Inquilab Logo

راجستھان رائلزآئی پی ایل میں پلے آف کے قریب

Updated: April 28, 2024, 9:51 PM IST | Lucknow

لکھنؤ سپر جائنٹس (ایل ایس جی) کو انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کے میچ میں راجستھان رائلز کے خلاف سست فیلڈنگ اور کیچ چھوڑنے کی قیمت شکست کے ساتھ چکانی پڑی

Sanju Samson. Photo:PTI
راجستھان ٹیم کے کپتان سنجو سیمسن۔ (تصویر:پی ٹی آئی)

لکھنؤ سپر جائنٹس (ایل ایس جی) کو  انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کے میچ میں  راجستھان رائلز کے خلاف سست فیلڈنگ  اور کیچ  چھوڑنے کی قیمت شکست کے ساتھ چکانی پڑی  جب سنجو سیمسن (۷۱؍ رن) اور دھرو جریل (۵۲) کے درمیان سنچری پارٹنرشپ کی بدولت راجستھان رائلز نے  نوابوں کو ان کے گھر پر شکست دے کر پلے آف کے لئے اپنی جگہ تقریباً یقینی کر لی۔راجستھان رائلز  نے ایک بار پھر اٹل بہاری واجپئی ایکانا اسٹیڈیم میں اپنی برتری ثابت کی۔ موجودہ سیزن میں اب تک کھیلے گئے ۹؍ میچوں میں یہ اس کی ۸؍ویں جیت تھی جب کہ اس نے دوسری بار لکھنؤ کو شکست دی ہے اور اس شکست کے ساتھ ہی لکھنؤ کی پلے آف کی امیدوں کو ہلکا سا دھچکا لگا ہے۔
کپتان کے ایل راہل (۷۶) اور دیپک ہڈا (۵۰) کے درمیان۱۱۵؍  رن کی سنچری شراکت کی مدد سے لکھنؤ سپر جائنٹس (ایل ایس جی) نے ۵؍ وکٹوں پر۱۹۶؍ رن بنائے تھے۔  اس  سنچری پارٹنرشپ پر سیمسن اور جریل کی سنچری پارٹنرشپ نے پانی پھیرتے ہوئے جیت کا ہدف ایک اوور باقی رہتے ہی  حاصل کر لیا گیا۔
اچھی شروعات کے بعد راجستھان نے لگاتار ۲؍ وکٹ گنوانے کے بعد کچھ وقت کیلئے مشکل میں نظر آنے لگا تھا جوس بٹلر (۳۴) اور یشسوی جیسوال (۲۴) کے وکٹ   چھٹے اور ساتویں اوور کے درمیان لگاتار۲؍ گیندوں پر لکھنؤ نے  حاصل کرلئے تھے وہیں تجربہ کار امیت مشرا نے ان فارم بلے باز ریان پراگ (۱۴) کا وکٹ لے کر لکھنؤ کو مقابلے میں برابری پر کھڑا کردیا تھا۔اس کے بعد سیمسن نے جریل کے ساتھ بغیر کسی خوف کے لکھنؤ کے گیند بازوں کا سامنا کیا۔ اسی دوران جریل کو لکھنؤ کے فیلڈ روں نے۲؍ مواقع فراہم کئے  جو اس کیلئے  بہت مہنگے ثابت ہوئے۔ اس دوران میچ لکھنؤ کے ہاتھوں سے پھسلنے لگا جوبالآخر کار شکست میں بدل گیا۔ شکست کے باوجود لکھنؤ کی پلے آف کی امیدیں اب بھی برقرار ہیں۔ اسے اگلے ۲؍ میچ اپنے ہوم گراؤنڈ پر کھیلنے ہیں۔
اس سے قبل  ٹاس ہارنے کے بعد بیٹنگ کا انتخاب کرتے ہوئے، لکھنؤ کی شروعات اس وقت مایوس کن رہی جب اس کے اوپنرز کوئنٹن ڈی کاک ( ۸) اور مارکس اسٹونیس (صفر) نے کھیل کے پہلے دو اوور میں ہی جلدی میں اپنے وکٹ گنوا دیئے۔ اس نازک موڑ پر کے ایل راہل کو دیپک ہڈا کا سہارا ملا اور ان دونوں نے اگلے ۱۰؍ اوورس میں۱۱؍  رن فی اوور کی شرح سے رن بنا کر ٹیم کو باعزت مقام پر پہنچا دیا۔ آیوش بدونی (۱۸) اور کرونال پانڈیا (۱۵)   ناٹ آؤٹ رہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK