Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’اختلافات کا فائدہ صرف اسرائیل اٹھا رہا ہے، ایران کے پڑوسیوں سے کوئی تنازع نہیں‘‘

Updated: March 22, 2026, 12:03 PM IST | Tehran

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ خطے میں موجود اختلافات کا اصل فائدہ اسرائیل کو ہو رہا ہے اور ایران کے اپنے پڑوسی ممالک کے ساتھ کوئی تنازع نہیں ہے۔

Masoud Pezeshkian.Photo:INN
مسعود پزشکیان- تصویر:آئی این این

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ خطے میں موجود اختلافات کا اصل فائدہ اسرائیل کو ہو رہا ہے اور ایران کے اپنے پڑوسی ممالک کے ساتھ کوئی تنازع نہیں ہے۔ ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس  پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ ’’ہمارے اختلافات کا واحد فائدہ اٹھانے والا اسرائیل ہے‘‘ اور اس بات پر زور دیا کہ ایران اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات کا خواہاں ہے۔
 انہوں نے خبردار کیا کہ جارحانہ اقدامات نہ تو اسرائیل، نہ امریکہ اور نہ ہی ان کے اتحادیوں کے مفاد میں ہوں گے بلکہ اس سے صورتحال مزید خراب ہوگی اور خطے میں کشیدگی بڑھے گی۔ اس سے قبل ایرانی صدر نے بدھ کے روز خلیجی خطے میں گیس تنصیبات کو نشانہ بنانے والے حملوں کے بعد مشرق وسطیٰ میں مزید کشیدگی کے خدشات کا اظہار بھی کیا تھا۔ دوسری جانب ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق ہفتے کے روز وزیرِ انٹیلی جنس اسماعیل الخطیب کا جنازہ مقدس شہر قم میں ادا کیا گیا، جو مزارات اور شیعہ علماء کا مرکز سمجھا جاتا ہے۔ رپورٹس کے مطابق اسماعیل الخطیب گزشتہ ہفتے ایک اسرائیلی حملے میں ہلاک ہو گئے تھے اور وہ ان اعلیٰ ایرانی شخصیات میں شامل تھے جو حالیہ کشیدگی کے دوران مارے گئے۔    ایرانی میڈیا نے یہ بھی بتایا کہ پاسداران انقلاب کے ترجمان علی محمد نائینی کا جنازہ بھی ادا کیا گیا، جو ایک روز قبل اسرائیلی بمباری میں ہلاک ہوئے تھے۔ سرکاری ٹیلی ویژن اور دیگر ذرائع نے جنازے کی تصاویر اور مناظر نشر کیے۔
ایران کی جنگی صلاحیت کو شدید نقصان پہنچایا، ہزاروں میزائل اور ڈرون تباہ کیے: سینٹ کام
 امریکہ کی سینٹرل کمان (سینٹ کام) نے دعویٰ کیا ہے کہ حالیہ کارروائیوں میں ایران کے ہزاروں میزائل اور ڈرون تباہ کر کے اس کی جنگی صلاحیت کو نمایاں طور پر کمزور کر دیا گیا ہے۔سینٹ کام کے کمانڈر ایڈمرل بریڈ کوپر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ایران کے مختلف علاقوں میں زیرِ زمین اسلحہ ڈپوؤں کو نشانہ بنانے کے لیے پانچ ہزار پاؤنڈ سے زائد وزنی بم استعمال کیے گئے۔

یہ بھی پڑھئے:کوہلی کی قیادت میں آر سی بی خطاب کے دفاع کے لیے تیار


انہوں نے بتایا کہ ان کارروائیوں کے دوران ایسے ریڈار سسٹمز کو بھی نشانہ بنایا گیا جو سمندری نقل و حمل کے لیے خطرہ بن رہے تھے جبکہ ایران کے بیلسٹک میزائلوں کے گودام بھی تباہ کیے گئے۔ ایڈمرل کوپر کے مطابق ان آپریشنز کے نتیجے میں ایران کی جنگی صلاحیت کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے اور اس کے عسکری ڈھانچے کو شدید دھچکا لگا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکی افواج نے ایران کے ۱۳۰؍ بحری جہازوں کو بھی نشانہ بنایا اور خفیہ ٹھکانوں پر بھاری بمباری کی گئی۔

یہ بھی پڑھئے:’’امریکہ اگر پاکستان پر حملہ کرتا ہے تو وہ ہندوستان کے دہلی اور ممبئی کو نشانہ بنائے گا‘‘


 سینٹ کام کے کمانڈر کا کہنا تھا کہ امریکی فوج یہ کارروائیاں ایران کی جانب سے سرحد پار حملوں کے خطرات کو کم کرنے کے لیے کر رہی ہے اور اس مقصد کے لیے طاقت کا استعمال جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آبنائے ہرمز میں محفوظ جہاز رانی کو لاحق ہر خطرے کو نشانہ بنایا جائے گا تاکہ تجارتی سرگرمیاں متاثر نہ ہوں۔ واضح رہے کہ ۲۸؍ فروری سے جاری امریکہ اور اسرائیل کی کارروائیوں کے بعد ایران کے مختلف شہروں، خصوصاً تہران، میں مسلسل بمباری کی اطلاعات سامنے آ رہی ہیں، جس میں متعدد اعلیٰ سول و فوجی عہدیدار ہلاک ہو چکے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK