سینٹرل ریلوے کے سینئر سیکشن انجینئر اور سیکشن انجینئر پر دوسروں کی زندگی خطرے میں ڈالنے کا الزام
EPAPER
Updated: November 04, 2025, 12:22 AM IST | Mumbai
سینٹرل ریلوے کے سینئر سیکشن انجینئر اور سیکشن انجینئر پر دوسروں کی زندگی خطرے میں ڈالنے کا الزام
                                گورنمنٹ ریلوے پولیس (جی آر پی) نے پیر کو اطلاع دی ہے کہ ممبرا میں ۹؍ جون کو پیش آنے والے ٹرین حادثہ کے سلسلے میں سینٹرل ریلوے کے ۲؍ انجینئروں کے خلاف کیس درج کرلیا گیا ہے۔ حادثہ کے بعد پولیس نے حادثاتی موت کا کیس درج کیا تھا البتہ اب اس میں ۲؍ انجینئروں کو نامزد کیا گیا ہے۔
جی آر پی کے ایک افسر کے مطابق ان کی تفتیش میں جو شواہد سامنے آئے ہیں ان کی بنیاد پر سینٹرل ریلوے کے ایک سینئر سیکشن انجینئر اور ایک سیکشن انجینئر کے خلاف بھارتیہ نیائے سنہیتا (بی این ایس) کی دفعہ ۲۵ (دوسروں کی زندگی یا ذاتی تحفظ کو خطرے میں ڈالنے والا عمل) کے تحت کیس درج کرلیا گیا ہے۔
 یاد رہے کہ ۹؍ جون، ۲۰۲۵ء کو کسارا جارہی ایک لوکل اور سی ایس ایم ٹی جارہی ایک دیگر لوکل کے مسافر دیوا اور ممبرا ریلوے اسٹیشنوں کے درمیان حادثاتی طور پر ٹرین سے ریلوے ٹریک پر گر گئے تھے۔ ان میں سے ۵؍ افراد کی موت ہوگئی تھی جبکہ دیگر ۹؍ لوگ زخمی ہوگئے تھے۔ 
 اس حادثہ کے بعد ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ ٹرینوں کے دروازوں پر لٹک کر سفر کرنے والے مسافروں کے کاندھوں پر لٹکے ہوئے بیگ آمنے سامنے سے گزرنے والی ٹرینوں کے مسافروں سے ٹکرا گئے تھے جس سے یہ حادثہ پیش آیا۔ اس بنیاد پر اس طرح کے حادثات کی روک تھام کیلئے یہ تجویز پیش کی گئی تھی کہ بغیر اے سی والی لوکل ٹرینوں کے ڈبوں میں بھی خود کار دروازے لگائے جائیں گے۔ اس پر عمل کرتے ہوئے خود کار دروازوں کا ٹرائل بھی ہوچکا ہے۔