بھرے جلسے میں چندر شیکھر باونکولے کی موجودگی میں ان کا نام لے کر کہا کہ باونکولے پرانے کارکنان کے ساتھ ناانصافی کر رہے ہیں
EPAPER
Updated: October 25, 2025, 11:38 PM IST | Nagpur
بھرے جلسے میں چندر شیکھر باونکولے کی موجودگی میں ان کا نام لے کر کہا کہ باونکولے پرانے کارکنان کے ساتھ ناانصافی کر رہے ہیں
بی جے پی میں باہر سے آئے ہوئے لوگوں کو ترجیح دی جا رہی ہے جس کی وجہ سے پارٹی کے پرانے کارکنان میں بے چینی ہے۔ اب اس معاملے پر بی جے پی کے سب سے سینئر لیڈر نتن گڈکری نے براہ راست اپنی پارٹی پر تنقید کی ہے۔ انہوں نے یہاں تک کہہ دیا ہے کہ پرانے کارکنان کو نظر انداز کرنے کی وجہ سے پارٹی جتنی تیزی سے اوپر گئی تھی اتنی ہی تیزی سے نیچے آجائے گی۔
یاد رہے کہ مرکزی وزیر نتن گڈکری اپنے بےباک اور بعض اوقات متنازع بیانات کیلئے مشہور ہیں۔ وہ اپنی ہی پارٹی پر طنز کرنے کیلئے بھی پہچانے جاتے ہیں لیکن سنیچر کو ناگپور میں ایک جلسے کے دوران انہیں پارٹی میں پرانے کارکنان کو نظر انداز کرکے نئے لوگوں کو ترجیح دینے کے معاملے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ اس پروگرام میں وزیر محصول چندشیکھر باونکولے بھی موجود تھے جو ریاستی بی جے پی کے صدر بھی رہ چکے ہیں۔ گڈکری نے کہا’’ راجیو پوتدار ( ناگپور میں بی جے پی کارکن) بی جے پی کے پرانے، ایماندار اور وفادار کارکن ہیں مگر چندر شیکھر باونکولے ان کے ساتھ انصاف نہیں کر رہے ہیں ۔ وہ جو کہا وت ہے کہ ’گھر کی مرغی دال برابر‘ کچھ ایسی ہی صورتحال بی جے پی میں بھی ہے۔ ‘‘
انہوں نے کہا ’’ باہر سے آئے ہوئے لوگ ’سائوجی چکن‘ کی طرح میٹھے لگتے ہیں لیکن پرانے کارکنان نے پارٹی کیلئے اپنی عمریں صرف کی ہیں۔ ان کی طرف توجہ دینا ضروری ہے۔ ‘‘ گڈکری کا کہنا تھا ’’ اس وقت میں پارٹی کے تنظیمی ڈھانچے میں نہیں ہوں ۔ آپ ہی (باونکولے) قیادت کر رہے ہیں لیکن اگر اسی طرح کارکنان کو نظر انداز کیا تو جس تیزی سے آپ اوپر جا رہے ہیں اتنی ہی تیزی سے نیچے بھی آئیں گے۔ لہٰذا پارٹی کو چاہئے کہ وہ اپنے ان کارکنان پر دھیان دے جنہوں نے پارٹی کو جوڑا ہے۔‘‘ گڈکری نے اور بھی واضح انداز میں کہا ’’ وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس اور چندر شیکھر باونکولے میونسپل الیکشن ہو جانےکے بعد ڈاکٹر پوتدار کے تعلق سے مثبت فیصلہ کریں گے۔ پوتدرا کی شکل میں بی جے پی کو ایک وقف کارکن ملا ہے یہ بھولنے سے کام نہیں چلے گا۔
گڈکری کے اس بیان سے پارٹی میں کھلبلی مچ گئی ہے۔ اس پروگرام میں باونکولے کے علاوہ وزیر مملکت آشیش جیسوال، رکن اسمبلی آشیش دیشمکھ اور ناگپور کے کئی اہم لیڈران موجود تھے ۔ گڈکری کے بیان کی وجہ سے ان کے چہرے اتر گئے۔ یاد رہے کہ حال ہی میں شولاپور میں بی جے پی کارکنان نے پارٹی کے دفتر کے باہر احتجاج کیا تھا۔ ان کا مطالبہ تھا کہ باہر سے آنے والوںکو پارٹی میں شامل کرنا بند کیا جائے اور پرانے کارکنان کو اہم ذمہ داریاں دی جائیں۔ نتن گڈکری نے بتایا کہ بی جے پی کے آنجہانی کارکن سونبا موسلے کو ریلوے فلائی اوور بنانے کا کنٹریکٹ دیا گیا ہے۔ ان کا بیٹا اسمبلی الیکشن لڑنا چاہتا تھا لیکن اس کا فارم اس لئے مسترد ہو گیا کہ وہ سرکاری کنٹریکٹر تھا۔ لہٰذا اس کا فارم واپس لیا گیا اس کے بعد اسے کنٹریکٹ دلوایا گیا۔ گڈکری یہ بتایا چاہتے تھے کہ پارٹی کے پرانے کارکنان کا کس طرح خیال رکھا جاتا ہے۔