Inquilab Logo

میں نےبنگلہ دیش کی آزادی کیلئے ستیہ گرہ کیا تھا: نریندر مودی

Updated: March 27, 2021, 10:43 AM IST | Agency | Dhaka

ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی جمعہ کو بنگلہ دیش کے یوم آزادی کی تقریب میں شریک ہونے ڈھاکہ پہنچے جہاں نے اپنے خطاب میں بنگلہ دیشی عوام سے اظہار یکجہتی کیا اور بتایا کہ بنگلہ دیش کی آزادی کی جدوجہد میں انہوں نے بھی بالواسطہ حصہ لیا ہے۔

Modi in Bangladesh - Pic : PTI
پی ایم مودی بنگلہ دیش میں ۔ تصویر : پی ٹی آئی

ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی  جمعہ کو بنگلہ دیش کے  یوم آزادی کی تقریب میں شریک ہونے ڈھاکہ پہنچے جہاں نے اپنے خطاب میں بنگلہ دیشی عوام سے اظہار یکجہتی کیا اور  بتایا کہ بنگلہ دیش کی آزادی کی جدوجہد میں انہوں نے بھی بالواسطہ حصہ لیا ہے۔ 
 مودی نے اپنے خطاب  میں کہا کہ ’’ کیا حسین اتفاق ہے کہ بنگلہ دیش کی آزادی کے ۵۰؍ سال کے موقع پر ، ہندوستان کی آزادی کے ۷۵؍ سال مکمل ہو رہے ہیں۔‘‘ وزیراعظم نے کہا کہ ’’۲۱؍ ویں صدی کے آئندہ ۲۵؍ سال دونوں ممالک کیلئے بے حد  اہم ہیں۔‘‘   بنگلہ دیش کے یوم آزادی کی ۵۰؍ ویں  سالگرہ پر  بطور خاص مبارکباد دینے پہنچے  نریندر مودی نے کہا ’’ میں آج یہاں یاد کر رہا ہوں ان   لاکھو ں بیٹوں  اور بیٹیوں کو جنہوں نے اپنے ملک، اپنی زبان اور اپنی تہذیب کی خاطر بے شمار مظالم برداشت کئے  اور اپنی زندگی دائو پر لگا دی۔ 
  اس موقع پر نریندر مودی نے یہ حیران کن انکشاف بھی کیا کہ  انہوں نے خود بنگلہ دیش کی جدوجہد آزادی میں بالواسطہ حصہ لیا ہے۔  مودی نے کہا ’’ بنگلہ دیش کی  جدوجہد آزادی  میں شریک ہونا میری زندگی کی ابتدائی  جدوجہدوں میں سے ایک تھا۔‘‘ انہوں بتایا کہ ’’ میری عمر۲۰؍ یا ۲۲؍ سال رہی ہوگی جب میں  نے اور میرے کئی ساتھیوں نے بنگلہ دیش کی آزادی کیلئے ستیہ گرہ کیا تھا۔  وزیراعظم نے اس موقع پر یہ بھی دعویٰ کیا کہ وہ اس ستیہ گرہ کے دوران جیل بھی گئے تھے۔ 
  نریندر مودی بنگلہ دیش کی آزادی کے تعلق سے شیخ مجیب الرحمٰن کو یاد کرنا نہیں بھولے جنہیں بنگلہ دیش کا معمار یا بانی کہا جاتا ہے ۔ مودی نے کہا’’ بنگ بندھو( شیخ مجیب  کا بنگالی لقب) مجیب الرحمٰن  کے حوصلے اور ان کی قیادت نے یہ ظاہر کر دیا تھا کہ بنگلہ دیش کو کوئی بھی طاقت غلام بناکر نہیں رکھ سکتی۔‘‘  یاد رہے کہ شیخ مجیب الرحمٰن بنگلہ دیش کی موجودہ وزیر اعظم شیخ حسینہ کے والد ہیں جنہوں نے بنگلہ دیش کےقیام کیلئے کی گئی جدجہد کی قیادت کی تھی۔ اس موقع پر وزیراعظم مودی نے اس ہندوستانی فوج کو بھی یاد کیا جس نے بنگلہ دیش کے قیام کے وقت  پاکستانی فوج کے خلاف بنگالی مظاہرین کی مدد کی تھی۔ 
    انہوں نے کہا ’’ میں ہندوستانی فوج کے ان بہادر جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں جو ’مکتی یدھ ‘( بنگلہ دیش کی جنگ آزادی)  کے دوران  بنگلہ دیش کے بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑے ہوئے ، اپنی قربانی پیش، اپنا خون دیا اور  آزاد بنگلہ دیش کے خواب کی تعبیر کیلئے   اہم کردار ادا کیا۔  اس موقع پر مودی نے بنگلہ دیش کے صدر عبدالحامد ، وزیر اعظم شیخ حسینہ اور  بنگلہ دیش  کے عوام کا خاص طور سے شکریہ ادا کیا۔ 
  یاد رہے کہ وزیراعظم نریندر مودی کا بنگلہ دیش دورہ کافی دنوں سے سرخیوں میں تھا ، کیونکہ بنگلہ دیش کے ۵۰؍ ویں یوم آزادی کے موقع پر مخصوص عالمی لیڈروں کو مدعو کیا گیا تھا جن میں نریندر مودی کا نام بھی شامل تھا۔ حالانکہ اس موقع پر مقا می سطح پر مودی کی آمد کی مخالفت بھی کی گئی تھی۔ البتہ بنگلہ دیش حکومت دونوں ممالک کے درمیان اتحاد اور کاروباری مواقعوں کی تلاش کیلئے   مودی کی آمد کی منتظر تھی۔  اور نریندر مودی نے اپنے خطاب میں بھی  دونوں ممالک کے درمیان سرحدوں کے تعلق سے ہوئے معاہدوں کا خاص طور سے تذکرہ کیا۔ 
 اس موقع پر نریندر مودی نے خاص طور پر ہندوستان کی جانب سے بنگلہ دیش کے بانی شیخ مجیب الرحمٰن کو  دیئے گئے ’گاندھی امن ایوارڈ‘ کی ٹرافی  ان کی بیٹی شیخ حسینہ ( وزیراعظم) کے حوالے کی۔ اس موقع پر شیخ مجیب الرحمٰن کی دوسری بیٹی شیخ ریحانہ بھی موجود تھیں اور دونوں بہنوں نے مل کر ہندوستانی وزیر اعظم کے ہاتھوں یہ ٹرافی قبول کی۔   

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK