Inquilab Logo

بلڈنگوں اور سوسائٹیوں میں لگے سولار پینل میں بھی مچھروں کی افزائش!

Updated: July 30, 2023, 10:43 AM IST | Nadeem asran | Mumbai

شہریوںکو بی ایم سی کی جاری کردہ احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کا مشورہ ، شہری انتظامیہ سولار پینلوں میں بھی جراثیم کش دواؤں کا چھڑکاؤ کرے گی

There is also a risk of mosquitoes breeding around solar panels
سولار پینل کے اطراف بھی مچھروں کی افزائش کا خطرہ

ایک طرف موسم باراں میں مچھروں کی افزائش کے سبب ہونے والی موسمی بیماریوں سے مریضوں کی تعداد میں جہاںروزبروز اضافہ ہوتا جارہا ہے وہیںشہریوں کو اب گلی محلوں میں کچرے کے انبار ، گٹروں اور گھروں میں جمع ہونے والے پانی کی وجہ سے ہی نہیں بلکہ مکانوں اور بلڈنگوں کی ٹیریس پر لگائے جانے والے سولار پینل سے بھی مچھروں کی افزائش میں اضافہ اور ان سے ہونے والی بیماریوں کا شکار ہونا پڑ رہا ہے۔ اس سلسلہ میں بی ایم سی محکمہ صحت کو شہریوں کی جانب سے کئی شکایتیں موصول ہوئی ہیں۔ اس پر محکمہ صحت نے جہاں جمع ہونےوالے پانی کے سبب مچھروں کے پیدا ہونے اور بیماری کا سبب بننے سے بچنے کے ضمن میں جاری کردہ ہدایات پر عمل کرنے کامشورہ دیا ہے وہیںجلد ہی شہر و مضافات میں جا بجا لگنے والے سولار پینلوں پر جراثیم کش دواؤں کے چھڑکاؤ کے علاوہ اس کا مستقل حل تلاش کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی ہے۔
 امسال موسم باراں میں شہریوں کوبجلی کا بل کم کرنےکے مقصد سے لگائے گئے سولار پینل کے سبب بھی مختلف موسمی بیماریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ شہر میں فلک بوس عمارتوں کا جال سا بچھتا جارہا ہے ۔ وہیں ان عمارتوں میں رہنے والے شہر کے اکثر مکینوں نےہزاروں روپے آنے والے بجلی کے بل سے بچنے کے لئے جو سولار پینل لگائے ہیں وہ ملیریا اور ڈینگو جیسی بیماری کا سبب بن رہا ہے ۔ بی ایم سی محکمہ صحت میں موصول ہونے والی شکایت کے مطابق ان نصب شدہ سولار سسٹم (پینلوں ) میں بارش کا پانی رک جاتا ہے جس کی وجہ سے ان میں مچھر ہی نہیں دیگر جراثیم کی افزائش ا ہوتی ہے اور یہی بیماری کا سبب بنتے ہیں۔
 بی ایم سی محکمہ صحت نے اس سلسلہ میں سوساٹی ممبران کو جہاںسولار پینل میں پانی جمع ہونےپر اس بچنے کی اپیل کی ہے وہیں بی ایم سی کی پانی جمع ہونے سے بچنے کیلئے جاری کردہ احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کا بھی مشورہ دیا ہے ۔
 اس ضمن میں شہر کے ایڈیشنل کمشنر شرون ہردیکرکا کہنا تھا کہ’’ شہر میں موسمی بیماری کے سبب اکثر و بیشتر شہری ملیریا ، ڈینگو اور گیسٹرو جیسی بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں ۔ یہ بھی سچ ہے کہ مچھروںکے سبب ہی ان بیماریوں سے شہریوں کو دو چار ہونا پڑ رہا ہے ۔ اس کے سدباب کے لئے بی ایم سی جہاں شہر کے ۲؍ لاکھ سے زیادہ علاقوں میں جراثیم کش دوا کا چھڑکاؤ کر چکی ہے  وہیں سولار پینلوں میں پیدا ہونے والے مچھروں کی موصولہ شکایت کا بھی جائزہ لیا جائے گا اوران پر بھی جراثیم کش دواؤں کا چھڑکاؤ کیا جائے گا۔‘‘
 شہر میں موسمی عارضہ کے تعلق سے بی ایم سی کے ترتیب کردہ ریکارڈ کے مطابق ایک ماہ میں گیسٹرو کے سب سے زیادہ کیس درج کئے گئے ہیں ۔ ایک ماہ میں گیسٹرو کے ایک ہزار ۷۴۴؍ ملیریا کے ۶۷۷؍ اور ڈینگو کے ۳۵۳؍ کیس درج کئے جاچکے ہیں ۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK