Inquilab Logo

وزیراعظم مودی اپنے سیاسی فائدے کیلئے نفرت کو فروغ دینے کی کوشش کررہے ہیں

Updated: May 09, 2024, 8:55 AM IST | New Delhi

لوک سبھا انتخابات کی سرگرمیوں کے درمیان کانگریس پارلیمانی پارٹی کی صدر سونیا گاندھی نے عوام کے نام ایک ویڈیو پیغام جاری کیا ہے۔

Former Congress president Sonia Gandhi
کانگریس کی سابق سربراہ سونیا گاندھی

لوک سبھا انتخابات کی سرگرمیوں  کے درمیان کانگریس پارلیمانی پارٹی کی صدر سونیا گاندھی نے عوام کے نام ایک ویڈیو پیغام جاری کیا ہے۔ اس پیغام میں سونیا گاندھی نے وزیراعظم مودی اور بی جے پی کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں سیاسی مفاد کے تحت نفرت کو فروغ دینے اور لوگوں کے درمیان تفریق پیدا کرنے والا بتایا ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ’انڈیا‘ اتحاد  نے آئین و جمہوریت کی حفاظت کیلئے  خودکو  وقف کر دیا ہے۔
 سوشل میڈیا پر جاری اس ویویڈ میں سونیا گاندھی نے کہا کہ ’’آج ملک کے ہر گوشے میں نوجوان بے روزگاری، خواتین مظالم اور دلت، قبائلی، پسماندہ طبقات و اقلیتیں زبردست امتیازی سلوک کا سامنا کر رہی ہیں۔‘‘ انہوں نے اپنے پیغام میں اس صورت حال کیلئے وزیراعظم مودی اور بی جے پی کو ذمہ دار ٹھہرایا اور کہا کہ ’’یہ ماحول وزیر اعظم  مودی اور بی جے پی کی سوچ کی وجہ سے ہے۔ ان کی توجہ کسی بھی قیمت پر صرف اقتدار حاصل کرنے پر مرکوز ہے۔ انہوں  نے سیاسی مفاد کیلئے نفرت کو فروغ دیا ہے۔‘‘اپنے پیغام میں سونیا گاندھی نے مزید کہا کہ ’’کانگریس پارٹی اور میں نے ہمیشہ سبھی کی ترقی اور محروموں کو انصاف دلانے کے ساتھ ہی ملک کو مضبوط کرنے کی جدوجہد کی ہے۔ ہمارا ’نیائے پتر‘ اور ہماری گارنٹیوں کا مقصد بھی ملک کو متحد رکھنے اور غریبوں، خواتین، کسانوں، محنت کشوں اور محروم طبقات کو طاقت دینا ہے۔‘‘ پھر وہ کہتی ہیں کہ ’’کانگریس اور انڈیا اتحاد آئین و جمہوریت کے تحفظ کیلئے وقف ہیں۔‘‘
 کانگریس پارلیمانی پارٹی کی صدر نے اپنے پیغام میں عوام سے اتحاد کی اپیل بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ ’’تمام ہندوستانیوں کے روشن مستقبل کیلئے کانگریس اوراس کی اتحادی جماعتوں کو ووٹ دیں اور تمام لوگ ایک ساتھ مل کر مضبوطی اور اتحاد کو قائم رکھیں۔‘‘
 دوسری طرف راہل گاندھی نے اپنے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں ایک بار پھر بی جے پی کو آئین مخالف پارٹی قرار دیا۔ انھوں نے لکھا کہ ’’بی جے پی اراکین پارلیمان سے لے کر نائب وزیر اعلیٰ تک، سبھی یہ دعویٰ کر رہے ہیں کہ موقع ملا تو آئین کو تبدیل کر دیں گے۔ مودی اور آر ایس ایس آئین بدل کر دلتوں، پسماندہ طبقات اور قبائلیوں کے ریزرویشن اور ان کے حقوق چھین لینا چاہتے ہیں۔‘‘ اپنے پوسٹ میں راہل گاندھی یہ بھی کہتے ہیں کہ ’’ہم جان دے دیں گے لیکن آئین پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔‘‘ اس پوسٹ کے ساتھ راہل گاندھی نے ایک ویڈیو بھی منسلک کی ہے جس میں وہ آئین ہند کو ہاتھ میں لے کر لوگوں سے خطاب کر رہے ہیں۔
 خیال رہے کہ ایک دن قبل راجستھان کی نائب وزیراعلیٰ دیا کماری بھی ایک ویڈیومیں آئین کو تبدیل کرنے کی وکالت کرتی ہوئی نظر آئی تھیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK