Inquilab Logo

پاکستان کا الیکشن مشکوک، اعلیٰ افسر نے دھاندلی کی تصدیق کی

Updated: February 18, 2024, 10:09 AM IST | Agency | Islamabad

راولپنڈی کے کمشنر نے نتائج بدلنے کا اعتراف کیا، بتایا کہ شکست خوردہ امیدوار کو۵۰؍ہزار کے فرق سے جتایاگیا، گرفتار کرلئے گئے، پی ٹی آئی کا احتجاج، اسلام آباد میں حکم امتناعی نافذ۔

Rawalpindi Commissioner Liaquat Ali Chatta whose revelations have made Pakistan`s elections suspicious. Photo: INN
راولپنڈی کے کمشنر لیاقت علی چٹھہ جن کے انکشافات نے پاکستان کے انتخابات کو مشکوک کردیا ہے۔ تصویر : آئی این این

پاکستان  میں ۸؍ فروری کے انتخابات پر اٹھنےو الے سوالات پر تصدیق کی مہر لگاتے ہوئے راولپنڈی کے کمشنر لیاقت علی چٹھہ نے سنیچر کو یہ سنسنی خیز انکشاف کیا کہ انہوں نے خود انتخابی نتائج میں دھاندلی کی نگرانی کی ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے  استعفیٰ دینے کا اعلان کیا اور مطالبہ کیا کہ قوم کے فیصلے کو بدلنے کی پاداش میں انہیں اور ملک کے الیکشن کمشنر کو سزائے موت دیدی جائے۔ دوسری طرف استعفیٰ دیتے ہی انہیں گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیاگیاہے۔
راولپنڈ کے گورنر نے پاکستانی الیکشن کمیشن کو برہنہ کردیا
راولپنڈی کےکمشنر لیاقت علی چٹھہ نے باقاعدہ پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرکے انتخابات میں دھاندلی کی تصدیق کی۔ انہوں نے کہا ہے کہ’’ میں نے راولپنڈی ڈویژن میں ناانصافی کی ہے، میں نے جو ظلم کیا اس کی سزا مجھے ملنی چاہیے مگر باقی جو بھی اس میں ملوث ہیں انہیں بھی سزا ملنی چاہیے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ’’ ہم نے اس ملک کے ساتھ غلط کیا، جو کام میں نے کیا وہ کسی طرح مجھے زیب نہیں دیتا، میں اپنے عہدے اور ملازمت سے استعفیٰ دیتا ہوں۔‘‘
 پہلے خود کشی کی کوشش کی پھر ارادہ بدل دیا
 لیاقت علی چٹھہ نے بتایاکہ’’ میں نے آج صبح کی نماز کے بعد خودکشی کی کوشش کی پھر سوچا کہ کیوں نہ، یہ چیزیں عوام کے سامنے رکھوں، میں حرام موت کیوں مروں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’میں کرب سے گزر رہاتھا،ا ب میںکرب کا یہ  بوجھ اتار رہا ہوں کیوں کہ میںسکون کی موت چاہتا ہوں۔‘‘ انہوں نے بتایا کہ راولپنڈی ڈویژن  سے قومی اسمبلی کیلئے ۱۳؍ ہارے ہوئے امیدواروں کو ۷۰-۷۰؍ہزار  کے فرق سے جتایاگیا، ملک کے ساتھ کھلواڑ  ہوا ہے۔‘‘
’’مجھے چوراہے پر سزائے موت دی جائے‘‘
لیاقت علی چھٹہ جنہوں نے اپنے ضمیر کی آواز پر ۸؍ فروری کے الیکشن کی ساری حقیقت دنیا کے سامنے پیش کردی، نے بتایا کہ ’’میرے ماتحت رو رہے تھے کہ میں انہیں کیا کرنے پر مجبور کررہاہوں، میں نے اپنے ڈویژن میں غلط کام کیا، مجھے راولپنڈی کے کچہری چوک میں سزائے موت دی جائے۔‘‘ اس کے ساتھ ہی انہوں  نے مطالبہ کیا کہ ’’میرے ساتھ چیف الیکشن کمشنر کو بھی سزائے موت دی جائے۔‘‘ لیاقت علی نے کہا کہ ’’غلط کام کون کر رہا ہے اور کس نے کرایا یہ مخفی نہیں ہے۔‘‘
گرفتار کرلیاگیا، نامعلوم مقام پر منتقل
ان انکشافات کے فوراً بعد کمشنر لیاقت علی چٹھہ کو گرفتار کرلیا گیا اور  نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔ 
الیکشن کمیشن نے  الزامات کی تردید کی
 اس انکشاف نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو پوری دنیا کے سامنے شرمسار کردیا ہے تاہم  چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے  راولپنڈی  کے کمشنر کے الزامات کی تردید کی۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے تردیدی بیان اس کے ترجمان  نے جاری کیا اور کہا کہ ’’ الیکشن کمیشن کے کسی عہدیدار نے نتائج کی تبدیلی کیلئے راولپنڈی کے کمشنرکو کوئی ہدایات نہیں دی تھی۔‘‘ الیکشن کمیشن کے مطابق’’ کسی بھی ڈویژن کا کمشنر آر او، ڈی آر او یا پریزائیڈنگ آفیسر نہیں ہوتا، کمشنر کا الیکشن کے انعقاد میں کوئی براہِ راست کردار نہیں ہوتا ہے، الیکشن کمیشن آف پاکستان اس معاملے کی جلد از جلد انکوائری کرائے گا۔‘‘
 پی ٹی آئی  کا احتجاج، اسلام آباد میں حکم امتناعی 
 اس بیچ عمران خان کی پارٹی ’پی ٹی آئی‘ نے انتخابات میں دھاندلی اور نتائج بدلے جانے کےخلاف سنیچر کو ملک گیر احتجاج شروع کردیا جس کودیکھتے ہوئے اسلام آباد سمیت کئی شہروں میں حکم امتناعی نافذ کردیاگیاہے۔  پی ٹی آئی نے پورے ملک میں پرامن احتجاج کا نعرہ دیا ہے اور الزام لگایا ہے کہ عام انتخابات میں’’ریکارڈ پیمانے پردھاندلی‘‘ ہوئی ہے۔ مظاہروں کا آغاز خیبر پختونخوا کے جنوبی وزیرستان علاقے میں مارچ سے ہوا ہے اور  پھر پورے ملک میں احتجاج شروع ہوگیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK