Inquilab Logo

صاف صفائی کےسروے میں ممبئی تھانے، نوی ممبئی اور وسئی -ویرار سے بھی پیچھے رہ گیا

Updated: December 17, 2021, 9:31 AM IST | Mumbai

گزشتہ سال کے کل ہند سروے میں ممبئی کا مقام ۳۵؍ واں تھا جو امسال ۳۷؍ رہا ۔کوڑاکرکٹ کے مسائل سے کارکردگی متاثر ہوئی

BMC plans to make Mumbai a cleaner global city by 2030. (Photo: Pradeep Dhewar)
بی ایم سی کا ممبئی کو ۲۰۳۰ء تک صاف ستھرا گلوبل شہر بنانے کا منصوبہ ہے۔ (تصویر: پردیپ دھیور)

حالیہ ’سوچھ سرویکشن‘ یا ’کلین سروے‘ میں ملک کے ۴۸؍ شہروں میں ممبئی کا مقام ۳۷؍ واں رہا۔ یہ سروے وزارت ہاؤسنگ اور اربن آفیئر کے ذریعے منعقد کیا گیا تھا۔ نوی ممبئی نے اس سروے میں چوتھا مقام حاصل کیا جبکہ اندور ، سورت اور وجے واڑہ بالترتیب اوّل ، دوّم اور سوم رہے۔ گزشتہ سال کے مقابلے میں ممبئی  امسال اس سروے میں ۲؍ مقام نیچے آیا جبکہ اس نے ویسٹ مینجمنٹ کے زمرے میں اختراع اور بہترین طریقے اپنانے پر ٹاپ پوزیشن حاصل کی۔کوڑاکرکٹ کے مسلسل مسائل سے ممبئی کی کارکردگی متاثر ہوئی۔
  برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی ) کی حالیہ ’انوائرومنٹ اسٹیٹس رپورٹ (ای ایس آر)‘ کے مطابق ممبئی میں روزانہ  ۶؍ہزار ۵۰۰؍ تا ۶؍ ہزار ۸۰۰؍ میٹرک ٹن کوڑاکرکٹ نکلتا ہے۔ شہری انتظامیہ کے مطابق شہر کے بڑے ڈمپنگ گراؤنڈ دیونار ، کرجت اور ملنڈ میں کوڑاکرکٹ پھینکنے کی گنجائش تقریباً ختم ہورہی ہے۔ موجودہ کوڑاکرکٹ کو ہٹاکر ملنڈ ڈمپنگ گراؤنڈکو حاصل کرنے کی کارروائی جاری ہے اور بی ایم سی متعدد ڈیڈلائن   کے باوجود یہ کام مکمل نہیں کرسکی ہے۔۲۴؍ ہیکٹر پر پھیلے ہوئے ملنڈ ڈمپنگ گراؤنڈ کا استعمال ۱۹۶۷ء سے کیا جارہا ہے۔ نومبر کے شروع میں اس تعلق سے پتہ چلا تھا کہ ملنڈڈمپنگ گراؤنڈکے کام کیلئے جو رفتاردرکار ہے ، وہ مختلف مسائل کی وجہ سے نہیں مل رہی ہے جن میں راکھ کوٹھکانے لگانے کا انتظام کرنا، لاک ڈاون کے سبب افرادی قوت کی کمی اور مانسون وغیرہ شامل ہیں۔
 شہری انتظامیہ کی ای ایس آر رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ۲۰۱۷ء میں ممبئی کو ’کھلے میں رفع حاجت سے پاک‘ قرار  دیا گیا تھا لیکن اس معاملے میں شہر اب کہاں کھڑا ہے؟ ’اوپن ڈیفکیشن فری (اوڈی ایف)‘ معاملے میں ممبئی کو ۷۰۰؍ نمبروں میں سے ۳۰۰؍ نمبر حاصل ہوئے جبکہ نوی ممبئی اور تھانے کو اسی زمرے میں ۱۸۰۰؍ نمبروں میں سے بالترتیب ۱۶۰۰؍ اور ۱۱۰۰؍ نمبر حاصل ہوئے۔ پرجا فاؤنڈیشن کی آر ٹی آئی رپورٹ سے پتہ چلتا ہے کہ جنوری ۲۰۱۹ء میں بی ایم سی نے ۲۲؍ ہزار ۷۷۴؍ بیت الخلاء ایک سال میں تعمیر کرنے کا ہدف رکھا تھا اوراس کیلئے ۴۲۲؍ کروڑ روپے کے فنڈکی تجویز پاس کی تھی لیکن وہ ۲؍ سال میں اس  کے صرف ۲۰؍ فیصد بیت الخلاء ہی تعمیر کرسکی۔ رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ ۲۰۲۰ء میں شہری انتظامیہ ایک بھی کمیونٹی ٹوائلٹ تعمیر کرنے میں کامیاب نہیں ہوئی ۔ اس کی وجہ یہ بتائی گئی ہے کہ کورونا سے نمٹنے کے انتظامات کرنے کے سبب اس ہدف تک نہیں پہنچا جاسکا۔
 امسال  پانچ  اسٹار کیلئے درخواست دیئے جانے کے باوجود حالیہ ’سوچھ سرویکشن سروے‘ میں ممبئی کو ’کوڑاکرکٹ سے پاک‘ زمرے میں صفر ملا  ۔ گزشتہ سال بھی ’گاربیج فری اسٹیٹس (جی ایف ایس) کیلئے شہر کو ۱۱۰۰؍ نمبروں میں سے صفر ملا تھا۔گزشتہ برسوں کے دوران بی ایم سی نے کوڑاکرکٹ جمع کرنے کے مختلف طریقے متعارف کرائے جن میں ڈورٹوڈور گیلا اور سوکھا کچرا اٹھانا بھی شامل تھا۔ ای ایس آر کے مطابق کوڑاکرکٹ کوعلاحدہ کرنے کے معاملے میں ممبئی کا فیصدتقریباً ۸۲؍  ہے۔
 اگست ۲۰۲۱ء میں ’ویژن ۲۰۲۰ء‘ پروجیکٹ کے تحت برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی ) نے شہریوں کا سروے شروع کیا تھا جس کا مقصدکوڑاکرکٹ کو علاحدہ کرنے اور ٹھکانے لگانے کے معاملے میں ان کا جواب اور تجاویز معلوم کرنا تھا جس سے شہر کیلئے آئندہ ۱۰؍ سال کا روڈمیپ  بنانے میں مدد ملے گی اور ۲۰۳۰ء تک ممبئی  کو صاف ستھرا گلوبل شہر بنایا جائے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK