Inquilab Logo

فلائنگ سکھ کے انتقال پر صدر وزیر اعظم اور دیگر لیڈران کا اظہار تعزیت کہا ایسا رول اب نہیں ملے گا

Updated: June 20, 2021, 8:56 AM IST | New Delhi

ایمس کے ڈائریکٹر ڈاکٹر رندیپ گلیریا نے کہا کہ ان لاک شروع ہونے کے بعد سے عوام بہت زیادہ لاپروائی کا مظاہرہ کررہے ہیں جس کی وجہ سے تیسری لہر سے بچنا ممکن نظر نہیں آرہا ہے ،انہوں نے اپیل کی کہ بھیڑ بھاڑ سے بچنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے ، اگر ایسا نہیں ہوا تو حالات بہت زیادہ خراب ہوسکتے ہیں

Milkha Singh.Picture:Midday
ملکھا سنگھ تصویر مڈڈے

 ملک  کے عظیم ایتھلیٹ فلائنگ سکھ کہلانے والے ملکھا سنگھ کے انتقال پر پورے ملک سے اظہار تعزیت کے پیغامات ارسال کئے جارہے ہیں۔ اس سلسلے میں ملک کے صدر جمہوریہ رامناتھ کووند اورنائب صدر ونکیا نائیڈو نے بھی  ملکھا سنگھ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ ملکھا سنگھ کا کورونا کی پیچیدگی کی وجہ سے چندی گڑھ میں واقع پی جی آئی ایم ای آر میں جمعہ کی رات انتقال ہوگیا۔ رام ناتھ کووند نے ٹویٹ کرکے کہاکہ کھیل کی دنیا کے عظیم شخصیت ملکھا سنگھ کے انتقال سے میرا دل دکھ سے بھر گیا ہے۔ ان کی جدوجہد کی کہانی اور کیریکٹر کی طاقت ہندوستانیوں کی نسلوں کو ترغیب دیتی رہے گی۔ ان کے کنبہ کے اراکین اور بے شمار مداحوں کے ساتھ میری تعزیت۔ نائب صدرایم وینکیا نائیڈو نے فلائنگ سکھ ملکھا سنگھ کی موت پراپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ ملکھا سنگھ کے انتقال سے وہ دکھی ہیں۔ ملکھا سنگھ نے عالمی سطح پر اپنی جادوئی کارکردگی سے ہر ہندوستانی کو متاثر کیا اور انہیں فخر محسوس کرنے کا موقع فراہم کیا۔ انہوں نے کھیل کے شعبے میں نہ صرف مثالیں قائم کی بلکہ وہ زندگی کے کئی شعبوں میں رول ماڈل بنے۔ اب ہمیں ایسا کوئی  رول ماڈل نہیں ملے گا جس نے اتنی جدو جہد کے بعد  بے مثال کامیابی حاصل کی ۔  
 وزیر اعظم نریندرمودی نے عظیم کھلاڑی ملکھا سنگھ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا  ۔ مودی نے ملکھا سنگھ کو ایک مضبوط کھلاڑی قراردیا اور کہا کہ وہ ان گنت ہندوستانیوں کے دلوں میں بسے ہوئے ہیں۔وزیر اعظم نے  سلسلہ وار ٹویٹ میں کہا کہ ملکھا سنگھ کی موت سے ہم نے ایک عظیم کھلاڑی کھو دیا ہے۔ ہندوستانیوں کے دلوں میں ان کے لئے خاص مقام ہے۔ ان کی شخصیت سے لاکھوں ہندوستانیوں کو تحریک ملتی  رہی ہے۔ ایک دیگر ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ میں نے کچھ دن پہلے ہی ملکھا سنگھ جی سے بات کی تھی۔ میں   نےیہ سوچا بھی نہیں  تھا کہ یہ ہماری آخری بات چیت ہوگی۔
 کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی اور پارٹی کی جنرل سیکریٹری  پرینکا  گاندھی  نے عظیم رنر ملکھا سنگھ کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ راہل نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ ملکھا سنگھ جی صرف ایک اسپورٹس اسٹار نہیں بلکہ اپنے اچھے مزاج  کے انسان ہونے کی وجہ سے لاکھوں ہندوستانیوں کے لئے ترغیب کا ذریعہ بھی تھے۔ ان کے خاندان اور دوستوں کے ساتھ میری تعزیت۔پرینکا نے کہاکہ ملک میں جب بھی فلائنگ رنرس کی کہانی کہی جائے گی تب ایسی شخصیت کا نام ضرور آئے گا جس نے ریس کے میدان میں ملک اور کروڑوں ہندستاونی نوجوانوں کے خواب کو ایک نئی بلند ی دی۔ ملکھا سنگھ جی کو خراج عقیدت۔
 آندھراپردیش کے گورنر وشوبھوشن ہری چندن اور وزیراعلیٰ جگن موہن ریڈی نے بھی عظیم ہندوستانی ایتھلیٹ ملکھا سنگھ کے انتقال پر اظہارغم کیا ہے۔  ہری چندن نے  یہاں اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ ملکھا سنگھ  دولت مشترکہ کھیلوں میں انفرادی طلائی تمغہ جیتنے والے پہلے ہندوستانی ایتھلیٹ تھے ۔انہوں نے میلبورن، روم اورٹوکیو میں منعقدہ  اولمپک  میں ملک کی نمائندگی کی تھی۔انہوں نے کہا کہ ہندوستانی عظیم ایتھلیٹ۱۹۶۰ء  کے روم اولمپک کے فائنل میں ۴۰۰؍  میٹر دوڑ میں ریکارڈ توڑنے کے باوجود میڈل سے محروم رہ گئے تھے۔ وہ ۴۵ء۷۳؍ سکینڈمیں اپنی دوڑ مکمل کرکے چوتھے مقام پر رہے تھے جو ۴۰؍ سال تک کسی ہندوستانی کا  ریکارڈرہا ۔
  ان کے علاوہ  شرومنی گرودوارہ پربندھک کمیٹی (ایس جی پی سی) کی صدر بی بی جاگیر کورنے شدید رنج وغم کااظہارکیا ہے جبکہ راجستھان کے گورنر کلراج مشرا اور وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے فلائنگ سکھ ملکھا سنگھ کے انتقال پر غم کا اظہار کیا ہے۔پنجاب کے وزیراعلیٰ کیپٹن امرندرسنگھ نے عظیم ایتھلیٹ ملکھاسنگھ کے کل شب انتقال پر اظہارغم کیا ہے۔انہوں نے  عظیم رنر کی آخری رسومات سرکاری اعزاز کے ساتھ کرنے کا حکم دیا ہے۔ انہوں نےیک روزہ ریاستی سوگ کا اعلان بھی کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK