Inquilab Logo

محرم کے جلوس میں۷؍ علم اور ۵؍ تعزیوں کی اجازت

Updated: August 19, 2021, 8:51 AM IST | saeed ahmed khan | Mumbai

جلوس میں شرکت کیلئے ویکسین کی۲؍خوراک لے چکے عزاداروں اور ذمہ داروں کی فہرست بھی پولیس کو پیش کی جارہی ہے

The Proclamation team is happy to receive permission for knowledge and condolences.Picture:Inquilab
علم اور تعزیہ کی اجازت ملنے پروکلاء کی ٹیم خوش نظر آرہی ہے ۔(تصویر،انقلاب)

:عاشورہ کے جلوس کیلئے ویکسین کی۲؍خوراک لے چکے شرکاء کی فہرست پولیس کو پیش کرنے کی تیاری کی جارہی ہے ۔آل انڈیا ادارہ تحفظ حسینیت کے ذمہ داران نے اس تعلق سے کہا کہ دیگر انجمنوں ،اداروں کے ذمہ داران اور عزاداران کو مدعو کیا گیا ہے تاکہ جلوس میں ان کی بھی نمائندگی ہوسکےلیکن ۲؍ویکسین کے سرٹیفکیٹ کے تعلق سےان حضرات نے دقتوں کا بھی ذکر کیا ۔ اس کے علاوہ محرم کے جلوس کے تعلق سے بدھ کو جج منٹ کی کاپی حاصل کی گئی تو اس میں جلوس کے ساتھ۷؍علم اور۵؍تعزیےکی بھی اجازت دی گئی ہے جبکہ شرکاء جلوس کی تعداد ۱۰۰؍ہی ہے ۱۰۵؍ نہیں۔
 ججمنٹ کی کاپی حاصل کرنے کے وقت عدالت میں کاؤنسل ایڈوکیٹ ایس کاظم علی ، سینئرکاؤنسل ایڈوکیٹ راجن شیروڈکر، ایڈوکیٹ آصف نقوی اوراس تعلق سے عدالت سے رجوع ہونے والے حبیب ناصر اوران کے دیگر رفقاء موجود تھے۔
 آل انڈیا ادارۂ تحفظ حسینیت کے جنرل سیکریٹری حبیب ناصر نے نمائندۂ انقلاب کوبتایاکہ’’ جلوس کے ۱۰۰؍ شرکاءکے ناموں کی فہرست تیار کرنے کی کوشش جاری ہے اوراب تک کئی نام آچکے ہیں۔ عدالت سے فیصلے کےبعد ہی اس سلسلے میںادارہ کی جانب سے دیگر انجمنوں ، اداروں اورعزاداری کااہتما م کرنے والوں کویہ پیغام بھیجا گیا تھا کہ وہ اپنی نمائندگی کے لئے ایسے لوگوں کا نام بھیجیں جو ویکسین کی دوخوراک لے چکے ہیںکیونکہ عدالت کے فیصلے کے مطابق ان ناموں کی فہرست ڈی سی پی آپریشن اورڈی سی پی زون ون ششی کمار مینا کوجمعرات تک دینی ہے۔‘‘
 انہوںنے اس سلسلے میںدرپیش دقت کابھی ذکر کیا اور بتایاکہ ’’بہت سے لوگ ایسے ہیںجنہوںنے ایک ہی ٹیکہ لیا ہے کیونکہ دوسرا بمشکل مل رہا ہے ،اس لئےدوخوراک لینے والوں کی فہرست بنانے میںکچھ دشواری پیش آرہی ہے۔ایک مسئلہ یہ بھی ہے کہ وقت بہت کم ملاہے۔اس لئے ڈی سی پی سے درخواست کی جائےگی کہ اگر جمعرات تک فہرست تیار نہ ہوسکے تو ہمیںجمعہ کی صبح تک کی مہلت دی جائے تاکہ فہرست مکمل کی جاسکے ۔ اس کےعلاوہ یہ بھی درخواست کی جائےگی کہ اگرکسی نے ایک ہی ٹیکہ لیا ہے توخصوصی رعایت دیتے ہوئے اس کو بھی اجازت دی جائے تاکہ سب کی نمائندگی ہوسکے کیونکہ بہت سے لوگ کوشش کرنے کےباوجود ٹیکے کی دونوں خوراک لینے میںکامیاب نہیںہوئے ہیں۔ ‘‘
 حبیب ناصر نے مزیدبتایاکہ’’ جلوس میں۱۰۰؍ہی لوگوں کی اجازت دی گئی ہے ۱۰۵؍ کی نہیں۔ اس کےعلاوہ جلوس میں۷؍ٹرکوں پر۷؍علم رکھنے کی اجازت دی گئی ہے اور۵؍الگ الگ تعزیے بھی جلوس کا حصہ ہوں گے ۔اس کےعلاو ہ عاشورہ کے جلوس کے تعلق سے عدالت کے فیصلے سے یہ امیدبھی ہوچلی ہے کہ آئندہ دیگر جلسے جلوس کے تعلق سے مزیدرعایت ملنے کی توقع  ہے ۔ عاشورہ کے جلوس میں مولانا مرزا یعسوب عباس بھی شریک ہوںگے۔ ‘‘

muharram Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK