• Mon, 23 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ملئے ابن صفی کی اس مداح سے جو محض ۱۲؍ سال کی عمر میں اُن کے تمام ناول پڑھ چکی ہے

Updated: July 30, 2025, 10:17 PM IST | Mubasshi Akber | Mumbai

انجمن اسلام جنجیرہ میں چھٹی جماعت میں زیر تعلیم آسیہ مزمل سرکھوت کا پسندیدہ کردارشوخ او ر مست مولا عمران نہیں بلکہ سنجیدگی اور پختگی کی علامت کرنل فریدی ہے، انقلاب نے اس کمسن طالبہ سے گفتگو کی

Asia with her father Muzammil Sarkhut
آسیہ اپنے والد مزمل سرکھوت کے ساتھ

جاسوسی ناولوں کے سرتاج  ابن صفی کے قلم کا  جادو اور ان کے ناولوں کو پڑھنے کا چسکہ نسل در نسل منتقل ہوتا ہے اور یہ بات ثابت شدہ ہے۔ کیسے ہر۱۵؍ سے ۲۰؍ سال میں ایک  نئے دور کی نئی نسل نے ابن صفی کو پڑھنا شروع کیا اور ان کی مداح بن گئی لیکن ادھر کچھ برسوں سے یہ بات مشاہدے میں آئی ہے کہ لوگوں میں مطالعہ کی عادت کم ہوتی جارہی ہے اس کے باوجود ابن صفی کا کریز کم نہیں ہوا ہے۔  آج ہم آپ کو ابن صفی کی ایک ایسی مداح سے ملوارہے ہیں جو ہے تو محض ۱۲؍ سال کی لیکن اس نے ابن صفی کے تقریباً تمام ناول پڑھ ڈالے ہیں۔ یہاں تک کہ کئی ناول ۲؍ سے ۳؍ بار بھی پڑھ چکی ہیں۔  انجمن اسلام جنجیرہ ہائی اسکول کی چھٹی جماعت میں زیر تعلیم آسیہ مزمل سرکھوت  نہ صرف ابن صفی کی مداح ہیں بلکہ وہ ان کے تخلیق کردہ کردارکرنل فریدی کی زیادہ بڑی مداح ہیں۔ انہوں نے ہم سے گفتگو میں کہا کہ ’’ابن صفی کی تصنیفات ایسی ہیں کہ بار بارپڑھنے پر بھی  ہر بارپہلے  جیسا ہی  لطف آتا  ہے بلکہ ہر مرتبہ ایک نئے معنی سے ذہن آشنا ہوتا ہے۔ انہوں نے عمران اور فریدی دو کردار لکھے  اور ممکن ہے کہ بہت سے لوگوں کو عمران زیادہ پسند آتا ہو لیکن مجھے کرنل فریدی کا کردار زیادہ پسند ہے۔‘‘  
 کرنل فریدی کو پسند کرنے کی وجہ آسیہ  بتاتی ہیں کہ فریدی کا جو جاسوسی کا طریقہ ہے وہ بہت پُر اسرارہے، چھپ کر مجرم کا پتہ لگانا اور اپنےاسسٹنٹ کیپٹن حمید اور محکمے کو اس سے  بے خبر رکھنا ، ایسی چیزوں کو اہمیت دینا جن پر دوسروں کی نظر نہ ہو، یہ سب ایسی چیزیں ہیں جو میرے خیال میں ایک آئیڈیل سراغ رساں میں ہونی چا ہئیں۔ پھر اس کے بعد  اپنے  اسسٹنٹ کے ساتھ برادرانہ برتاؤ ،   اس سے ایسے کام کروانا  جن میں اسے کوئی دلچسپی نہیں کافی مزاحیہ ہے۔‘‘  آسیہ کے مطابق ہم فریدی کو اردو کا ’سپر ہیرو‘ بھی کہہ سکتے ہیں۔ آسیہ یہ بھی کہتی ہیں کہ عمران سیریز بھی انہیں پسند ہے جس میں   عمران اور ایکس ٹو  کےرول کے درمیان بہت زبردست تضاد موجود ہے لیکن فریدی کے کردار میں کوئی تضاد نہ ہونے کی وجہ سے وہ مجھے زیادہ پسند آتا ہے۔ابن صفی کے علاوہ آسیہ نے کچھ تاریخی ناولوں اور کتابوں کا مطالعہ بھی کیا ہے جبکہ وہ  اپنے نصاب کی کتابیں بھی پورے شوق سے پڑھتی ہے۔ 
 آسیہ ابھی بارہ سال کی ہے ،چھٹی جماعت میں پڑھتی  ہے لیکن اس کے والدین اس کے ساتھ ہی اسے دینی تعلیم بھی دلارہے ہیں جہاں وہ  دوم درجے میں عربی اور احادیث کی تعلیم حاصل کررہی ہے۔  اس کے والد مزمل سرکھوت کہتے ہیں کہ’’ ہم نے آسیہ کو کسی  جونیئر یا سینئر کے جی  میں نہیں بھیجا ۔ اس کی تربیت اور تعلیم کے  لئےجو بھی چیزیںضروری تھیں سب گھر میں جمع کیں اور یہیں اس کی تعلیم اور بنیاد کو مضبوط کرنے کا کام کیا۔  اس دوران اسے بچوں کے مختلف رسالے  جیسے پیام تعلیم ، گل بوٹے ،گلشن اطفال اور دیگرگھرپر منگواکر دئیے تاکہ اس کا مطالعہ کا ذوق پروان چڑھے۔ میں خود بھی گھر میں اس کے سامنے کتاب لے کر مطالعہ کرتا تھا تاکہ مجھے دیکھ کر اسے بھی ترغیب ملے۔‘‘  مزمل سر کھوت کہتے ہیں کہ ابن صفی چونکہ میرے بھی پسندیدہ قلم کار ہیں اسی لئے جب وہ پانچویں جماعت میں پہنچی تو ہم نے اسے ابن صفی کے ناول پڑھنے کیلئے دئیے ۔ آسیہ نے بھی ان کی تحریریں پسند کیں اور مجھ سے ا ن کی مزید کتابوں کی فرمائش کی۔ جنوری ۲۰۲۴ء  کے ممبئی کتاب میلے سے ہم نے اسے ابن صفی کا پورا سیٹ خرید کردیا۔ آسیہ نے  ان کتابوں کا مطالعہ شروع کیا اور چند ماہ میں پورا سیٹ مکمل کرلیا ۔ اس مطالعہ کے دوران ہم دونوں باپ بیٹی کی اس بات پر ہمیشہ بحث ہوتی کہ فریدی اور عمران میں سے بہتر کون ہے۔ چونکہ عمران میرا پسندیدہ کردار ہے اور فریدی اس کا اس لئے یہ بحث بہت کارآمد بھی ہوتی ہے اور اکثر مزیدار بھی کیوں کہ ہمیں پھر سے ان کرداروں کی بازیافت کا موقع ملتا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK