Inquilab Logo

تیس کروڑ۲؍جی صارفین کی منتقلی کیلئے ٹھوس پالیسی کی ضرورت

Updated: December 09, 2020, 11:38 AM IST | Agency

مکیش امبانی کا انڈیا موبائل کانگریس کے اجلاس سے خطاب، ۵؍ جی تکنیک کیلئے پُرعزم

Mukesh Ambani
مکیش امبانی’آئی ایم سی‘ کے ورچول اجلاس کے دوران۔

ریلائنس انڈسٹریز کے  سربراہ مکیش امبانی نے کہا کہ حکومت کو ۳۰؍ کروڑ  ۲؍ جی موبائل صارفین کو اسمارٹ فونز ٹکنالوجی میں منتقل کرنے کیلئے جلداز ٹھوس پالیسی بنانے کی  ضرورت  ہے۔
 ملک کی معروف ٹیلی کام کمپنی ریلائنس جیو کے مالک مکیش امبانی نے منگل کو چوتھی انڈیا موبائل کانگریس (آئی ایم سی)  کے ورچوئل اجلاس  سے خطاب کرتے ہوئے ان ۳۰؍ کروڑ صارفین کی حالت پر تشویش کا اظہار کیا جو اب بھی ڈیجیٹل ترقی کے دور میں بھی۲؍ جی ٹکنالوجی استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے حکومت سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس سمت میں جلد ٹھوس قدم اٹھائے تاکہ یہ صارفین ملک کی ڈیجیٹل معیشت سے وابستہ ہوکر اس کا فائدہ اٹھاسکیں۔مکیش امبانی نے کہا کہ۲؍جی سے ۳۰؍ کروڑ ہندوستانیوں کو آزاد کرنے اور انہیں اسمارٹ فونز ٹکنالوجی میں منتقل کرنے کیلئے حکومت کو جلد ہی کوئی ٹھوس پالیسی بنانی ہوگی۔
 ریلائنس کے سربراہ نے اگلے سال  کی دوسرے ششماہی میں دیسی۵؍جی ٹکنالوجی شروع کرنے کی تیاریوں کا اشارہ دیتے ہوئے کہا کہ جیو کی مقامی۵؍ جی تکنیک وزیر اعظم نریندر مودی کے خود کفیل ہندوستان مشن کی کامیابی کی کڑی ہے۔مودی کے’ ڈیجیٹل مشن‘ کی تعریف کرتے ہوئے مکیش امبانی نے کووڈ ۱۹؍ کے دور میں اسے ملک کی ڈیجیٹل لائف لائن قرار دیا۔ حکومت کی کاوشوں کی تعریف کرتے ہوئے مکیش امبانی نے کہا کہ ملک جلد ہی سافٹ ویئر کے ساتھ ہارڈویئر میں بھی اپنی مہارت سے صف اوّل میں ہوگا۔
یہ اجلاس ۸؍ سے ۱۰؍ دسمبر تک جاری رہے گا
  واضح رہے کہ آئی ایم سی کے  اس اجلاس کا اہتمام محکمہ ٹیلی کام ، حکومت ہند اور سیلولر آپریٹرز ایسوسی ایشن آف انڈیا (سی او اے) کے ذریعے کیا جارہا ہے۔ ٹیلی کام انڈسٹری کی اس تقریب کا چوتھا  اجلاس کورونا وائرس کے وبا کی وجہ سے پہلی بار ویڈیو کانفرنس کے ذریعے منعقد کیا جارہا ہے۔ یہ ۸؍ سے ۱۰؍ دسمبر تک جاری رہے گا۔ اس میں میں ۳۰؍ سے ​​زائد ممالک کے ۲۱۰؍ قومی اور بین الاقوامی مقرر اورتقریباً۳؍ہزارسے زیادہ نمائندے  حصہ لے رہے ہیں۔   اس میں مختلف وزارتیں، ٹیلی کام کمپنیوں کے سی ای او،عالمی سی ای اوز، ۵؍جی ٹکنالوجی کے ماہرین، آرٹیفیشیل انٹیلجنس (اے آئی)، انٹرنیٹ آف تھنگ (آئی او ٹی)، ڈیٹا اینالٹکس، کلاؤڈ اینڈ ایج کمپیوٹنگ، بلاکچین، سائبر سیکوریٹی کے ماہرین شرکت کریں گے۔
  وزیرا عظم  نریندر مودی نے اس جلاس کا افتتاح کیا ۔ ٹیلی کام  وزیر روی شنکر پرساد، وزیر مملکت برائے ٹیلی مواصلات سنجے دھوترے اور ٹیلی کام سیکریٹری انشو پرکاش نے  شرکت کی۔
ہندوستان ۵؍جی ٹکنالوجی  سے فائدہ اٹھائے گا
 بھارتی  ایئرٹیل چیئرمین سنیل متل نے بھی  اپنے خطاب کہا  کہ ہندوستان آنے والے۲؍ سے۳؍ سالوں میں۵؍جی ٹکنالوجی  سے فائدہ اٹھائے گا ،  اس سے نجی شعبے اور خلائی محکمہ میں  بھی ہندوستان کو بہت فائدہ ہوگا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK