Inquilab Logo

۱۰۲؍ سیٹیں ،۱۶۲۵؍ اُمیدوار،۱۶؍ کروڑ ووٹر س

Updated: April 18, 2024, 10:56 PM IST | Inquilab News Network | New Delhi

آج سے پولنگ کا آغاز ، لوک سبھا انتخابات کے پہلےمرحلے میں ۲۱؍ ریاستوں کے متعدد پارلیمانی حلقے شامل، تمام تیاریاں مکمل،مرکزی وزراء نتن گڈکری، کرن رجیجو، ​​ارجن میگھوال، دو سابق وزرائے اعلیٰ اور ایک سابق گورنر کی قسمت کا فیصلہ، چیف الیکشن کمشنر نے ویڈیو پیغام جاری کیا۔

Polling officers at the polling center to get their own voting machines in Jabalpur. Photo: PTI
جبل پور میں پولنگ افسران اپنی اپنی ووٹنگ مشین حاصل کرنے کیلئے پولنگ مرکزپر۔ تصویر: پی ٹی آئی

لوک سبھا انتخابات کے پہلے مرحلے کے لئے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئیں ہیں۔جمعہ ۱۹؍اپریل کو مختلف ریاستوں کی ۱۰۲؍سیٹوںپر ووٹنگ ہوگی۔ الیکشن کمیشن کے مطابق پہلے مرحلے میں۱۶۲۵؍ امیدوار میدان میں ہیںجن کی قسمت کا فیصلہ ۱۶ء۵؍ کروڑ سے زائد ووٹرس کریں گے۔ اس مرحلے کی تشہیری مہم بدھ کی شام ختم ہو گئی تھی۔پولنگ سےمتعلق الیکشن کمیشن کے اراکین ای وی ایم مشینوں اور دیگر آلات کے ساتھ اپنے اپنے مراکز پر پہنچ چکے ہیں۔تمام پولنگ مراکز پرپرامن ووٹنگ کے لئے سیکوریٹی کے پختہ انتظامات  کئے گئے ہیں۔ پولنگ صبح۷؍بجے شروع ہوگی اور کسی وقفے کے بغیر شام۶؍بجے تک جاری رہے گی۔ 
 پہلے مرحلے میں اروناچل پردیش، میگھالیہ، میزورم، ناگالینڈ، سکم، انڈمان اور نکوبار جزائر، لکش دیپ، پڈوچیری، اتراکھنڈ اور تمل ناڈو کے تمام پارلیمانی حلقوں میں انتخابات ہوں گے۔ اس کے ساتھ ہی راجستھان کی۱۲،  اتر پردیش کی ۸،  مدھیہ پردیش کی ۶، آسام اور مہاراشٹر کی  پانچ پانچ، بہار کی چار، مغربی بنگال کی تین، منی پورکی دو اور چھتیس گڑھ، تریپورہ اور جموں کی ایک ایک نشستوں پر ووٹنگ ہوگی ۔ اروناچل پردیش اور سکم میں نئی ​​اسمبلی کے لئے بھی جمعہ کو ہی   ووٹنگ ہوگی۔ پہلے مرحلے میں لوک سبھا کے ساتھ ساتھ اروناچل پردیش کی ۶۰؍ اسمبلی سیٹوں اور سکم ۳۲؍ اسمبلی سیٹوں کے لئے بھی  ووٹنگ ہو گی۔ 

یہ بھی پڑھئے: ٹائم میگزین ۱۰۰؍ بااثرشخصیات: ساکشی ملک اور عالیہ بھٹ سمیت متعدد ہندوستانی شامل

الیکشن کمیشن نےمنصفانہ اور پرامن انتخابات کے انعقاد کے لئے سیکوریٹی کے وسیع تر انتظامات کرنے کے ساتھ ساتھ بزرگ اور معذور ووٹرز کی سہولت کے  لئےخصوصی انتظامات  کئے ہیں۔ ملک کی قسمت کے لئے انتہائی اہم قرار دئیے جارہے ان انتخابات کے پہلے مرحلے میں ۱۶ء۵؍ کروڑ سے زائد ووٹرس ۱۶۲۵؍امیدواروں کے انتخابی مستقبل کا فیصلہ کریں گے جن میں مرکزی وزراء نتن گڈکری، کرن رجیجو، ​​ارجن رام میگھوال سمیت کل آٹھ مرکزی وزراء، دو سابق وزرائے اعلیٰ اور ایک سابق گورنر شامل ہیں۔
 کمیشن کی جانب سے جمعرات کو جاری کردہ ریلیز کے مطابق جمعہ کی صبح ۷؍ بجے سے شام ۶؍ بجے تک ووٹنگ ہوگی۔ کمیشن کے مطابق ووٹنگ کے اوقات پارلیمانی حلقوں کے لحاظ سے مختلف  بھی ہو سکتے ہیں۔ اس کیلئے انتخابی عہدیداروں کی ٹیمیں ای وی ایم مشینوں کے ساتھ تمام پولنگ اسٹیشنوں پر بھیج دی گئی ہیں۔
 پہلے مرحلے میں ووٹ ڈالنے کے اہل ووٹرس کی تعداد ۱۶ء۶۳؍ کروڑ ہے جن میں ۸ء۴؍  کروڑ مرد اور ۸ء۲۳؍ کروڑ خواتین  جبکہ ۱۱؍ ہزار ۳۷۱؍ ووٹرس کا تعلق تیسری جنس سے ہے۔ کل ووٹرس میں سےاس مرحلے میں پہلی بار ووٹ ڈالنے والوں کی تعداد ۳۵ء۶۷؍ لاکھ ہو گی۔  اس کے علاوہ ۲۰؍ سے ۲۹؍سال کی عمر کے ۳ء۵۱؍ کروڑ نوجوان ووٹرس ہیں۔اس مرحلے میں ۱۴۹۱؍ مرد اور۱۳۴؍ خواتین امیدوار ہیں۔
 چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے عام انتخابات کے پہلے مرحلے کے ووٹنگ کے دن کے موقع پر ملک کے ۹۷؍کروڑ ووٹروں کے نام ویڈیو پیغام جاری کیا اور کہا کہ پنا ووٹ ڈالیں اور  جمہوریت کے  تہوار کے اس جشن میں حصہ لیں۔ انہوں نے ووٹرس نے بے خوف ہو کر ووٹ ڈالنے کی اپیل کی اور کہا کہ جمہوریت کے اس جشن میں تمام ووٹرس   سوچ سمجھ کر اور ملک کے مستقبل کو ذہن میں رکھ کر ووٹ ڈالیں۔ الیکشن کمشنر نے اس بات کو یقینی بنانے کے  لئے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے کہ انتخابات آزادانہ، منصفانہ اور پرامن شرکت کے ساتھ فتنہ انگیزیوں سے پاک ہوں۔  اپنے ویڈیو پیغام میں راجیو کمار نے کہا کہ کمیشن گزشتہ دو سال سے ان انتخابات کی تیاری کر رہا ہے۔ اسے یقین ہے کہ ملک کے تمام ووٹرس اپنے حق رائے دہی کا بے خوف ہو کر استعمال کریں گے اور ملک کو بہتر حکومت دینے کا کام کریں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK