نیویارک کے لاگارڈیا ایئرپورٹ پر ایئر کنیڈا ایکسپریس کا طیارہ لینڈنگ کے دوران ایک فائر ٹرک سے ٹکرا گیا، جس سے ہنگامی صورتحال پیدا ہو گئی۔ حادثے کے بعد پروازیں معطل کر دی گئیں جبکہ کئی افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات بھی سامنے آئیں۔
EPAPER
Updated: March 23, 2026, 3:03 PM IST
نیویارک کے لاگارڈیا ایئرپورٹ پر ایئر کنیڈا ایکسپریس کا طیارہ لینڈنگ کے دوران ایک فائر ٹرک سے ٹکرا گیا، جس سے ہنگامی صورتحال پیدا ہو گئی۔ حادثے کے بعد پروازیں معطل کر دی گئیں جبکہ کئی افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات بھی سامنے آئیں۔
پیر (۲۳؍ مارچ)کو مونٹریال سے نیویارک کے لاگارڈیا ایئرپورٹ آنے والی ایئر کنیڈا ایکسپریس کی ایک پرواز لینڈنگ کے دوران ایک زمینی گاڑی سے ٹکرا گئی، ’رائٹرز‘ نے فلائٹ ریڈار۲۴؍ کے ذریعے پرواز کو ٹریک کرنے کے بعد رپورٹ کیا۔ اس پرواز کی شناخت ایئر کنیڈا ایکسپریس CRJ-900 کے طور پر ہوئی۔ امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (FAA) نے ایئرپورٹ پر تمام پروازوں کیلئے 0530 GMT تک گراؤنڈ اسٹاپ جاری کر دیا۔ ایف اے اے کے نوٹس کے مطابق ایئرپورٹ پر اس تعطل کی وجہ ایک ہنگامی صورتحال تھی اور اس میں توسیع کا بھی امکان ظاہر کیا گیا، تاہم مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔
نیویارک فائر ڈپارٹمنٹ نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ٹیمیں تصادم کے فوراً بعد موقع پر پہنچ گئیں۔ حکام نے ابھی تک واقعے کی وجہ یا زخمیوں کے بارے میں کوئی تفصیلی بیان جاری نہیں کیا۔ ایک علاحدہ نوٹس میں ایف ایف اے نے کہا کہ ایئرپورٹ 1800 GMT تک بند بھی رہ سکتا ہے۔ سوشل میڈیا پر غیر تصدیق شدہ ویڈیوز میں طیارے کے اگلے حصے (ناک) کو نقصان پہنچنے کی تصاویر دکھائی گئیں، تاہم، اس کی فوری طور پر تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔
WATCH: New video from LaGuardia Airport in New York City after plane collided with fire truck; multiple victims. pic.twitter.com/5cUpr3YjJf
— AZ Intel (@AZ_Intel_) March 23, 2026
فلائٹ ٹریکنگ ڈیٹا کے مطابق، یہ تصادم ممکنہ طور پر ایئر کنیڈا CRJ پرواز AC8646 اور ایک فائر ٹرک (Truck 1) کے درمیان ہوا، جو رن وے 04/22 کو عبور کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ نیویارک کی ایمرجنسی مینجمنٹ اتھاریٹی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لوگوں کو خبردار کیا کہ کوئنز کے اس بڑے ٹرانسپورٹ حب کے قریب پروازوں کی منسوخی، سڑکوں کی بندش، ٹریفک میں تاخیر اور ایمرجنسی عملے کی موجودگی متوقع ہے، اور لوگوں کو متبادل راستے استعمال کرنے کا مشورہ دیا۔ پیر کی صبح تک لاگارڈیا سے روانہ ہونے والی تمام پروازیں یا تو تاخیر کا شکار تھیں یا منسوخ کر دی گئی تھیں، جیسا کہ ایئرپورٹ کی ویب سائٹ سے ظاہر ہوا۔
اسی دوران ایئر ٹریفک کنٹرول (ATC) کی آڈیو بھی سوشل میڈیا پر سامنے آئی، جس میں حادثے سے قبل کے پریشان کن لمحات سنائی دیتے ہیں، جہاں اہلکار بار بار چیخ رہے تھے: ’’روک دو، روک دو، روک دو!‘‘ ایک کنٹرولر کی آواز بھی سنی گئی جو کہتا ہے:’’Truck 1 کو روکو، روک دو، روک دو، روک دو!‘‘ مسلسل انتباہات کے باوجود زمینی گاڑی طیارے سے ٹکرا گئی۔ تصادم کے بعد اے ٹی سی نے فوراً قریبی اور آنے والی پروازوں کو راستہ بدلنے یا واپس جانے کی ہدایت دی۔ نیویارک پوسٹ کی ایک رپورٹ کے مطابق، اس تصادم میں چار فائر فائٹرز زخمی ہوئے ہیں اور بتایا جاتا ہے کہ ان کی حالت تشویشناک ہے۔