور عام لوگوں کے ساتھ  ہمیشہ مضبوطی سے کھڑے رہیں گے۔ اگر کسانوں کے ساتھ ناانصافی ہو رہی ہے تو ہم خاموش نہیں رہیں گے، کیونکہ شیو سینا کا ڈی این اے احتجاج کا ہے۔  سابق وزیر نے مقامی انتظامیہ کی سستی پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں ابھی گوندیا کے دورے سے واپس آیا ہوں اور وہاں ابھی تک دھان کی خریداری مکمل نہیں ہوئی ہے، آدھے سے زیادہ دھان بغیر خریدا  نہیں گیا ہے وہ یوں ہی پڑا ہے۔ کسانوں کو دھان کے دام نہیں ملے۔ اتنا ہی نہیں ایک طرف، اگرچہ ایکناتھ شندے نے لاڈ لی بہن اسکیم شروع کی ہے، لیکن کچھ جگہوں پر لاڈلی بہنوں کے آدھے پیسے غائب ہونے کی شکایتیں ملی ہیں۔ اگر لوگوں کو ان کے واجبات کے حصول کیلئے انتظار کرنا پڑا تو ہم خاموش نہیں رہیں گے۔
  انہوں نے کسانوں اور غریبوں کے مختلف زیر التواء مطالبات کے بارے میں انتظامیہ کو براہ راست الٹی میٹم دیا۔انہوں نے انتباہ دیا کہ اگر حکومت ۳۱؍ جون تک دھان کا بونس، مکان کا کرایہ اور لاڈلی بہنوں کے زیر التواء وظیفے کی ادائیگی نہیں کرتی ہے تو شیوسینا گوندیا ضلع کلکٹریٹ کے دفتر پر ایک زبردست زعفرانی مارچ نکالے گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر وزیر اعلیٰ اس موقع پر فون بھی کریں تو وہ کسانوں کی فلاح و بہبود کیلئے دو قدم پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ گوسی کھرد پروجیکٹ متاثرین کے مسئلہ پر بات کرتے ہوئے انہوں نے بی جے پی کے ریاستی صدر چندر شیکھر باونکولے کا نام لئے بغیر ان پر نشانہ لگایا۔ انہوں نے کہا’’جب ہم نے پروجیکٹ متاثرین کے مطالبات کیلئے قانون ساز اسمبلی میں احتجاج کیا تو باونکولے نے وعدےکئے تھے۔ تاہم وہ وعدے وفا نہیں ہوئے۔ اگر قائدین وعدے کرکے پیٹھ دکھاتے ہیں تو ہم ان کی پیٹھ پر تھپیڑا مارنا اچھی طرح جانتے ہیں۔ودربھ میں کسانوں کی سنگین صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے، انہوں نے کہا، ’’یہ بہت بدقسمتی کی بات ہے کہ آج ودربھ میں کسانوں کو خودکشی کرنا پڑ رہی ہے حالانکہ مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ کا تعلق ودربھ سے ہے۔‘‘  انہوںنے کہا ’’چھتیس گڑھ میں دھان کی قیمت ۳۱۰۰؍ روپے مل رہی ہے، تو مہاراشٹر کے کسانوں کو ۲۳۰۰؍ روپے پراکتفا کیوںکرنا پڑ رہا ہے؟ ہم اس پر صرف اس لئے خاموش نہیں رہیں گے کہ ہم اقتدار میں ہیں۔
 یاد رہے کہ بچو کڑو نے کچھ عرصہ پہلے کسانوں کے حق میں بہت بڑا احتجاج کیا تھا جس میں بڑے پیمانے پر کسان شریک ہوئے تھے۔ اس بھیڑ کو دیکھ کر حکومت بچو کڑو کے تئیں نرم پڑ گئی تھی اور مطالبات تسلیم کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ اس کے بعد ہی ایکناتھ شندے نے بچو کڑو کو اپنی پارٹی میں شامل کرکے ایم ایل سی بنوایا تھا۔ اب وہ اپنی ہی حکومت پر تنقید کر رہے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK