Inquilab Logo

وزیراعظم تریپورہ اور میگھالیہ کے دورے پر، شمال مشرقی ریاستوں کی ترقی کے دعوے

Updated: December 19, 2022, 12:46 PM IST | Shillong

شمال مشرقی کونسل کی گولڈن جبلی تقریبات سے خطاب، کہا : شمال مشرق، جنوب مشرقی ایشیا کے لیے ہمارا گیٹ وے ہے اور پورے خطے کی ترقی کامرکز بن سکتا ہے

Prime Minister Narendra Modi dressed in traditional dress meeting Meghalaya Governor Brigadier (retd) BD Mishra.
وزیراعظم نریندر مودی روایتی لباس میں ملبوس میگھالیہ کے گورنربرگیڈیئر (ریٹائرڈ) بی ڈی مشرا سےملتے ہوئے

توانگ میں ہندوستان اور چین کے بیچ ہونے والے تصادم کے بعد پہلی مرتبہ  وزیر اعظم نریندر مودی شمال مشرقی ریاستوں کے دورے پر پہنچے۔ اتوارکو شیلانگ میں شمال مشرقی کونسل (این ای سی) کی گولڈن جوبلی میٹنگ سےخطاب کیا اور خطے میں امن، بجلی اور مواصلات کی جدید سہولیات سمیت ترقی کے۸؍جہتوں پر تبادلہ خیال کیا۔ مودی اس پروگرام میں میگھالیہ کا روایتی لباس پہن کر پہنچے۔
 مودی نے کہا’’اگر کوئی کھلاڑی فٹبال میں اسپورٹس مین شپ کےساتھ نہیں کھیلتا ہے تو اسے ریڈ کارڈدکھا کر باہرکردیا جاتا ہے۔اسی طرح، پچھلے ۸؍ برسوں میں، ہم نے ان طاقتوں کو ریڈکارڈ دکھائے ہیںجنہوں نے شمال مشرق کی ترقی میں رکاوٹ ڈالی ہے۔ہم کرپشن، جانبداری، اقربا پروری، تشدد، نئے منصوبوںکےتعطل اور ووٹ بینک کی سیاست کو ختم کرنےکی مخلصانہ کوششیں کر رہے ہیں۔ لیکن آپ جانتے ہیں کہ ان بیماریوں کی جڑیں بہت گہری ہیں۔ اس لیے مل کر انہیں جڑ سے اکھاڑ پھینکنا ہوگا۔مودی نے اس خطے میںمضبوط ہورہی امن کی فضا کا خاص طور پرذکر کرتےہوئے کہا کہ شمال مشرقی خطہ میں کئی امن معاہدوں پردستخط کیے گئے ہیں، بین ریاستی سرحدی معاہدےکیے گئے ہیں اور انتہاپسندی کے واقعات میں نمایاں کمی آئی ہے۔
 ۱۹۷۲ءمیں باقاعدہ طورسے شروع ہونے والے این ای سی کی اس میٹنگ کومودی نے شمال مشرقی کونسل کی گولڈن جوبلی تقریبات کی علامت کے طور پر بیان کیا۔میٹنگ کے بعد جاری ہونے والی ایک سرکاری ریلیز میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم نے شمال مشرقی خطے کی ترقی میںاین ای سی کے تعاون کو سراہتےہوئے کہا کہ وہ اس خطے کی۸؍ریاستوں کو ’اشٹ لکشمی‘قراردیتے ہیں اوراس کی ترقی کے لئے `۸؍ بنیادی ستونوں امن، بجلی، سیاحت،۵؍جی مواصلاتی رابطہ، ثقافت، قدرتی کھیتی، کھیل، کارکردگی پرتوجہ مرکوز کئے جانے پر زوردیتے ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ شمال مشرق جنوب مشرقی ایشیا کے لیے ہمارا گیٹ وے ہے اور پورے خطے کی ترقی کامرکز بن سکتا ہے اور خطے کی اس صلاحیت کو بروئےکار لانے کے لیے ہند- میانمار - تھائی لینڈ سہ فریقی شاہراہ اور اگرتلہ - اکھاؤرا ریل پروجیکٹ جیسے منصوبوں پر کام جاری ہے۔مودی نے کہا کہ حکومت ’لک ایسٹ‘ یعنی مشرق کی جانب دیکھو والی پالیسی کو ’ایکٹ ایسٹ‘ یعنی مشرق میں کام کرو سے بھی آگے نکل گئی ہے۔ اب حکومت کی پالیسی شمال مشرق  کیلئےتیز کام کرو اورشمال مشرق کے لئے پہلے کام کرو ’ایکٹ فاسٹ فار نارتھ ایسٹ‘اور ’ایکٹ فرسٹ فار نارتھ ایسٹ‘ ہوگئی ہے۔کاربن کے اخراج کو خالص صفر کرنے کی ہندوستان کی وابستگی کا ذکرکرتےہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ شمال مشرق پن بجلی کاپاور ہاؤس بن سکتا ہے۔خطے کی سیاحتی صلاحیت پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خطے کی ثقافت اور فطرت دونوں ہی دنیابھرکے سیاحوں کو اپنی طرف متوجہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس خطے میں سیاحتی سرکٹس کی نشاندہی اور ترقی بھی کی جا رہی ہے۔
 انہوں نے۱۰۰؍یونیورسٹیوں کے طلباء کو شمال مشرق میںبھیجنےپر بھی تبادلہ خیال کیا، جس سے مختلف علاقوںکے لوگوں کو قریب لانے میں مدد ملے گی۔ یہ طلباء پھر خطے کے سفیر بن سکتے ہیں۔خطےمیں سڑک، پل، ریل اور ہوائی رابطوں کی سہولیات کو بڑھانے کے بارے میں بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پُل کے مشہور منصوبے جو دہائیوں سے زیر التوا تھے اب مکمل ہو چکے ہیں۔ پچھلے۸؍برسوں میں خطے میں ہوائی اڈوں کی تعداد نو سے بڑھ کر ۱۶؍ہو گئی ہے اور پروازوں کی تعداد ۲۰۱۴ءسے پہلے تقریباً۹۰۰؍ تھی جو اب  بڑھ کر تقریباً ۱۹۰۰؍ہو گئی ہے۔
 انہوں نے کہا کہ شمال مشرق کی کئی ریاستیں پہلی بار ریلوے کے نقشے پر آئی ہیں اور آبی گزرگاہوں کو وسعت دینے کی کوششیں بھی کی جا رہی ہیں۔ خطے میںقومی شاہراہوں کی لمبائی میں۲۰۱۴ءکے بعد سے۵۰؍فیصد اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ایم ڈیوائن اسکیم کے آغاز کےساتھ، شمال مشرق میں بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں نے مزید رفتار حاصل کی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت آپٹیکل فائبرنیٹ ورک کو بڑھا کر شمال مشرق میں ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی کو بہتر بنانے پر بھی کام کر رہی ہے۔ خود کفیل ۵؍جی انفراسٹرکچر کی ترقی کے بارے میں بات کرتے ہوئے، انہوں نےکہا کہ ۵؍جی سے خطے میں اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم ، سروس سیکٹر سمیت دیگر کے ترقی میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت شمال مشرق کو نہ صرف اقتصادی ترقی بلکہ ثقافتی ترقی کا مرکز بنانے کا عزم رکھتی ہے۔
 وزیر اعظم نے قدرتی کھیتی کے دائرہ کار کا خاکہ پیش کیا، جس میں شمال مشرق اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ شمال مشرقی ریاستوں سے خوردنی تیل پر جاری قومی مشن - آئل پام میں حصہ لینے کی اپیل کی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس شعبے میں ڈرون ٹیکنالوجی کسانوں کو جغرافیائی چیلنجوں پر قابو پانے اور اپنی پیداوارکو مارکیٹ تک لے جانے میں مدد دے سکتی ہے۔مودی نے کہا کہ حکومت شمال مشرق میں ہندوستان کی پہلی اسپورٹس یونیورسٹی کی ترقی کے ذریعہ خطےکےکھلاڑیوں کو مدد فراہم کرنے کی سمت کام کر رہی ہے۔ نیزخطے کی۸؍ ریاستوں میں۲۰۰؍ سے زیادہ کھیلو انڈیا مراکز کو منظوری دی گئی ہے اور خطےکے بہت سے ایتھلیٹس کو ٹاپس اسکیم کے تحت فوائد حاصل ہورہے ہیں۔وزیر اعظم نے ہندوستان کی جی ۲۰؍صدارت پربھی تبادلہ خیال کیا اور کہا کہ اس کی میٹنگوں کے لئے پوری دنیا سے لوگ شمال مشرق میں آئیں گے۔ انہوں نےکہاکہ یہ خطے کی فطرت، ثقافت اور صلاحیت کو ظاہر کرنے کا ایک مناسب موقع ہوگا۔میٹنگ میں مرکزی وزیر داخلہ اور تعاون امت شاہ اور دیگر متعلقہ مرکزی وزراء اور شمال مشرقی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ نے شرکت کی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK