Inquilab Logo

مدنپورہ اور اطراف کی تنظیمیں دونوں وقت کھا نا تقسیم کررہی ہیں

Updated: April 05, 2020, 4:31 AM IST | Saadat Khan | Mumbai

لاک ڈائون سے پریشان غریبوں ، مزدوروں ، مریضوں، پیون اورحمالی کاکام کرنےوالوں کوکھانا دیا جارہا ہے

Mumbai Lockdown, Food Distribution - Pic : Inquilab
ممئی لاک ڈاؤن، کھانے کی تقسیم ۔ تصویر : انقلاب

لاک ڈائون سے لاکھوں افردبے روزگاری کی دلدل میں پھنس گئے ہیں جس سے ان کے بھوکے رہنےکی نوبت آگئی ہے۔ ایسے غریبوں، مزدوروں، بی ای ایس ٹی اور ایس ٹی بسوں کے ڈرائیوروں، کنڈکٹروں،  مسافروں، مریضوں، پیون اورحمالوں کومدنپورہ، مورلینڈروڈ، بیلاسس روڈ اور مولانا شوکت علی روڈ کی مختلف تنظیمیں دونوں وقت کھا نا تقسیم کررہی ہیں۔ خاص بات یہ ہےکہ بلاتفریق یہ خدمت انجام دی جارہی ہے۔ ایک تنظیم کےمطابق ۶۵؍ فیصد برادران وطن کے افراد کوکھانا تقسیم کیاجارہاہے۔
کے جی این نیاز کمیٹی بیلاسس روڈ کا لنگر
 کے جی این نیاز کمیٹی بیلاسس روڈ کے مصطفیٰ کپاڈیہ کےمطابق  ’’جس دن سے لاک ڈائون ہوا ہے اسی روز سے ہم بےروزگار مزدور، فٹ پاتھ کےغرباء، جھوپڑپٹی کی عوام، ممبئی سینٹرل اور اطراف کے مکینوں کے علاوہ بی ای ایس ٹی اورایس ٹی میں کام کرنےوالے ملازمین، ڈرائیور، کنڈکٹر، مسافراور نائر اسپتال کے پیون ، وارڈ بوائے، کالونیوں کے سیکوریٹی گارڈ کو ان کی جگہ پر جاکر کھانا پہنچا رہےہیں۔اس کے ساتھ ہی پوٹیا اپارٹمنٹ کے باہر دوپہر اور رات کو لنگرجاری ہے۔ روزانہ تقریباً ڈیڑھ ہزار افراد کو کھانا تقسیم کیا جارہا ہے۔ جن میں ۶۵؍فیصد برادرا نِ وطن ہیں۔ ہمیں بڑی خوشی ہوتی ہے جب برادران وطن ہماری اس خدمت کی ستائش کرتےہیں۔
نیانگر ،مورلینڈروڈ  میںمزدوروں کو کھانا
 اسی طرح مورلینڈ روڈ نیانگرکےنوجوانوں کا ایک گروپ ہے جس نے اپنے طورپر ایک غیر معمولی رقم اپنی جیب ِ خاص سے جمع کی ہے۔ اس رقم سے ۵۰۰؍ مزدوروں کیلئے دونوں وقت کھانے کا انتظام کیاہے۔ پورے مہینے کا راشن خرید کر یہ گروپ خود اپنی نگرانی میں کھانا پکواکرمزدوروں کو کھلا رہاہے۔ 
’لگ جا‘ ویلفیئر سینٹر کا ’’لے جائوکھانا پروجیکٹ‘‘
  ’لگ جا‘ ویلفیئر سینٹرسانکلی اسٹریٹ کے نوجوان بھی بڑی دلجمعی سے غریبوں اور بے سہارا افراد کی خدمت کررہےہیں۔ یہاں کے نوجوان تقریباً ایک ہزار۵۰۰؍ بے روزگار اور بے سہارا افراد کو دونوں وقت کھانا تقسیم کررہےہیں۔ اس گروپ کے فعال رکن اعجاز انصاری نے بتایاکہ ’’ہم انسانیت کے نام پر یہ خدمت کررہے ہیں۔ ہماری کوئی طاقت نہیں ہے۔ کچھ اللہ کے بندے ہیں جن کے تعاون سے یہ لنگر جاری ہے۔ ہم صرف محنت کررہےہیں ۔ اللہ ہماری اس محنت قبول فرمائے۔‘‘
مولانا شوکت علی روڈ پر لنگرِ غریب نواز
 مولانا شوکت علی روڈ پر جاری لنکرِ غریب نواز کے نگراں ریحان وارثی نے بتایاکہ ’’لاک ڈائون کی وجہ سے لاکھوں افراد پریشان ہیں۔ کام کاج بند ہونے سے یومیہ مزدوروں کا برا حال ہے۔ ایسے میں مولانا معین میاں کی سرپرستی میں غریبوں کو کھانا تقسیم کرنےکا سلسلہ شروع کیاہے۔ 
 یہ لنگر ہر کسی کیلئے ہے۔ اسی لئے ہم صرف ویج کھانا تقسیم کرتےہیں تاکہ برادران وطن بھی اس خدمت سے مستفیض ہوسکیں۔ بلال مسجد عیدگاہ میدان میں آنے والوں کے علاوہ دیگر علاقوں میں ہمارے نمائندے خود جاکر مستحقین تک کھانا پہنچاتے  ہیں۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK