Inquilab Logo

تریپورہ میں ۱۶؍ فروری کو پولنگ ،ناگالینڈ اورمیگھالیہ میں۲۷؍ فروری کو انتخابات ۲؍ مارچ کو نتائج

Updated: January 19, 2023, 12:37 AM IST | new Delhi

الیکشن کمیشن نے شمال مشرقی ریاستوں تریپورہ، میگھالیہ اور ناگالینڈ میں اسمبلی انتخابات کے لئے تاریخوں کا اعلان کر دیا ہے۔

Chief Election Commissioner Rajeev Kumar
چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار

الیکشن کمیشن نے شمال مشرقی ریاستوں  تریپورہ، میگھالیہ اور ناگالینڈ میں اسمبلی انتخابات کے لئے تاریخوں کا اعلان کر دیا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے اس سلسلے میں منعقدہ پریس کانفرنس میںبتایا کہ تریپورہ میں ۱۶؍ فروری کو اور ناگالینڈ  اور میگھالیہ میں ۲۷؍فروری کو ایک ہی مرحلے میں ووٹ ڈالے جائیں گے۔ اس اعلان کے ساتھ ہی تینوں ریاستوں میں انتخابی ضابطہ اخلاق کا نفاذ بھی ہو گیا۔ تینوں ہی ریاستوں میں ووٹوں کی گنتی کے  لئے ۲؍مارچ کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔قابل ذکر ہے کہ الیکشن کمیشن نے گزشتہ اتوار کو میگھالیہ، ناگالینڈ اور تریپورہ ریاستوں کا  ۴؍ روزہ دورہ کیا تھا اور تمام انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد تاریخوں کا اعلان کیا ہے۔ تریپورہ میں جہاں اس وقت بی جے پی کی حکومت ہےوہیں میگھالیہ اور ناگالینڈ میں بی جے پی برسراقتدار اتحاد کا حصہ ہے۔ یعنی تینوں ہی ریاستوں میں بی جے پی حکمراں طبقہ ہے ۔
 پریس کانفرنس کے دوران چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے کہا کہ ناگالینڈ، میگھالیہ اور تریپورہ میں بالترتیب ۱۲؍ مارچ، ۱۵؍مارچ اور ۲۲؍ مارچ کو اسمبلی کی مدت کار ختم ہو رہی ہے۔ تینوں ریاستوں میں  ۶۰۔۶۰؍ سیٹیں ہیں  ۔ان تینوں ہی ریاستوں میں خواتین کی ووٹنگ میں شراکت داری زیادہ رہی ہے۔ چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے یہ معلومات بھی فراہم کی کہ ناگالینڈ میں ۲۳۱۵؍،میگھالیہ میں ۳۴۸۲؍ اور تریپورہ میں۳۳؍سو  سے زائد   پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں۔جہاں تک گزشتہ اسمبلی انتخاب کی بات ہے، میگھالیہ میں کانگریس ۲۱؍ سیٹوں پر جیت حاصل کرنے کے ساتھ سب سے بڑی پارٹی بنی تھی لیکن  بی جے پی نے ساز باز کرکے یہاں حکومت بنالی تھی۔  ناگالینڈ میں این پی ایف نے سب سے زیادہ ۲۶؍ سیٹیں حاصل کی تھیں جبکہ بی جے پی کو ۱۲؍ سیٹیں ملی تھیں۔ تریپورہ میں  بی جے پی ۳۶؍ سیٹوں کے ساتھ سب سے بڑی پارٹی بنی تھی۔

election Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK