Inquilab Logo

مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کے ہاتھوں ’میری ماٹی میرا دیش‘ مہم کاآغاز

Updated: August 10, 2023, 7:07 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

اس مہم کے تحت مجاہدین آزادی کی قربانیوں کو یاد کیاجائے گا،ان کی قربانیوں کے سبب ہی آج ہم آزاد ملک میں سانس لے رہے ہیں :وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے

Chief Minister Eknath Shinde at August Kranti Maidan. Photo: INN
وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے اگست کرانتی میدان میں۔ تصویر: آئی این این

’بھارت چھوڑو‘ تحریک کی سالگرہ کے موقع پر وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے ’میری ماٹی میرا دیش‘ مہم کا بھی آغازکیا۔ اس موقع پر اگست کرانتی میدان جہاں سے ’ بھارت چھوڑو‘ تحریک شروع کی گئی تھی، میں منعقدہ تقریب میں وزیر اعلیٰ نے آزادی کی جدوجہد میں حصہ لینے والوں کو یاد کیا اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ’’آج ہم آزادی کی فضا میں سانس لے رہے ہیں جو اِن کی قربانیوں کا ہی صلہ ہے۔ مہاراشٹر کی سرزمین سے انگریزوں کو ملک چھوڑنے کا انتباہ دیا گیا تھا۔’میری ماٹی میرا دیش‘ مہم کے دوران ہم مجاہدین آزادی کی قربانیوں کو یاد کریں گے اورملک کو ترقی کی جانب گامزن کرے کا عزم بھی کریں گے۔سوراج کا فخر مہاراشٹر کی سرزمین سے ابھرا ہے، ہر کسی کو اس پر فخر ہونا چاہئے۔‘‘
پروگرام کے آغاز میں وزیر اعلیٰ، نائب وزرائے اعلیٰ اور دیگر معززین نے ’اگست کرانتی استمبھ‘ کو سلامی دی۔ اس کے بعد ملک کیلئے قربانی دینے والے رہنماؤں کے ناموں والی تختی کی نقاب کشائی کی گئی اور ’وسودھا وندن‘ کے تحت درخت لگائے گئے۔ اس کے علاوہ مہمانان نے راشٹریہ چھاترا سینا کے طلبہ کی میراتھن ریلی کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔
اس موقع پر نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس، نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار، خوراک اور شہری رسد کے وزیر چھگن بھجبل، ثقافتی امور کے وزیر سدھیر منگنٹیوار، ممبئی کے مضافاتی ضلع کے نگراں وزیر منگل پربھات لودھا، چیف سیکریٹری منوج سونک، ایم ایل سی منیشا کائندے، بی جے پی کے ممبئی کے صدر اور رکن اسمبلی آشیش شیلار، رکن اسمبلی یامینی جادھو،سدا سراونکر، چیف منسٹر کے پرنسپل سیکریٹری اور محکمہ ثقافتی امور کے پرنسپل سیکریٹری وکاس کھرگے، ممبئی میونسپل کارپوریشن کے کمشنر / ایڈمنسٹریٹراقبال سنگھ چہل اور دیگر موجود تھے۔
وزیراعلیٰ شندے نے مزید کہا کہ مہاتما گاندھی نے یہاں سے انگریزوں کو ’بھارت چھوڑو‘ کا نعرہ دیا تھا اور نوجوانوں میں بیداری پیدا کی تھی۔ عوام نے انگریزوں کی ناانصافیوں کے خلاف لڑنے کا حوصلہ دکھایا تھا۔ ایسے لاتعداد شہیدوں کی قربانیوں سے ہمیں آزادی ملی۔ ہم `’ میری ماٹی میرا دیش ‘نامی حب الوطنی کی پہل کے ساتھ آزادی کے امرت مہوتسو کا اختتام کر رہے ہیں۔ اس مہم کے ذریعے ہر شہری کے ذہنوں میں وطن، مذہب اور عزت نفس کو ابھارنے کا کام کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے دیئے گئے اس منتر کی بیداری کی آج ضرورت ہے۔
مہاراشٹر شیو چھتر پتیوں کی میراث ہے۔ اس کے ساتھ مہاراشٹر نے ملک کو بڑی تعداد میں سنت، سماجی مصلح اور انقلابی دیئے ہیں۔ مزدوروں، کسانوں، نے بھارت چھوڑو تحریک اور جنگ آزادی میں حصہ لیا تھا۔ اس لئے نہ صرف ان کی قربانی کو یاد کرتے ہوئے بلکہ نوجوانوں کو ان کی وفاداری کا پیغام دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ مہم پورے ملک میں چلائی جا رہی ہے۔ 
محکمہ ثقافتی امور نے ملک کے یوم آزادی کی مناسبت سے مختلف پروگراموں کا انعقاد کیا۔ ہماری ریاست نے ملک میں پہلا مقام حاصل کیا۔ ثقافتی امور کے وزیر سدھیر منگنٹیوار کی قیادت میں محکمہ نے ’ہر گھر ترنگا ‘پہل میں ریاست کو پہلا درجہ حاصل کیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ ’’اگست کرانتی میدان کی تاریخی یادیں ہیں اور ممبئی میونسپل کارپوریشن نے اسے محفوظ کرنے کا کام کیا ہے۔
مہم کے ذریعے غلامی کے نشان مٹانے کا کام کیاجائے گا : نائب وزیر اعلی دیویندر فرنویس
نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے کہا کہ ۹؍ اگست آزادی کے متوالوں اور شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے۔ ہم نے اس جگہ پر شہیدوں کو یاد کرکے، درخت لگا کر، قومی ترنگا لہرا کر اور اپنی مٹی کو خراج عقیدت پیش کرکے آغاز کیا ہے۔ آنے والے وقت میں، ہم ان ’پنچپران‘ کے ذریعے شہریوں کے طور پر ملک کی ترقی کے اپنے خوابوں کو ضرور پورا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس مہم کے ذریعے غلامی کے نشانات مٹانے کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔ فرنویس نے مزید کہاکہ’’اگست کرانتی میدان کی منفرد اہمیت ہے اس لئے اس جگہ پر مناسب انتظام ہونا چاہئے، صفائی ہونی چاہئے، شہیدوں کی یاد گار ہونی چاہئے، ممبئی میونسپل کارپوریشن نے اس کے لئے اچھے انتظامات کئے ہیں۔
قربانیوں کو یاد کرکے ترقی کی آگ کو زندہ رکھیں : نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار
اس موقع پر نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے کہا کہ ملک کی آزادی کے لئے عوامی تحریک اگست کرانتی میدان سے شروع ہوئی تھی۔ ان آزادی پسندوں، ان کے خاندانوں نے ملک کیلئے قربانیاں دیں۔ حب الوطنی اور ترقی کا یہ شعلہ جلتا رہے گا اور اسے اگلی نسل تک پہنچانے کیلئے ہم سب کو کام کرنا چاہئے۔ بہت سے لوگوں نے ملک کی ترقی میں حصہ لیا ہے۔ ۱۹۴۷ءسے وزیر اعظم نریندر مودی تک ترقی کا سفر جاری ہے۔ ممبئی میں پیش آنے والے مختلف واقعات کا ذکر کرتے ہوئے اجیت پوار نے ممبئی والوں کے لڑنے کے جذبے کی بھی تعریف کی۔
ان معززین کی موجودگی میں حلف لیا گیا کہ ہندوستان ایک ترقی یافتہ ملک بننا چاہتا ہے نیز ۲۰۴۷ءتک ہندوستان کو ترقی یافتہ ملک بنانے کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنا ہوگا۔ غلامی کی ذہنیت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا ہوگا۔ ملک کے شاندار ورثے پر فخر کرنا۔ اتحاد اور یکجہتی کا خیال رکھیں۔
منترالیہ میں شیواجی کو یاد کیا جائے گا
وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کہاکہ ’’چھترپتی شیواجی مہاراج کا دور اقتدار بھی مہاراشٹر اور ملک کیلئے مشعل راہ ہے اور اسی لئے اب منترالیہ میں روزانہ صبح پونے گیارہ بجے گیت بجا کر اور چھترپتی شیواجی کے دور کے واقعات کو بیان کرکے انہیں یاد کیا جائے گا۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK