تھانے میونسپل کارپوریشن کی حدود میں کورونا وائرس کے مریضوں میں اضافہ کے پیش میونسپل کمشنر ابھیجیت بانگر نےگزشتہ روز کووڈ وار روم دوبارہ شروع کرنے کا حکم دیا ۔
EPAPER
Updated: April 08, 2023, 10:32 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai
تھانے میونسپل کارپوریشن کی حدود میں کورونا وائرس کے مریضوں میں اضافہ کے پیش میونسپل کمشنر ابھیجیت بانگر نےگزشتہ روز کووڈ وار روم دوبارہ شروع کرنے کا حکم دیا ۔
تھانے میونسپل کارپوریشن کی حدود میں کورونا وائرس کے مریضوں میں اضافہ کے پیش میونسپل کمشنر ابھیجیت بانگر نےگزشتہ روز کووڈ وار روم دوبارہ شروع کرنے کا حکم دیا ۔ اس کے ذریعے مریضوں کی دیکھ بھال کی منصوبہ بندی کی جائے گی۔ کووڈ۱۹؍پھیلنے سے فکر مند میونسپل کمشنر بانگر نے جائزہ میٹنگ میں ریاستی کووڈ ایکشن فورس کے مشاہدات، وزارت صحت کی ہدایات، شہر کے پرائیویٹ اسپتالوں میں کووڈ۱۹؍ کے علاج، ڈاکٹروں کے ذریعہ علاج پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ڈیتھ آڈٹ بھی شروع
میونسپل کارپوریشن نے کورونا کے مریضوں کی موت کے معاملے میں ’ڈیتھ آڈٹ‘ کروانا شروع کر دیا ہے۔ میونسپل کمشنر نے کہا کہ اب تک ہونے والی اموات کے بارے میں سامنے آنے والے مشاہدات کا مزید مطالعہ کریں تاکہ وجوہات معلوم ہونے پر اس وبا کو پھیلنے سے روکنے کے اقدام کئے جاسکیں۔
کووڈ۱۹؍کیلئے میونسپل کارپوریشن کی طرف سے مقرر کئے گئے افسران اور عملے کو ضرورت کے مطابق چھترپتی شیواجی مہاراج اسپتال( کلوا) کے میونسپل ہیلتھ سینٹرس میں تعینات کیا گیا ہے۔ ضرورت پڑنے پر اس افرادی قوت کو فوری طور پر پارکنگ پلازہ میں کووِڈ سینٹر شروع کرنے کیلئے استعمال کیا جائے گا۔ مریضوں کی تعداد بڑھنے کی صورت میں بیڈ کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا۔ میونسپل کمشنر نے صحت کے نظام کو فعال رکھنے کو کہا ہے تاکہ بیڈ کی کمی نہ ہو اور کسی کو علاج کی کمی کا سامنا نہیں کرنا پڑے ۔
جائزہ میٹنگ میں میونسپل کمشنر نے کہا کہ پرائیویٹ ڈاکٹروں کو چاہئے کہ وہ ان مریضوں کا ٹیسٹ کریں جو ان کے پاس کووڈ۱۹؍ کی علامات کے ساتھ آتے ہیں اور مریضوں کا موبائل نمبر بھی ہیلتھ سینٹر کے وہاٹس ایپ گروپ پر بھیجیں۔ اس سلسلے میں پرائیویٹ ڈاکٹروں کو کیا ایکشن لینا ہے، اس بارے میں گائیڈ لائن دی جائے گی۔ میڈیکل آفیسر، ہیلتھ سینٹر کے وہاٹس ایپ گروپ میں شامل پرائیویٹ ڈاکٹروں کے ساتھ کوآرڈنیشن کیا جا رہا ہے۔
میونسپل کمشنر نے وضاحت کی کہ یہ وہاٹس ایپ گروپ کووڈ۱۹؍ کے مشتبہ مریضوں، اس وبا سے متاثرہ افراد اور ذیابیطس، ہائی بلڈ پریشر، عارضہ قلب، گردے، جگر اور اعصابی امراض میں مبتلا افراد کے بارے میں معلومات فراہم کرنے کیلئے استعمال کیا جائے گا۔
روزانہ ۲؍ ہزار ٹیسٹ کروانے کا عزم
میونسپل کمشنر کا کہنا ہے کہ مریضوں کی موجودہ تعداد کو دیکھتے ہوئے روزانہ۲؍ہزار ٹیسٹ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے اور کہا ہے کہ مریضوں کی تعداد بڑھنے کی صورت میں ٹیسٹ کی تعداد میں بھی اضافہ کیا جائے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ ٹیسٹنگ، آئسولیشن اور علاج ان احتیاطی اقدامات پر عمل کریں تاکہ ہم کوروناوائرس کے پھیلنے سے روک سکیں۔ شہریوں کو چاہئے کہ وہ معمرشہریوں کا خاص خیال رکھیں جنہیںبیماریاں ہوں۔ اگر ان میں کورونا کی علامات ظاہر ہوں تو فوری طبی مشورہ لیں۔