Inquilab Logo

وزیر اعظم مودی نے کیرالا کی پہلی وندے بھارت ٹرین کو ہری جھنڈی دکھائی، ترواننت پورم میں روڈ شوبھی کیا

Updated: April 26, 2023, 9:59 AM IST | thiruvananthapuram

یہ ٹرین ترو اننت پورم سے کاسر گوڑ تک چلائی جائے گی، تقریب میں وزیر اعلیٰ وجین ، گورنر عارف محمد خان اور ششی تھرور بھی موجود تھے

Prime Minister Modi flagging off the Vande Bharat Express. (Photo: PTI)
وزیر اعظم مودی وندے بھارت ایکسپریس کو ہری جھنڈی دکھاتے ہوئے۔(تصویر: پی ٹی آئی )

 وزیر اعظم نریندر مودی  ۲؍روزہ دورے پر جنوبی ہند کی ریاست کیرالا میں موجود ہیں۔ اس دوران انہوں نے منگل کو صبح ترواننت پورم سینٹرل اسٹیشن سے ترواننت پورم اور کاسرگوڈ کے درمیان چلنے والی ریاست کی پہلی وندے بھارت ٹرین کو ہری جھنڈی دکھائی۔یہ ٹرین کیرالا کے ۱۱؍ اضلاع سے گزرے گی جن میں ترواننت پورم، کولم، کوٹائم، ایرناکولم، تھریسور، پالکاڈ، پٹھانمتھیٹا، ملاپورم، کوزی کوڈ، کنور اور کاسرگوڈ شامل ہیں۔پی ایم مودی صبح ہی ترواننت پورم پہنچے تھے۔ یہاں وزیراعظم کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ یہاں پہنچ کر انہوں نے روڈ شو کر کے لوگوں کا استقبال بھی کیا۔ اس کے بعد وہ سینٹرل ریلوے اسٹیشن کے  لئے روانہ ہو گئے۔
 وندے بھارت ٹرین کو جھنڈی دکھا کر روانہ کرنے کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی نے ترواننت پورم میں ڈیجیٹل سائنس پارک کا سنگ بنیاد رکھا۔ انہوں نے ترواننت پورم میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کا بھی افتتاح کیا۔ریلوے اسٹیشن کے پلیٹ فارم نمبر ایک  سے وندے بھارت ایکسپریس کو ہری جھنڈی دکھانے سے پہلے پی ایم مودی نے ٹرین کے ایک ڈبے کے اندر اسکولی بچوں کے ایک گروپ سے بات چیت بھی کی۔ وزیر اعظم کو وہاں دیکھنے کے لئے سیکڑوں لوگ اسٹیشن کے آس پاس موجود تھے۔ وزیر اعظم نے بھی ٹرین کے جانے کے بعد ہاتھ ہلاکر سبھی کا شکریہ ادا کیا۔ ٹرین کو ہری جھنڈی دکھانے اور دیگر ترقیاتی پروجیکٹوں کے سنگ بنیاد کے موقع پر وزیر اعظم کے ساتھ کیرالا کے گورنر عارف محمد خان، وزیر اعلیٰ پنارائی وجین اور کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ششی تھرور بھی موجود تھے۔ اس دوران بچوں نے مودی کو وندے بھارت ٹرین کی اپنی پینٹنگز اور خاکے دکھائے۔پی ایم کو ٹرین کو ہری جھنڈی دکھاتے دیکھ کر دوسری طرف کے پلیٹ فارم پر بھی سیکڑوں لوگ جمع ہو گئے تھے۔ وندے بھارت ایکسپریس ریاستی دارالحکومت کو کیرالا کے شمالی ترین ضلع کاسرگوڈ سے جوڑے گی۔ پی ایم مودی کے دورے کے  لئے ریاست میں سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے۔ یاد رہے کہ وندے بھارت ایکسپریس جس کی ڈیمانڈ میں مسلسل اضافہ ہورہا  ہے، اب ملک کے ۱۵؍ اہم روٹس پر چلائی جارہی ہے

 

kerala Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK