Inquilab Logo Happiest Places to Work

کیرالا: نیپاہ وائرس سے متاثرہ مریضہ کی حالت تشویشناک

Updated: May 11, 2025, 10:03 PM IST | Thiruvandpuram

کیرالہ میں نیپاہ وائرس کی تصدیق کے تین دن بعد بھی مالاپورم ضلع کی۴۲؍ سالہ خاتون مریضہ کی حالت تشویشناک بنی ہوئی ہے۔اس کے نمونے پونے کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف وائرولوجی (این آئی وی) بھیجے گئے، جہاں۸؍ مئی کو انفیکشن کی تصدیق ہوئی۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

کیرالہ میں نیپاہ وائرس کی تصدیق کے تین دن بعد بھی مالاپورم ضلع کی۴۲؍ سالہ خاتون مریضہ کی حالت تشویشناک بنی ہوئی ہے۔ صحت حکام نے جمعہ کو بتایا کہ ویلانچیری کی رہائشی خاتون کو۲؍ مئی کو اینسفالائٹس کی علامات کے ساتھ پیرنتھلمنا کے ایک پرائیویٹ اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔ بعد میں ان کے نمونے پونے کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف وائرولوجی (این آئی وی) بھیجے گئے، جہاں۸؍ مئی کو انفیکشن کی تصدیق ہوئی۔نیپاہ ایک زونوٹک وائرس ہے جس کی شرح اموات زیادہ ہے اور یہ جانوروں سے انسانوں میں منتقل ہوتا ہے۔  

یہ بھی پڑھئے: مرکزی حکومت پر کورونا کے دور میں ۲۰؍ لاکھ اموات چھپانے کا الزام

کیرالا کی وزیر صحت وینا جارج نے کہا کہ پروٹوکول کے مطابق مریضہ کے گھر کے تین کلومیٹر کے دائرے کو کنٹینمنٹ زون قرار دے دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ضلعی کلکٹر تفصیلی احکامات جاری کریں گے۔ ’’کنٹینمنٹ زون میں ماراکارا اور ایڈیور پنچایت کے علاقے شامل ہیں، جو ماراکارا، ایڈیور اور ویلانچیری فیملی ہیلتھ سینٹرز کے دائرہ کار میں آتے ہیں۔‘‘  انہوں نے کہا کہ کیس کی تصدیق کے فوراً بعد رابطوں کا سراغ لگانے کا عمل شروع کر دیا گیا۔ سات افراد کو ہائی رسک رابطوں کے طور پر شناخت کیا گیا ہے۔ ان میں سے ہر ایک کے تین نمونے لیے گئے، جو اب تک منفی آئے ہیں۔ تاہم، ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ نیپاہ وائرس کی انکیوبیشن مدت۲۷؍ دن تک ہو سکتی ہے، جبکہ علامتی مرحلے میں اس کے پھیلاؤ کا خطرہ سب سے زیادہ ہوتا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: برطانیہ کی تنظیم کا شرمناک بیان: کہا غزہ جنگ موٹاپےکو دور کر سکتی ہے

 صحت حکام کے مطابق، یہ خاتون گھریلو ذمہ داریوں میں مصروف تھیں اور کسی حالیہ عوامی اجتماع جیسے شادی یا جنازے میں شریک نہیں ہوئی تھیں۔واضح رہے کہ یہ۲۰۱۸ء کے بعد کیرالا میں نیپاہ وائرس کا چھٹا واقعہ ہے۔ گزشتہ معاملہ ۲۰۲۴ء میں درج ہوا تھا، جب کوزیکوڈ میں ایک۱۴؍ سالہ لڑکے کی موت ہو گئی تھی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK