Inquilab Logo Happiest Places to Work

نیپال: بالیندر شاہ نے بطور وزیر اعظم حلف لیا

Updated: March 27, 2026, 3:45 PM IST | Kathmandu

نیپال میں بالیندر شاہ نے وزیرِ اعظم کے عہدے کا حلف لے کر تاریخ رقم کر دی، وہ مدھیشی برادری سے تعلق رکھنے والے پہلے لیڈرہیں جو اس منصب پر فائز ہوئے۔ ان کی جماعت راسٹریہ سواتنتر پارٹی کی بھاری انتخابی کامیابی کے بعد یہ پیش رفت سامنے آئی، جو سیاسی بحران اور عوامی احتجاج کے بعد ممکن ہوئی۔

Balendra Shah taking oath as Prime Minister. Photo: PTI
بالیندرشاہ وزیر اعظم کا حلف لیتے ہوئے۔ تصویر: پی ٹی آئی

کھٹمنڈو پوسٹ کے مطابق ریپر سے سیاستداں بننے والے بالیندر شاہ نے جمعہ کو نیپال کے وزیرِ اعظم کے طور پر حلف لیا۔ صدر رام چندر پوڈیل نے کھٹمنڈو میں اپنے دفتر میں منعقدہ ایک تقریب میں ان سے حلف لیا۔ یہ پہلی بار ہے کہ مدھیشی برادری سے تعلق رکھنے والا کوئی لیڈر وزیرِ اعظم بنا ہے۔ بالیندر شاہ کئی دہائیوں میں اس عہدے پر فائز ہونے والے کم عمر ترین شخص بھی ہیں۔ سابق میئر کھٹمنڈو وزیرِ اعظم اس وقت بنے جب ان کی جماعت راسٹریہ سواتنتر پارٹی نے۵؍ مارچ کے انتخابات میں ۲۷۵؍ میں سے۱۸۲؍ نشستیں جیت لیں۔ یہ انتخابات ستمبر میں ہونے والے وسیع مظاہروں کے بعد ہوئے، جنہوں نے کے پی اولی کی حکومت کو گرا دیا تھا۔ 

حلف برداری کے بعد، صدر رام چندر پوڈیل نے مزید ۱۴؍ وزراء سے بھی حلف لیا۔ بالیندر شاہ جو ’بیلن‘ کے نام سے بھی مشہور ہیں، نے حلف اٹھانے سے ایک دن پہلے اپنی پہلی عوامی بیان ایک ریپ سانگ ’’جے مہاکالی‘‘ کے ذریعے جاری کیا۔ انہوں نے گانے میں کہا:’’اتحاد کی طاقت میری قومی طاقت ہے۔ ‘‘ یہ بحران، جس کی وجہ سے کے پی اولی کو استعفیٰ دینا پڑا، اس وقت شروع ہوا جب ۴؍ ستمبر کو نیپال میں ۲۶؍ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پابندی کے خلاف مظاہرے شروع ہوئے۔ اگرچہ کے پی اولی کی حکومت نے۸؍ ستمبر کو یہ پابندی ہٹا دی، لیکن احتجاج بدعنوانی اور بدانتظامی کے خلاف ایک بڑے عوامی مظاہرے میں تبدیل ہو گیا۔ ایک دن بعد، اولیٰ نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ ان مظاہروں میں کم از کم۷۲؍ افراد ہلاک ہوئے۔ 

یہ مظاہرے زیادہ تر’’جنریشن زیڈ‘‘( جین زی) سے تعلق رکھنے والے افراد کی جانب سے کئے گئے۔ ۱۲؍ ستمبر کو، سابق چیف جسٹس سشیلا کارکی کو عبوری وزیرِ اعظم مقرر کیا گیا تھا جب تک نئی حکومت تشکیل نہیں پا جاتی۔ سشیلانے جمعرات کو ایک ٹیلی ویژن خطاب میں اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ انہوں نے کہا:’’مجھے یقین ہے کہ نوجوان قیادت میں بننے والی نئی حکومت ملک میں بدعنوانی کے خاتمے، اچھی حکمرانی کے قیام، ملک میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے، معاشی ترقی اور سماجی انصاف کیلئے کام کرے گی۔ ‘‘ ہندوستان کے وزیرِ اعظم نریند رمودی نے جمعہ کو بالیندر شاہ کو مبارکباد دی اور کہا کہ وہ دونوں ممالک کے عوام کے باہمی فائدے کیلئے ہند-نیپال دوستی اور تعاون کو مزید مضبوط بنانے کیلئے قریبی تعاون کے خواہاں ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK