Inquilab Logo

’’عوام کا غصہ بیلٹ باکس میں ظاہر ہوگا تبھی صورتحال تبدیل ہوگی‘‘

Updated: August 19, 2023, 9:34 AM IST | pune

راج ٹھاکرے کی ووٹروں کو ذات، مذہب یا کسی مفاد کے بجائے امیدوار کے کام کے مطابق ووٹ دینے کی تلقین، حکومت پر سخت تنقید

Raj Thackeray
راج ٹھاکرے

مہاراشٹر نو نرمان سیناکے سربراہ راج ٹھاکرے کا کہنا ہے کہ ’’ جب تک عوام کا غصہ  بیلٹ باکس میں ظاہر نہیں ہوگا تب تک موجودہ صورتحال تبدیل نہیں ہوگی۔‘‘ راج ٹھاکرے یہاں پونے میں میڈیا سے بات کر رہے تھے جہاں  وہ سڑکوں کے تعلق سے احتجاج کیلئے اپنے کارکنان کی رہنمائی کی غرض سے آئے تھے۔ 
  حیران کن طور پر گزشتہ سال مسجدوں کے لائوڈ اسپیکر کے معاملے پر سیاست کرنے والے  راج ٹھاکرے نے یہاں لوگوں کو مذہب کے نام پر ووٹ نہ کرنے کی تلقین کی۔ انہوں نے کہا ’’ جن لوگوں کو آپ منتخب کرتے ہیں وہی لوگ سڑکوں سمیت آپ کیلئے  نئے نئے مسائل پیدا کرتے ہیں۔ لیکن آپ بار بار انہی لوگوں کو چن کر بھیجتے ہیں۔ کبھی ذات کے نام پر، کبھی مذہب کے نام پر تو کبھی کسی اور چیز کے نام پر۔ ‘‘ انہوں نے کہا ’’ اسی کی وجہ سے یہ مسائل جوں کے توں ہیں۔ جب تک عوام کے اندر موجود غصہ بیلٹ باکس میں دکھائی نہیں دے گا اس وقت سڑکوں کے یہ گڑھے نہیں بھرے جائیں گے۔‘‘ ایم این ایس سربراہ نے دعویٰ کیا کہ ’’ آج تک مہاراشٹر نو نرمان سینا نے کئی طرح کے آندولن کئےلیکن حاصل کیا ہوا؟ جولوگ مہاراشٹر کا نقصان کر رہے ہیں  انہی کو آپ لوگ منتخب کرتے ہیں۔ مجھے اسی بات کی حیرانی ہے۔‘‘ 
  راج ٹھاکرے نے کہا کہ ’’ ہم پونے میں گڑھوں کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں، ناسک میں کر رہے ہیں، ممبئی گوا ہائی وے کیلئے بھی احتجاج کر رہے ہیں۔ امید ہے کہ اس کی وجہ سے حکومت کی آنکھیں کھلیں گی۔ ‘‘ انہوں نے وضاحت کی کہ ’’ میں نے اپنے کارکنان سے کہہ دیا ہے کہ احتجاج کی وجہ سے عوام کوکوئی تکلیف نہیں پہنچنی چاہئے۔‘‘  ایک سوال کے جواب میں ایم این ایس سربراہ نے کہا ’’ ملک میں قانون نام کی کوئی چیز رہ گئی ہے ایسا لگتا نہیں ہے۔ ہم اگر پوچھیں کہ الیکشن کب ہوں گے تو حکومت کہتی ہے کہ جب ہمارا دل ہوگا تب ہوں گے۔‘‘ انہوں نے صحافیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ’’آپ لوگ حکومت سے سوال کرتے ہی نہیں ہیں۔سوال کریں گے تبھی تو حکومت پر دبائو قائم ہوگا۔‘‘  

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK