Inquilab Logo

نتیش کمار کے آبائی ضلع نالندہ میں سب سے زیادہ شراب مافیا ہیں

Updated: January 17, 2022, 12:50 PM IST | Agency | Rajgir

جن ادھیکار پارٹی کے سربراہ پپویادو کا الزام ،وزیراعلیٰ کے آبائی ضلع میںزہریلی شراب سے مرنے والوں کے اہل خانہ سے ملاقات کی ، انہیں۱۰۔۱۰؍ ہزارروپے بطور امداد دیا،بہار میں شراب بندی قانون پر نظرثانی کی وکالت کی۔ زہریلی شراب سے مرنے والوں کی تعداد ۱۳؍ ہوگئی ،نا لندہ پولیس اور ایکسائز محکمہ کی ٹیم چھوٹی پہاڑی اور دیگر مقامات پر چھاپے مار رہی ہے

Jan Adhikar Party chief Pappu Yadav with the family of a man who died of alcoholism..Picture:INN
جن ادھیکار پارٹی کے سربراہ  پپو یادو شراب سے مر نےوالے ایک شخص کے اہل خانہ کے ساتھ۔ ۔ تصویر: آئی این این

 سابق رکن پارلیمنٹ اور جن ادھیکار پارٹی کے قومی صدر پپو یادو  نے الزام عائد کیا ہے کہ نتیش کمار کے آبائی ضلع نالند ہ میں سب سے زیادہ شراب مافیا ہیں۔  دریں اثنا ءنالندہ ضلع کے سوہ سرائے تھانہ علاقہ کے تحت چھوٹی پہاڑی میں زہریلی شراب پینے سے مرنے والوں کی تعداد۱۳؍ افراد ہوگئی ہے ۔ ادھرزہریلی شراب سے اموات کے معاملے میں ضلع پولیس اور ایکسائز محکمہ کی ٹیم مسلسل کامبنگ آپریشن چلا رہی ہے ۔ اتوار کو زہریلی شراب سے موت کے بعدپپو یادونے نالندہ پہنچ کر مرنےو الوں کے اہل خانہ سے ملاقات کی ۔ انہوں نے مرنے والوں کے اہل خانہ کو۱۰۔۱۰؍ ہزار روپے دیئے ۔ اس موقع پر میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے پیو یادو نے شراب بندی قانون کے سلسلے میں نتیش کمار پر تنقید  کی ۔ انہوں نے کہا:’’ ہم  نالندہ میں زہریلی شراب سے موت کے معاملے کو ہائی کورٹ لے جائیں گے۔ بہار میں شراب بندی قانون پر نظر ثانی کی ضرورت ہے ۔‘‘انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا: ’’وزیراعلیٰ نتیش کمار کے آبائی ضلع نالندہ میں سب سے زیادہ شراب مافیا ہیں۔‘‘ دریں اثنا ء اس معاملے میں سوہ سرائے تھانہ صدر سوریش پرساد کو معطل کر دیا گیا ہے ۔ واردات کے بعد نالندہ پولیس اور ایکسائز محکمہ کی ٹیم کے ذریعہ چھوٹی پہاڑی اور دیگر مقامات پر چھاپے ماری کی جارہی ہے ۔ مرنے والوں کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لئے بہار شریف صدر اسپتال لائی گئی ہیں ۔  ضلع  انتظامیہ نے اتوار کو بتایاکہ پولیس اس  میں ملوث  افراد کی گرفتاری کیلئے مسلسل کامبنگ آپریشن چلارہی ہے ۔ کئی افراد کو تفتیش کیلئے حراست میں بھی لیا گیاہے ۔ اس سلسلے میںبہار شریف کے بلاک ڈیولپمنٹ افسر انجن دتا نے کہاکہ اس معاملے میں اعلیٰ سطحی جانچ کی جارہی ہے ۔ جانچ کے بعد نتیجہ سامنے آئے گا۔ انتظامی افسران مرنے والوں کے اہل خانہ سے بھی تفتیش کررہے ہیں۔ اسی دوران  ڈپٹی پولیس سپرنٹنڈنٹ ( صدر ) شبلی نعمانی نے میڈیا سےکچھ بھی کہنے سے انکار کردیاہے ۔ انہوں نے صرف اتنا کہاکہ اہل خانہ سے تفتیش کی جارہی ہے ۔ادھر مرنے والوں کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ زہریلی شراب پینے ہی سے اموات ہوئی ہیں ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK