Inquilab Logo Happiest Places to Work

وعظ اور مجالسِ محرم کی پولیس کے ذریعے خصوصی نگرانی

Updated: June 28, 2025, 11:34 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

پولیس کی فہرست میں شہر اور مضافات کے۱۳؍ علاقے حساس قرار دیئے گئے ہیں۔ منتظمین کی جانب سے اختلافی باتوں سےگریزکرنے کا مشورہ۔ پولیس نے بھی تلقین کی

The Imambara area of ​​Bhandi Bazaar where the sermon is being delivered.
بھنڈی بازار کا امامباڑہ علاقہ جہاں وعظ ہو رہا ہے ۔

شہر ومضافات میں سیکڑوں مقامات پرمحرم کے ۱۰؍ روزہ وعظ اور مجالسِ محرم کااہتما م کیا جاتا ہے۔ پولیس اس کی خصوصی نگرانی کرتی ہے۔ اس حوالے سے پولیس کی جانب سے شہر اور مضافات میں ۱۳؍ مقامات حساس قرار دیئے گئے ہیں۔ یہاں سی آئی ڈی اور پولیس کے جوان خاص طور پر نگاہ رکھتے ہیں اور اعلیٰ پولیس افسران کوتفصیلات فراہم کراتے ہیں۔
 بھنڈی بازار میں امامباڑہ اور کھڈے کی باڑی وغیرہ میں انتظامات اور ایک دوسرے کا خیال رکھنےکی یاددہانی کی غرض سے ہر سال پولیس کی جانب سے دونوں فریق سنّی اورشیعہ کی بڑی میٹنگ بلائی جاتی تھی ۔ اس میں ذمہ داران ایک دوسرے کے تعلق سے بھائی چارا کا اظہار کرنے کے ساتھ ایک دوسرے کا خیال رکھنے کی یقین دہانی کرواتے تھے۔ اس میٹنگ میں پولیس کے اعلیٰ افسران شریک ہوتے تھے لیکن اس دفعہ وہ میٹنگ نہیں بلائی گئی۔ البتہ جے جے مارگ پولیس کے سینئرانسپکٹر ساٹھےنے ۲؍ دن قبل میٹنگ بلائی تھی اس میںپہلے سے طے شدہ ترتیب کے مطابق ایک دوسرے کو عمل کرنے کی تلقین کی گئی۔ 
اختلافی باتوں سےگریز فلسفۂ شہادتِ امام حسین ؓ پرتوجہ ہو
 اس تعلق سے مرحوم گلزار اعظمی کے صاحب زادے انوار، مسلم کونسل ٹرسٹ کے ذمہ دار ابراہیم طائی اورنبی اخترقریشی جو اس طرح کی میٹنگ میںپیش پیش رہتے ہیں، سے رابطہ قائم کرنے پر انہوں نے بتایا کہ ’’ بڑی میٹنگ پولیس کی جانب سے نہیںبلائی گئی مگر ہم سب اپنی ذمہ داری ادا کررہے ہیں۔ ہم سب کا مقصد یہی ہے کہ حالات کے تناظر میں اختلافی باتوں سے گریز کرتے ہوئےواعظین اور ذاکرین فلسفۂ ٔشہادتِ امام حسین ؓبیان کرنے پر توجہ مرکوز رکھیں تاکہ کسی کو لب کشائی کا موقع نہ ملے۔‘‘ ان حضرات نے یہ بھی بتایاکہ’’ برسوں گزر گئے، دونوں طبقے کے لوگ ایک دوسرے کا خیال رکھتے ہیں، اس کا نتیجہ یہ ہے کہ کبھی کوئی اختلافی مسئلہ پیدا نہیں ہوا ۔ امید یہی ہے کہ اس دفعہ بھی تمام امور طے شدہ ترتیب کے مطابق احسن طریقے سے اختتام کو پہنچیں گےاورحسبِ سابق ایک دوسرے کا تعاون جاری رہے گا۔‘‘
 انوار گلزار اعظمی نے یہ بھی بتایاکہ’’ ۲؍ دن قبل جے جے مارگ پولیس اسٹیشن میںسینئرانسپکٹر کے ہمراہ ہونے والی میٹنگ میںیہی طے پایا کہ جو پہلے طےکیا جاچکا ہے اور باقاعدہ معاہدہ ہوا ہے، اس پر عمل کیا جائے اور ایک دوسرے کاخیال رکھتے ہوئےامام ِ حسینؓ کی عظیم قربانی کویاد رکھا جائے۔ آپ ؓ نے دین  ِ حنیف کے لئے ایسی قربانی پیش کی جسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور دنیائے انسانیت اس سے سبق لیتی رہے گی ۔‘‘ 
وعظ اورمجالس کے اعتبار سے ۱۳؍حساس مقامات کون سے ہیں؟
 شہر اورمضافات میں منعقد ہونے والے وعظ اور مجالس ِمحرم کے انعقادکی فہرست طویل ہے ۔۳۰۰؍ سے زائد مقامات پر اس کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ اس میں۱۳؍مقامات ایسے ہیںجو حساس قرار دیئے گئے ہیں۔پولیس وہاں بطو رخاص نگرانی کرتی ہے اور باقاعدہ رپورٹنگ کی جاتی ہے۔ ایک سینئرافسر کےمطابق اگر ضرورت محسوس ہوتی ہے تو ویڈیو گرافی بھی کی جاتی ہے۔ 
 ان حساس مقامات اور علاقوں میں پیرولین پٹھان واڑی (جے جے مارگ پولیس)، امام باڑہ بی آئی ٹی چال ، کھڈے کی باڑی (ڈونگر ی پولیس اسٹیشن)، عاشق شاہ بخاری درگاہ ، مسجد (ڈونگری پولیس اسٹیشن )، کاپڑ بازار (ماہم)، دھاراوی پھاٹک اور مورا روڈ، بی ایم سی کالونی (شیواجی نگرپولیس اسٹیشن )، لوٹس کالونی ، گوونڈی (شیواجی نگر پولیس اسٹیشن )، نوپاڑہ قبرستان (نرمل نگر پولیس اسٹیشن )، نتیا نند نگر(گھاٹکوپرپولیس اسٹیشن )، مالونی ملاڈ، گیٹ نمبر ۲؍ ۳؍ اور ۷؍ (مالونی پولیس اسٹیشن )، دارووالاپائپ روڈ مسجد(کرلا پولیس اسٹیشن ) اور جاسمین مل روڈ (شاہونگر پولیس اسٹیشن )، شامل ہیں۔
مالونی میں اے سی پی نےکیاکہا 
  مالونی میں مساجد کے لاؤڈاسپیکر کےتعلق سے ہونے والی ٹرسٹیان کے ہمراہ میٹنگ کے دوران ہی اے سی پی نیتاپاڑوی نے محرم کی مجالس ِ وعظ کے تعلق سے کہاکہ’’ اس میں وقت کا خیال رکھئے کہ ۱۰؍ بجے تک کا ہی وقت ہے ۔اسی طرح اس پرتوجہ رہے کہ جہاں روڈ پر وعظ کی مجلس ہوتی ہے، بی ایم سی سے اس کی اجازت ضرور لی جائے اور اس کا خاص طور پرخیال رہے کہ ٹریفک متاثر نہ ہو۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK