Inquilab Logo

ممبئی و مضافات میں نالوں کی صفائی شروع ہونے میں گزشتہ برس کے مقابلے تاخیر

Updated: March 11, 2024, 3:31 PM IST | Shahab Ansari | Mumbai

اس سال بی ایم سی نے ۲۹۲؍ کروڑ روپے کے اخراجات سے نالے صفائی کرنے کا منصوبہ بنایا ہے البتہ گزشتہ برس کے مقابلے زیادہ وقت گزر جانے کے باوجود اس میں اب تک پیش رفت نہیں ہوئی ہے۔

Workers cleaning drains. Photo: INN
نالوں کی صفائی کرتے ہوئے کارکنان۔ تصویر: آئی این این

گزشتہ برس شہر و مضافات میں نالوں کی صفائی کا کام ۶؍ مارچ کو شروع ہوکر ۳۱؍ مئی کو مکمل ہوگیا تھا لیکن اس سال نالے صفائی کی ذمہ داری سونپنے میں تاخیر کے سبب۲۰؍ مارچ کے بعد یہ کام شروع ہونے کا امکان ہے۔ 
واضح رہے کہ ہر سال بارش کا موسم شروع ہونے سے قبل برسات کے پانی کی نکاسی کی دیکھ ریکھ کے ذمہ دار ڈپارٹمنٹ کی جانب سے ممبئی و مضافات میں واقع بڑے اور چھوٹے نالوں سے کچرا اور گندگی نکالنے کا کام کیا جاتا ہے۔ یہ محکمہ ہر سال ماضی کے تجربات کی بنیاد پر اندازے سے یہ طے کرتا ہے کہ نالوں سے کتنا کچرا اور گندگی صاف کی جانی چاہئے۔ تاہم مذکورہ ساری مقدار اندازے سے طے کی جاتی ہے اس لئے بی ایم سی کے ذریعہ نالوں کی صفائی مکمل ہوجانے کے باوجود اس بات کی کوئی ضمانت نہیں ہوتی کہ نالوں میں مزید کتنا کچرا اور گندگی پڑی ہوسکتی ہے۔ نالوں کی صفائی کا ایک مقصد یہ ہوتا ہے کہ برسات میں سڑکوں پر سیلابی صورتحال پیدا نہ ہو تاہم شہر و مضافات میں ایسی ۴۸۶؍ جگہیں ہیں جہاں ۵۰؍ ملی میٹر بارش ہونے پر بھی سڑکوں پر پانی جمع ہوجاتا ہے۔ 
ممبئی میں ۲۸۱؍ بڑے نالے ہیں جبکہ چھوٹے نالوں کی تعداد ایک ہزار ۴۹۰؍ ہے۔ سڑکوں سے متصل گٹروں کی تعداد ایک ہزار ۳۸۰؍ ہے۔ 
گزشتہ برس نالے صفائی کا کام ۶؍مارچ ۲۰۲۳ء سے شروع ہوا تھا اور اسے ۳۱؍ مئی تک مکمل کیا جانا تھا لیکن بی ایم سی نے دعویٰ کیا تھا کہ ۲۵؍ مئی تک ۹؍لاکھ ۸۱؍ ہزار ۵۰۶؍ ٹن کچرا نکالا گیا جس سے یہ کام وقت سے پہلے مکمل ہوا اور ہدف سے زیادہ گندگی نالوں سے نکالی گئی۔ اس کے باوجود گزشتہ برس بار بار بارش میں شہر و مضافات کے متعدد علاقے زیر آب آتے رہے تھے۔ 
اس سال بی ایم سی نے ۲۹۲؍ کروڑ روپے کے اخراجات سے نالے صفائی کرنے کا منصوبہ بنایا ہے البتہ گزشتہ برس کے مقابلے زیادہ وقت گزر جانے کے باوجود اس میں اب تک پیش رفت نہیں ہوئی ہے۔ تاہم بی ایم سی ذرائع کے مطابق شہر، مشرقی مضافات اور مغربی مضافات میں نالوں کی صفائی کی ذمہ داری سونپنے کا کام مکمل نہیں ہوا ہے۔ یہ کام آئندہ ۱۵؍ دنوں میں مکمل ہونے کا امکان ہے اس لئے اس سال ۱۵؍ یا ۲۰؍ مارچ سےنالے صفائی کا کام شروع ہوسکتا ہے۔  تاخیر سے کام شروع ہونے پر یہ سوال بھی پیدا ہوتا ہے کہ آیا ۳۱؍ مئی تک نالوں کی صفائی مکمل ہوسکے گی یا نہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK