• Tue, 08 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

مسافرکی طبیعت بگڑنے پربیسٹ بس کونائراسپتال لے جایا گیا

Updated: September 08, 2026, 9:17 AM IST | Saadat Khan | Mumbai

اس سے قبل ڈرائیوراور کنڈکٹر نے بریچ کینڈی سے بائیکلہ اسٹیشن جانے والی بس کو مسافروں سے خالی کروالیا۔ ان کی قابل ستائش کوششوں کے باوجود مریض کی جان نہ بچ سکی۔

A BEST bus is seen parked outside the emergency ward of Nair Hospital. Picture: Inquilab
بیسٹ کی بس نائراسپتال کے ایمرجنسی وارڈ کے باہر کھڑی نظر آرہی ہے۔ تصویر: انقلاب

بریچ کینڈی سے بائیکلہ اسٹیشن جانے والی بیسٹ بس میں ایک مسافر کی طبیعت اچانک خراب ہونے پر اسے فوری طبی امداد پہنچانے کیلئے ڈرائیور اورکنڈکٹر نے دیگر مسافروں سے بس خالی کروایا اور بس کو نائر اسپتال لے گئے۔ ڈاکٹروں نے فوراً مریض کی جانچ کی لیکن کنڈکٹر اور ڈرائیور کی اس قابل ستائش کوشش کے باوجود اس کی جان نہیں بچ سکی۔

اطلاع کے مطابق سنیچر کی شام بریچ کینڈی اسپتال سے بائیکلہ اسٹیشن تک جانے والی بس میں سفر کے دوران   ۴۶؍  سالہ مسافر کی طبی ایمرجنسی کا شکار ہونے کے بعد موت ہوگئی۔ مسافر کی شناخت مرتیونجے ڈنڈپانی نائیک کے طور پر ہوئی ہے۔ وہ شام کو تقریباً پونے ۸؍بجے ٹاٹا گارڈن ،مکیش چوک کے قریب فٹ آنے کی وجہ سے بے ہوش ہوگئے۔ وہ کسی طرح کا رسپانس نہیں کر رہے تھے۔ ان کی حالت دیکھ کر بس کنڈکٹر نے ان کی  حالت دریافت کی لیکن وہ کوئی جواب نہیں دے رہے تھے۔ بعدازیں کنڈکٹر  نےدیگر مسافروں سے بس خالی کرواکر انہیں طبی امداد پہنچانے کیلئے اسی بس سے  ٹاٹاگارڈن سے سیدھے نائر اسپتال پہنچایاجہاں ڈاکٹروں نے نائیک کو اسپتال داخل کرنے سے قبل ہی مردہ قراردے دیا۔

مدنپورہ کے رہنے والے معین خان  جو اس وقت نائر اسپتال میں موجود تھے، نے بتایا کہ ’’ نائر اسپتال کے ایمرجنسی شعبہ کے قریب بیسٹ کی خالی بس کو آتے دیکھ کرحیرت ہوئی۔ بس کے قریب جاکر دیکھا تو ایک شخص بے ہوشی کے عالم میں فرش پر پڑا دکھائی دیا۔تفتیش کرنےپر پتہ چلا کہ سفر کے دوران طبیعت خراب ہونے کی وجہ سے دیگر مسافروں کو بس سے اُتار کر مریض کو علاج کیلئے یہاں لایا گیا ہے۔ مریض کو بس سے اُتار کر ایمرجنسی وارڈ میں ڈاکٹروں نے اس کی جانچ کی لیکن جب تک اس کی موت ہوچکی تھی۔‘‘

بیسٹ سینٹرل ڈپو ڈویژن کے مطابق ’’نائیک ایس ایم ٹی اے ٹی پی ایل کے ذریعہ چلائی جانے والی بس نمبر ۷۱۶۲؍ میں روٹ اے ۷۷/۳۳( یوپی ) میں سفر کر رہا تھا۔اس دوران ٹاٹا گارڈن ،مکیش چوک کے قریب اس کی طبیعت خراب ہوگئی ۔ کنڈکٹر نے اس کی حالت جاننے کی کوشش کی لیکن اس نے کسی طرح کا جواب نہیں دیا۔  ایسے میں طبی امداد کیلئے کنڈکٹر نے بس خالی کرواکر   نائیک کو علاج کیلئے نائر اسپتال پہنچایا ۔

رپورٹ میں کہا گیاہے کہ ایس ایم ٹی اے ٹی پی ایل کےشری بی آئی دبکیکر، اس کیس کی نگرانی کر رہے تھے۔ رپورٹ میں کوئی اشارہ نہیں دیا گیا ہے کہ مسافر کی موت سڑک حادثے یا کسی اور آپریشنل مسئلے کی وجہ سے ہوئی ہے۔

میڈیکل ایمرجنسی

بیسٹ سینٹرل ڈپو ڈویژن کے مطابق گائوں دیوی پولیس اسٹیشن کے پی ایس آئی کدم نے بس کنڈکٹر اور ڈرائیور کا بیان درج کر لیا ہے۔ اس واقعہ کو میڈیکل ایمرجنسی کے طور پر ریکارڈ کیا گیا۔ 

بیسٹ کے پی آر او کا بیان

بیسٹ کے پی آراو سنیل ویدیہ نے اس واقعہ کی تصدیق کرتےہوئے بتایاکہ ’’  فٹ کا  شدید حملہ ہونے کی وجہ سے نائیک نامی مسافر کی طبیعت بگڑگئی تھی جس کی وجہ سے کنڈکٹر نے ایمرجنسی طبی امداد پہنچانےکیلئے بس کو ٹاٹا گارڈن سے براہ راست نائر اسپتال لے جانے کافیصلہ کیا لیکن اسپتال داخل ہونے سےقبل ڈاکٹروںنے اسے مردہ قرار دے دیا۔ ‘‘کنڈکٹر اور ڈرائیور کانام دریافت کرنے پرانہوںنے بتایاکہ فی الحال ہمارے پاس ان کےناموں کی تفصیل نہیں ہے۔ 

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK